پاکستان نے مودی ایجنڈے سے آگاہ کرنے کیلئے موثرسفارتی مہم شروع کردی


\"modi\"

کراچی:وفاقی حکومت نے پاکستان میں جاسوسی کرنے والے بھارتی سفارتکاروں کے معاملے پرعالمی برادری کوبھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے ایجنڈے سے آگاہ کرنے کیلئے موثر سفارتی مہم کاآغاز کردیا۔ اس حوالے سے حکام نے سفارتی رابطوں کے ذریعے امریکا،چین اور دیگر اہم ممالک کو اس صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔پاکستان اور چین سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں کا معاملہ جلد باہمی مشاورت سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھائیں گے اوربھارت کے خلاف عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے قراردادپیش کی جاسکتی ہے۔وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ان ممالک کو کہا ہے کہ پاکستان کوعدم استحکام کرنے کے حوالے سے مودی حکومت مسلسل سازشوں میں مصروف ہے، اس صورت حال کے سبب خطے میں عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے جس کاذمے دار بھارت ہوگا۔ ان ممالک نے پاکستان کوعندیہ دیاہے کہ وہ اس معاملے پر بھارت سے بات کریں گے اورسفارتی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیں گے۔وفاقی حکومت کے اہم ذرائع کے مطابق پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازشوںسے چینی حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ چین نے مودی حکومت کوسخت سفارتی پیغام بھیجاہے کہ بھارت سی پیک منصوبے کے خلاف اپنی سازشیں بند کردے بصورت دیگریہ معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے گا،اگربھارت باز نہ آیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا ہوسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی، سی پیک کی سیکیورٹی میں مذید اضافہ کیا جائے گا۔

Facebook Comments HS