پاکستان میں کرونا کی اوسط شرح اموات 6 فیصد ہے، پختونخوا میں 14 فیصد


یہ سمجھا جا رہا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے مریضوں میں موت کی شرح صرف دو فیصد ہے، لیکن اعداد و شمار پر غور کیا جائے اور صرف ان کیسز کو دیکھا جائے جن کا نتیجہ صحت یابی یا موت کی صورت میں نکل آیا ہے تو شرح اموات چھے فیصد دکھائی دیتی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد آج صبح 113,702 بتائی گئی۔ ان میں سے 75,139 کیس ابھی تک ایکٹو ہیں اور ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ جبکہ 38,563 مریضوں کا کیس کلوز ہوا ہے۔

ان میں سے 36,308 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔ جبکہ 2,255 نے وفات پائی ہے۔ یوں وفات پانے والوں کی تعداد کل مصدقہ کیسز کا تو 2 فیصد ہے لیکن اگر ان کیسز کو دیکھا جائے جن کا نتیجہ نکلا ہے تو ان کے لحاظ سے کرونا کے 94 فیصد مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور چھے فیصد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

حکومت پاکستان اور عالمی محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق لوگوں سے ملنے جلنے میں احتیاط کریں، غیر ضروری طور پر گھر سے مت نکلیں، باہر نکلنا ہو تو ماسک ضرور استعمال کریں، ہاتھ کثرت سے صابن سے دھوئیں اور سینی ٹائزر جیب میں رکھیں۔ پرہجوم جگہوں پر جانے سے احتراز کریں۔

صوبہ پختونخوا میں صورت حال زیادہ بری دکھائی دیتی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وہاں کل 14527 افراد کرونا کے مصدقہ مریض ہیں۔ ان میں سے اب تک 3631 صحت یاب ہوئے ہیں اور 610 وفات پا گئے ہیں۔ یوں کلوزڈ کیسز کی تعداد 4241 بنتی ہے جن میں سے 14 فیصد جانبر نا ہو سکے اور 86 فیصد صحت یاب ہوئے۔

سب سے زیادہ بہتر صورت حال گلگت بلتستان اور بلوچستان کی ہے جہاں 98 فیصد افراد مکمل صحت یاب ہوئے اور 2 فیصد کی وفات ہوئی۔ اعداد و شمار حکومت کی کرونا ویب سائٹ سے لیے گئے ہیں۔
http://covid.gov.pk/


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments