جولائی کے آخر تک پاکستان میں 10 سے 12 لاکھ کرونا متاثرین ہوسکتے ہیں: اسد عمر


پاکستان کے وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو جولائی کے آخر تک ملک میں 10 سے 12 لاکھ متاثرین ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ: ’جب وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی تو ساتھ تاکید کی گئی کہ حفاظتی تدابیر پر عمل سے کورونا کا پھیلاؤ کم ہوگا ورنہ تیزی آئے گی۔‘
’بد قسمتی سے یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ جون کے وسط تک تقریباً ڈیڑھ لاک متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ: ’اگر تبدیلی نہ کی گئی تو ماہرین بتا رہے ہیں کہ جون کے آخر تک دگنا اضافہ ہوچکا ہوگا۔ مطلب یہ تعداد تین لاکھ بھی ہو سکتی ہے۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ ’اسی طرح ماہرین کی رائے ہے کہ جولائی کے آخر تک یہ تعداد 10 سے 12 لاکھ تک جا سکتی ہے۔ مطلب سات سے آٹھ گنا تک اضافہ۔ ۔ ۔ یہ پریشانی کی بات ہے۔‘
اسد عمر نے کہا کہ تحقیق کے مطابق ماسک پہننے سے وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آسکتی ہے۔

اسد عمر: وزیر اعظم صرف آپ کو ڈرانے کے لیے نہیں کہہ رہے تھے

پاکستان کے وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پہلے دو ماہ تک عوام نے نظم و ضبط دکھایا لیکن اس کے بعد ایسا نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے روزبروز متاثرین میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ: ’انڈیا میں تیزی سے اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ہم صرف کورونا کے پھیلاؤ کی رفتار کم کر سکتے ہیں۔‘

اسد عمر کا کہنا تھا کہ جولائی کے آخر تک صوبوں میں دو ہزار مزید آکسیجن والے بستروں کا انتظام کیا جائے گا۔ سندھ میں 500، خیبر پختونخوا میں 400، پنجاب 500، بلوچستان 200، گلگت بلتستان میں 40، کشمیر میں 60 اور اسلام آباد میں 450 مزید بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ ’صحت کے نظام کو بڑھانے کا کام جاری ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کے نظام کو بڑھانا بھی اہم ہے۔ ’ہم پہلے 500 ٹیسٹ کرتے تھے اور آج تقریباً 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ ہو رہے ہیں۔ صلاحیت اس سے بھی زیادہ موجود ہے۔‘
’آج فیصلہ کیا ہے کہ اگلے 4 سے 6 ہفتوں کے دوران ہم ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ روزانہ کی صلاحیت حاصل کر لیں گے۔ اور روز کم از کم ایک لاکھ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔‘

اسد عمر نے بتایا کہ اگر وبا کے پھیلاؤ میں کمی نہ لائی گئی تو کوئی بھی نظام مفلوج ہو سکتا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’دو ماہ تک قوم نے نظم و ضبط دکھایا لیکن اب ایسا نہیں ہو رہا۔ ۔ ۔ وزیر اعظم صرف آپ کو ڈرانے کے لیے متنبہ نہیں کر رہے تھے۔‘
ان کا اشارہ وزیر اعظم عمران خان کی ان تقاریر کی جانب تھا جن میں وہ عوام سے سماجی فاصلہ اختیار کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32485 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments