سوشانت سنگھ کی موت، بالی وڈ کی اقربا پروری پر سوشل میڈیا منقسم


سوشانت سنگھ اداکارہ بھومی پڈنیکر کے ساتھ

سوشانت سنگھ اداکارہ بھومی پڈنیکر کے ساتھ

انڈیا میں بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی جواں سال خودکشی نے ایک بحث چھیڑ دی ہے۔ اس بحث نے بالی وڈ کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے اور یہ مباحثہ جاری ہے کہ بالی وڈ میں بظاہر دو خیمے ‘باہر والے’ اور ‘اندر والے’ ہیں۔

بہت سے صارفین نے بالی وڈ میں پھیلی اقربا پروری کو سوشانت سنگھ کی خود کشی کی وجہ قرار دیا ہے جبکہ بعض نے اسے ‘الزام تراشی کا گیم’ قرار دیا ہے۔ کئی لوگوں نے سوشانت کی موت کو قتل قرار دیا ہے جن میں سوشانت سنگھ کے چچا اور ان کے علاوہ بہار کی علاقائی پارٹی جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ پپو یادو نے سی بی آئی کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

چنانچہ گذشتہ روز سے سوشل میڈیا پر اس کے تعلق سے مختلف ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرتے نظر آئے جن میں ‘جسٹس فار سوشانت سنگھ’، ‘نیپوٹزم ان بالی وڈ’، ‘کرن جوہر’، کنگنا راناوت’، ‘خانز اینڈ کرن جوہر’، ‘بائیکاٹ کرن جوہر گینگ مووی’، ‘بائیکاٹ فیک سٹارز’ اور ‘سلمان خان’ اہم تھے۔

اداکارہ کنگنا راناوت نے سوشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد ایک انسٹا گرام پوسٹ میں ان کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بالی وڈ نے قدر نہیں کی ان کے فن کا اعتراف نہیں کیا۔

انھوں نے سٹینڈفورڈ سکالرشپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ‘وہ رینک ہولڈر تھے۔ ان کا ذہن کمزور کیسے ہو سکتا تھا۔ اگر آپ ان کے آخری چند پوسٹ دیکھیں تو وہ صاف طور پر گڑگڑا رہے ہیں کہ ‘میری فلمیں دیکھو، میرا کوئی گاڈ فادر نہیں ہے۔ مجھے انڈسٹری سے باہر کر دیا جائے گا۔’

انھوں نے مزید کہا: ‘ان کی فلم کے لیے ان کی صلاحیت کا اعتراف نہیں کیا گیا۔ ‘کیدارناتھ’، ‘چھچھورے’، ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری’ جیسی فلموں کے لیے انھیں کوئی ایوارڈ نہیں ملا اور ‘گلی بوا’ جیسی فلم سارے ایوارڈز لے گئی۔’

ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث چل پڑی اور بالی وڈ میں اقربا پروری کا موضوع پھر سے چل پڑا کیونکہ کئی سال قبل کنگنا راناوت نے کرن جوہر کے ہی شو میں ان پر اقربا پروری کا الزما عائد کیا تھا اور کرن جوہر نے بھی اپنے انداز میں مختلف مقامات پر اس کا جواب دیا تھا۔

ڈاکٹر سرکاسٹک ایس نامی صارف نے کنگنا کے بیان کو سوشل میڈیا پر ڈالتے ہوئے لکھا: ‘اقربا پروری کے رہنما کرن جوہر، عالیہ بھٹ، یہاں تک کہ سونم کپور کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے کنگنا راناوت آپ کا شکریہ۔ انھوں نے گلی بوا کو سارے ایوارڈ دے دیے اور ہرش وردھن کپور کو نئے ایکٹر کا ایوارڈ دیا جبکہ وکی کوشال نے مسان میں بہترین اداکاری کی۔’

ہر چند کہ کرن جوہر نے سوشانت کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے لیکن سوشل میڈیا ان کو بخشتا نظر نہیں آتا۔

کانگریس رہنما سنجے نیروپم کے بیان نے اس خودکشی کے واقعے کو نیا موڑ دے دیا۔ انھوں نے ٹویٹ کیا: چھچھورے کی کامیابی کے بعد سوشانت سنگھ نے سات فلمیں سائن کی تھیں۔ چھ مہینوں میں ان کے ہاتھ سے ساری فلمیں نکل گئی تھیں کیوں؟ فلم انڈسٹری کی بے رحمی دوسری ہی سطح پر کام کرتی ہے۔ اسی بے رحمی نے ایک باصلاحیت فن کار کو مار ڈالا۔۔۔’

اپنے زمانے کے صدا بہار اداکار دھرمیندر نے بھی فلم انڈسٹری کی بے رحمی کا ذکر کرتے ہوئے سوشانت سنگھ کے حوالے سے لکھا: ‘پیارے سوشانت، نہ فلم دیکھی نہ کبھی ملا تم سے۔۔ لیکن تیرے اچانک چلے جانے سے صدمہ پہنچا!!! یہ خوبصورت محبوب ‘شو بزنس’ بہت ہی ظالم ہے۔ میں تمہارے ناقابل برداشت درد کو سمجھ سکتا ہوں۔۔۔’

دوسری جانب اپنے زمانے کی کامیاب اداکارہ روینہ ٹنڈن نے فلم انڈسٹری میں موجود خیموں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا: ‘مین گرل’ گینگ آف انڈسٹری۔ خیمے یقینا وجود رکھتے ہیں۔ ہیروز، ان کی گرل فرینڈز، صحافیوں، چمچوں اور کریئر کو ختم کردینے والی جھوٹی کہانیوں کی وجہ سے فلموں سے نکالے جانے پر مذاق کا نشانہ بننا۔ بعض اوقات کریئر ختم ہو جاتے ہیں۔ آپ تیرتے رہنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ کچھ لڑ کر واپس آتے ہیں اور کچھ نہیں۔ #پرانے زخم تازہ ہو گئے۔’

فلم ٹریڈ کے تجزیہ نگار سومیت کادیل نے لکھا: ‘اقربا پروری پر میری دو باتیں۔ یہ ہر شعبے اور صنعت میں موجود ہے ہمیں اس سے پریشانی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ بالآخر حق دار صلاحیت کی جیت ہوتی ہے۔ مسئلہ اس وقت اٹھتا ہے جب ایک باہری بھرپور صلاحیت کے باوجود بغیر کسی وجہ کے انڈسٹری میں کنارے کر دیا جاتا ہے اور پریشان کیا جاتا ہے۔’

اداکارہ سونم کپور کو بھی اس اقربا پروری کے معاملے میں ٹرول کیا جا رہا ہے تاہم انھوں نے اس بحث میں خود حصہ لیتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘کسی کی موت کے لیے گرل فرینڈ، سابق گرل فرینڈ، فیملی، کولیگز کو ذمہ دار ٹھہرانا نا سمجھی ہے اور انتہائی گھٹیا سوچ ہے۔’

بہت سے لوگوں نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا تعلق فلمی گھرانے سے نہ ہوتا یا وہ انیل کپور کی بیٹی نہ ہوتیں تو ان کا فلموں میں کوئی کریئر تھا کیا؟

جہاں لوگ کرن جوہر، سلمان خان، عالیہ بھٹ اور سونم کپور کو ٹرول کر رہے ہیں وہیں بہت سے لوگ کنگنا راناوت کو بھی ‘موقع پرست’ کہہ کر ٹرول کر رہے ہیں۔

فلم اداکارہ اور ٹوئٹر پر سرگرم رہنے والی سوارا بھاسکر نے اس مباحثے پر لکھا: ‘ٹوئٹر کا ایک حصہ کرن جوہر اور عالیہ بھٹ پر سوشانت کی ٹریجک خودکشی کا الزام کسی بے مقصد چیٹ شو پر کسی بے کار سے کھیل کی بنیاد پر لگا رہے ہیں اور آج جو تمام لوگ بالی وڈ میں اقربا پروری کی پرورش پر بول رہے ہیں یہ بے وقوفی اور منافقت کی انتہا ہے۔’

اس کے جواب میں صحافی اور مصنف زینب سکندر نے لکھا: ‘سوارا یہ آپ کے لیے سلی چیٹ شو ہو سکتا ہے اور اپ کا حس مزاح یا موٹی جلد ہو سکتی ہے کہ آپ اس سے متاثر نہ ہوں۔ لیکن بعض کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ اور صرف اس لیے کہ آپ بڑے پروڈیوسر ہو تو آپ نیشنل ٹی وی پر آ کر لوگوں ‘درجہ بندی’ نہیں کر سکتے۔ ہم میں سے زیادہ تر اسے منافقت اور زہرافشانی کہہ رہے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp