بالی وڈ اداکار عرفان خان آئی سی یو میں زیر علاج


بالی وڈ اداکار عرفان خان ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ انہیں آئی سی یو میں کیوں داخل کروایا گیا ہے۔ ہسپتال نے بھی صرف ان کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل کیے جانے کے علاوہ کوئی اور تفصیل بتانے سے انکار کر دیا ہے۔ عرفان کے رشتہ داروں میں سے کسی نے بھی اس دوران باضابطہ طور پر بات کرنے سے منع کر دیا ہے۔

ایک قریبی ذرائع نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ طبیعت زیادہ بگڑ جانے کی وجہ سے ہی انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

54 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر سے متاثر ہونے کی وجہ سے علاج کروانے لندن گئے تھے۔ وہ گزشتہ برس علاج مکمل کروا کر ممبئی واپس لوٹے تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کی فلم ‘انگریزی میڈیم’ کی شوٹنگ کے دوران بھی عرفان کی طبیعت اکثر بگڑ جایا کرتی تھی۔ ایسے میں پوری یونٹ کو کئی بار شوٹنگ روکنی پڑتی تھی۔ جب عرفان بہتر محسوس کرتے تھے تب شاٹ لیا جاتا تھا۔

گزشتہ دنوں عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں انتقال کر گئیں۔ ملک گیر لاک ڈاوٴن کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

2018 میں جب عرفان کو اپنے اس مرض میں مبتلہ ہونے کے بارے میں پتا چلا تھا تو عرفان خان نے خود اپنے مداحوں کو اس بارے میں بتایا تھا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا تھا ‘زندگی میں اچانک کچھ ایسا ہو جاتا ہے جو آپ کو آگے لے کر جاتا ہے۔ میری زندگی کے گزشتہ چند برس ایسے ہی رہے ہیں۔ مجھے نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ہو گیا ہے۔ لیکن میرے آس پاس موجود لوگوں کے پیار اور طاقت نے مجھ میں امید پیدا کی ہے۔’

مرض کے بارے میں پتا چلتے ہی عرفان خان علاج کے لیے لندن چلے گئے تھے۔ عرفان تقریباً ایک برس وہاں رہنے کے بعد مارچ 2019 میں انڈیا واپس لوٹ آئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp