رجائیت کی پیام بر۔۔۔ڈاکٹر نگہت نسیم


ڈاکٹر نگہت نسیم کا شمار ادو شعروادب کی نمایاں شخصیات میں ہوتا ہے۔ اردو شاعری سے بھی پہلے انھوں نے اردو افسانے میں اپنے تخلیقی جوہر دکھائے۔ فرد اور معاشرے کی نفسیات پر گہری نظر رکھنے کے باعث ان کی تحریروں میں شعور اور لاشعور کی گرہیں کھلتی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے افسانوں کے کردار افسانوی دنیا کی بجائے حقیقی دنیا کے کردار ہیں جو اردگرد کے ماحول سے کشید کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر نگہت نسیم کی شاعری میں بھی من اور تو کا فرق ختم ہوتا نظر آتا ہے۔

ان کی شاعرانہ شخصیت عقیدت و محبت کی مٹی سے گندھی ہے جو حرف حرف عشق و محبت کی کہانی سناتی ہے۔ مجھے یہ کہنے میں عار نہیں کہ ڈاکٹر نگہت نسیم بذات خود سراپا عشق ہیں اور ان کے ایک ایک لفظ میں خالق اور تخلیق کے عشق کی لازوال داستان نظر آتی ہے۔ کائنات کی حقیقت کا سراغ لگاتی ’اپنی اصل کو کھوجتی اور تجسس کے اس سفر میں اپنے قارئین کو شریک کرتی ہوئی ڈاکٹر نگہت نسیم دراصل یاسیت کی دھند میں لپٹے اس ماحول میں رجائیت کی پیام بر ہیں۔

ناکامی‘ نا امیدی اور مایوسی میں گھرے ذہنوں کے لیے امید اورخوشی سے بھرپور زندگی کی نوید۔ بیرون ملک میں پاکستان کی ایسی سفیر جو مریضانہ ذہنیت کے خاتمے کے لیے ہر دم کوشاں ہیں۔ ہر لمحے سے زندگی کشید کرنے کی خواہاں اور پھر اس زندگی کے سارے رنگوں کواپنے پیاروں میں تقسیم کرتے ہوئے جو خوشی ان کے چہرے پر نظر آتی ہے اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ احساس کم تری کا شکار ’سب کچھ سمیٹ کر اپنی جھولیاں بھرنے کی ہوس میں کوشاں نام نہاد ارباب اختیار کے سامنے کلمۂ حق کہنے والی اس تخلیق کار کے لیے لفظ کی حرمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔

خالق‘ تخلیق اور ڈاکٹر نگہت نسیم۔ ۔ ۔ ایک ایسی مثلث ہے جس کے تعلق کو سمجھے بغیر ان کی شخصیت اور تخلیقات کا ہر مطالعہ ادھورا ہے۔ مادیت کے اس دور میں مذہب کا دامن مضبوطی سے تھامے ’اپنے الفاظ کو نہایت دل کش اور موثر پیرائے میں بیان کرتی یہ تخلیق کار بلاشبہ پاکستان اور اردو کی ایک ایسی مثبت تصویر ہے جو تعفن زدہ ماحول میں بھینی بھینی مہک کا احساس دلاتی ہے۔ انسانیت اورانسان دوستی ان کے حرف حرف سے عیاں ہے۔

مصائب میں بھی چہرے پر مسکراہٹ سجائے ملتی یہ تخلیق کار قدرت کا انمول تحفہ ہے۔ کبھی تنہائی میں اور کبھی ہجوم میں۔ ۔ ۔ حقیقت کی تلاش میں سرگرداں‘ زندگی کا مفہوم سمجھنے کی دھن میں مگن اور تلاش کے اس سفر میں کائنات کے حسین مناظر سے سرگوشیاں کرتی یہ شاعرہ اور مصنفہ قاری کے ذہن و قلب پر اثرانداز ہونے کا ہنر بخوبی جانتی ہے۔ نگہت آپا! آپ کی صحت ’سلامتی اور خوشیوں کے لیے بہت دعا۔ ایسے ہی لکھتی رہیں اور ہمارے شعور کی پرتیں کھولتی رہیں کہ ہمیں جینے کے لیے زندگی کے روشن پہلو دیکھنے کی طلب ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments