فیس بک کا ممکنہ طور پر ’ضرر رساں مواد‘ پر لیبل لگانے کا اعلان


فیس بک

اب تک 90 سے زائد اشتہار دہندگان فیس بک کے بائیکاٹ میں شریک ہو چکے ہیں

فیس بک نے کہا ہے کہ وہ اب اُن ممکنہ طور پر ضرر رساں پوسٹس پر لیبل لگانے شروع کرے گا جنھیں وہ ان کی ابلاغی قدر اور اہمیت کی وجہ سے اپنے پلیٹ فارمز سے نہیں ہٹاتا۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا کمپنی پر اپنے پلیٹ فارم پر مواد کی ماڈریشن، بالخصوص امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹس کے حوالے سے دباؤ ہے۔ اب تک 90 سے زائد اشتہار دہندگان فیس بک کے بائیکاٹ میں شریک ہو چکے ہیں۔

جمعے کو اشیائے صرف بنانے والی کمپنی یونی لیور بھی اس فہرست میں شامل ہوگئی۔ کمپنی کی جانب سے اس کی وجہ امریکہ میں ‘جانبدار انتخابی دور’ کو قرار دیا گیا ہے۔

ڈوو صابن اور بین اینڈ جیریز آئس کریم بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ‘کم از کم’ 2020 میں ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر تشہیر معطل رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیے

’ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں‘، فیس بک کے بانی کا اعتراف

گھر کا چولھا جلانے کے لیے فیس بک کا سہارا

’فیس بک قابلِ اعتبار خبروں کی حوصلہ افزائی کرے گا‘

وکیل: جارج فلائیڈ کو ’سوچ سمجھ کر قتل کیا گیا‘

یونی لیور کا کہنا تھا کہ ‘ان پلیٹ فارمز پر اس دور میں اشتہارات جاری رکھنے سے لوگوں اور معاشرے کی زندگیوں میں مثبت فرق نہیں پڑے گا۔ اگر ضروری ہوا تو ہم اپنے موجودہ مؤقف پر نظرِ ثانی کریں گے۔’

جمعے کو اپنی تقریر میں فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے کمپنی کی جانب سے نفرت انگیز مواد کو ہٹانے کے ریکارڈ کا دفاع کیا۔

انھوں نے یورپی کمیشن کی رواں ماہ جاری ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس کے مطابق فیس بک نے گذشتہ سال 86 فیصد نفر انگیز مواد کو ہٹایا جو کہ اس سے پہلے کے 82.6 فیصد کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

مارک زکربرگ نے کیا کہا؟

انھوں نے کہا کہ کمپنی ‘ہمارے ملک کو درپیش مشکلات کے حقائق ان کے ہمارے معاشرے پر اثرات سے نمٹنے کے لیے’ اپنی پالیسیاں سخت کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کمپنی اُن اشتہارات پر بھی پابندی عائد کر دے گی جو مختلف گروہوں کو نسل یا ان کی امیگریشن کی وجہ سے خطرہ قرار دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ تشدد پر اکسانے والے یا ووٹنگ پر اثرانداز ہونے والے مواد کو بھی ہٹا دیا جائے گا، بھلے ہی وہ کسی سیاستدان کی طرف سے کیوں نہ ہو۔

زکربرگ نے یہ بھی کہا کہ فرم کی جانب سے ان زمروں سے باہر موجود مواد پر ‘پریشان کُن’ کا لیبل لگا دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ‘سال میں چند مواقع ایسے ہوتے ہیں جب ہم ایسے مواد کو بھی سائٹ پر رہنے دیتے ہیں جو ویسے تو ہماری پالیسیوں کے خلاف ہوتا ہے مگر ان سے عوامی مفاد ان سے ہونے والے نقصان کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔ اکثر اوقات ہم یہ دیکھتے ہیں کہ سیاستدان کی تقریر عوامی مفاد میں ہے اور جس طرح ذرائع ابلاغ سیاستدانوں کی باتیں رپورٹ کرتے ہیں، اسی طرح ہمیں لگتا ہے کہ لوگوں کے لیے وہ چیز ہمارے پلیٹ فارمز پر بھی دستیاب ہونی چاہیے۔’

‘ہم جلد ہی ایسے مواد کو لیبل کرنا شروع کر دیں گے کیونکہ ہمیں وہ ابلاغی اعتبار سے قابلِ قدر لگتا ہے، تاکہ لوگوں کو معلوم ہوسکے۔’

فیس بک، یونی لیور،

PA Media
یونی لیور اشیائے صرف بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ہیں اور اس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2020 میں ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر کوئی اشتہار نہیں دے گی

سماجی رابطوں کی ایک اور اہم ویب سائٹ ٹوئٹر پہلے ہی اس سے ملتے جلتے اقدامات لے چکی ہے جن میں سیاستدانوں کی جانب سے اشتہارات پر پابندی اور کچھ اقسام کے مواد پر لیبلز اور وارننگ شامل ہیں۔ اس مواد میں صدر ٹرمپ کی ٹویٹس بھی شامل ہیں۔

ٹوئٹر کی اعلیٰ عہدیدار سارا پرسونیٹ نے کہا کہ ‘ہم نے ایسی پالیسیاں اور پلیٹ فارم کی صلاحیتیں تیار کی ہیں جو عوامی بحث کا تحفظ کریں اور اس کا مقصد پورا کریں، اور ہمیشہ کی طرح ہم دیوار سے لگائے گئے گروہوں کی آوازوں کو بلند کرنے اور پھیلانے کے لیے پرعزم ہیں۔’

جمعے کو فیس بک اور ٹوئٹر دونوں کے شیئرز کی قدر میں سات فیصد سے زیادہ کی کمی ہوئی۔

بائیکاٹ کے چند منتظمین کا کہنا ہے کہ مارک زکربرگ کے وعدے کافی نہیں ہیں۔

کلر آف چینج کے صدر رشاد رابنسن نے کہا کہ ‘مارک زکربرگ کے آج کے خطاب میں ہم نے فیس بک سے ہماری جمہوریت اور ہمارے شہری حقوق کو ہونے والے نقصان سے لڑنے کی ناکام کوشش دیکھی ہے۔’

انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ‘اگر وہ لاکھوں ڈالر کے اشتہارات روک لینے والے بڑے اشتہار دہندگان کو یہ جواب دے رہے ہیں تو ہم ان کی قیادت پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔’

امریکہ میں احتجاج

جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر کے کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا

کمپنیاں فیس بک کا بائیکاٹ کیوں کر رہی ہیں؟

‘منافعے کی خاطر نفرت کو روکو’ کی مہم شہری حقوق کے امریکی گروہوں نے پولیس کی حراست میں امریکی شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد شروع کی تھی۔ اس نے انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک پر اپنی توجہ رکھی ہے جس نے گذشتہ سال اشتہاری منافعے کی مد میں تقریباً 70 ارب ڈالر حاصل کیے تھے۔

منتظمین جن میں کلر آف چینج اور نیشنل ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ فیس بک ‘اپنے پلیٹ فارم پر نسل پرست، پرتشدد اور ثابت شدہ جھوٹے مواد کو کھلی آزادی دیتا ہے۔’

ویرائزن اور پیٹاگونیا سمیت 90 سے زائد کمپنیاں اس مہم میں شامل ہیں اور یہ فہرست سلیپنگ جائنٹس نامی ایک تنظیم نے تیار کی ہے جو بائیکاٹ کے منتظمین میں سے ہے۔

ای مارکیٹر کی تجزیہ کار نائیکول پیرین نے کہا کہ اس بائیکاٹ کے فیس بک پر مالی اثرات کا اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ وبا کے دوران اشتہار کے طریقوں میں بہت تبدیلی آئی ہے۔

مگر وہ کہتی ہیں کہ یونی لیور کا اعلان اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ضرورت سے زیادہ طویل عرصے اور زیادہ پلیٹ فارمز پر اشتہارات کو معطل کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘صارفین کے پیدا کردہ مواد سے چلنے والے پلیٹ فارمز کے ساتھ یہ بنیادی مسئلہ ہے، کسی بھی ایسے پلیٹ فارم پر جہاں سیاسی اظہار کی آزادی ہو، وہاں تفریق و تقسیم متوقع ہوتی ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp