کراچی، لاہور، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد کے مختلف مقامات کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: این سی او سی نے ملک بھر سے کرونا ہاٹ اسپاٹ 20 شہروں کے مقامات کی نشاندہی کر دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے تحت ملک بھر کے 20 مقامات کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سوات، حیدرآباد، سکھر، سیالکوٹ، گجرات، گھوٹکی، لاڑکانہ کے مختلف مقامات کورونا ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے ہیں۔

ترجمان این سی اوسی کا کہنا تھا کہ خیرپور، ڈی جی خان، مالاکنڈ اور مردان کے مختلف علاقے بھی کورونا سے بہت زیادہ متاثر قرار دیے گئے ہیں جب کہ اسلام آباد میں جی نائن، ٹو، تھری سیل کردیے گئے اور کراچی کی ایک کمپنی (ایکسپریس کی خبر سے واضح نہیں ہے کہ یہ جی نائن مرکز کراچی کمپنی ہے یا کراچی کا کوئی تجارتی ادارہ) بھی 300 سے زیادہ کیسز آنے پر سیل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آئی ایٹ، آئی ٹین، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی سکس، جی سیون بھی نئے ہاٹ اسپاٹ بن گئے، ان نئے ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ جاری ہے جو کبھی بھی سیل کیے جا سکتے ہیں۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

دنیا نیوز نے اس بارے میں مندرجہ ذیل خبر دی ہے:

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 54 ہزار 138، سندھ میں 53 ہزار 805، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 13، بلوچستان میں 8 ہزار 177، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129، اسلام آباد میں 8 ہزار 569 جبکہ آزاد کشمیر میں 647 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 97 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 85 نئے ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 53 ہزار 721 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 729 ہو گئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 31، سندھ میں 831، خیبر پختونخوا میں 675، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Facebook Comments HS