معروف پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم کا امریکہ میں انتقال ہو گیا
معروف پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم کا امریکہ میں انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 85 برس تھی۔
صبیحہ خانم پاکستانی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین ناموں میں سے تھیں جنھوں نے نہ صرف اپنی اداکاری سے لوگوں کے دل موہ لیے تھے بلکہ انھیں متعدد بار نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔
50 اور 60 کی دہائی میں فلم انڈسٹری نے ان کا عروج دیکھا جس دوران انھوں نے سپر ہٹ فلموں میں کام کیا جیسے کنیز، مکھڑا، انوکھا، تہذیب۔ انھوں نے اپنی اداکاری کے جوہر 80 اور 90 کی دہائی میں بھی دکھائے اور اس دوران بھی کئی ایوارڈ یافتہ فلموں میں کام کیا۔
ان فلموں میں صبیحہ خانم نے مرکزی کردار ادا کیے جس میں اکثر ان کے ساتھ کام کرنے والے ان کے شوہر سنتوش کمار ہوتے تھے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اس کے علاوہ صبیحہ خانم کے کریڈٹ پر کئی ٹی وی ڈرامے بھی ہیں۔
حکومت پاکستان نے صبیحہ خانم کو ان کی کارکردگی پر 1986 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔
انتقال کی خبر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے ٹویٹ میں کہا کہ انھیں صبیحہ خانم کی موت کا بہت افسوس ہے اور اس وقت کا ذکر کیا جب انھوں نے واشنگٹن میں اداکارہ سے ملاقات کی تھی اور بتایا کہ وہ کتنی دلکش تھیں۔
Very sad to hear of Sabiha Khanum passing. Was privileged to meet her at a reception in Washington some years ago. She was the epitome of grace even then,and loved hearing that many of us had seen her movies. She and husband Santosh were Pk’s full on matinee idols in the 60s pic.twitter.com/fntU3Cx0Rl
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) June 14, 2020
محقق اور تجزیہ نگار عائشہ صدیقہ نے بھی ٹویٹ میں اپنے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بہت قابل اداکارہ تھیں۔
اداکار علی رحمان خان نے بھی ٹویٹ میں کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری نے اپنے عظیم ترین ناموں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔
Our industry has lost one of its greatest. A true legend of the silver screen. The beautiful Sabiha Khanum Sahiba passed away today. May her soul Rest In eternal Peace. #RIPSabihaKhanum pic.twitter.com/zig772onS4
— Ali Rehman Khan (@alirehmankhan) June 13, 2020
ایک اور صارف فریڈی نے لکھا کہ صبیحہ خانم 50 اور 60 کی دہائی میں پاکستان میں کی شاید سب سے مقبول اداکارہ تھیں اور ان کی اپنے شوہر کے ساتھ جوڑی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
صارف ثنیا کرن لکھتی ہیں کہ انھیں صبیحہ خانم کا وہ انٹرویو یاد ہے جس میں ان سے پوچھا گیا کہ انھوں نے سنتوش کمار سے شادی کیوں کی حالانکہ ان کی ایک بیوی اور ایک اولاد تھی، تو اس پر صبیحہ خانم نے جواب دیا کہ عشق کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہوتی۔
https://twitter.com/KiranSuniya/status/1272012361487048704

