سنت ابراہیمی اور لطیفے


میرے بیٹے کو کافی دن سے ہلکا ہلکا بخار تھا چھوٹے موٹے گھریلو ٹوٹکوں سے جب افاقہ نہ ہوا تو میں نے اس کا مکمل چیک اپ کروانے کا ارادہ کیا اور اپنے بیٹے کو شہر کے بڑے ڈاکٹر کے پاس لے گیا۔ ڈاکٹر نے اس کا بخار اور علامات دیکھ کر کچھ ٹیسٹ تجویز کردیے۔ باتوں باتوں میں ڈاکٹر نے ملیریا اور ٹائیفائڈ کی طرف اشارہ بھی کیا۔ مجھے کافی پریشانی لاحق ہوئی نو سال کا میرا بیٹا ہلکے ہلکے بخار میں ہمیشہ مبتلأرہتا کھانا بھی ٹھیک طرح سے نہیں کھاتا تھا۔

اور سب سے پریشان کن بات یہ تھی کہ اس کی والدہ کو ایک طویل عرصہ یرقان کا مرض لاحق رہا ہے اس لیے اسے یرقان ہونے کا بھی قوی اندیشہ تھا۔ بہرحال میں نے اپنے بیٹے کے یرقان سمیت سارے ٹیسٹ کروانے کا ارادہ کیا۔ لیبارٹری پہنچ کر ٹیسٹ کے لیے خون کا سیمپل دینے کی باری آئی جیسے ہی لیبارٹری والے لڑکے نے میرے بیٹے کے بازو پر خون لینے کے لیے سوئی رکھی مجھے لگا کسی نے میرے دل میں سینکڑوں سویاں پیوست کردی ہوں۔ میرے بیٹے کا ضبط میری پلکوں پہ تیرنے لگا بیشک فادی رویا نہیں لیکن مجھے پریشانی سے بچانے کے لیے اس کا اس طرح درد کو سہہ جانا میری برداشت سے باہر تھا۔

میرا دل چاہا ممکن ہوتو اس جگہ میں چیخ ماردوں۔ فادی کے نہ رونے کی وجہ اس کا یہ یقین تھا کہ میں کمانڈو کا بیٹا ہوں اور کمانڈو کے بچے بہادر ہوتے ہیں۔ یہ ساری تمہید باندھنے کا مقصد صرف یہ عرض کرنا ہے کہ اس وقت کیا صورتحال ہوگی جب حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے جگرکے ٹکڑے کو اللہ کی رضا کے لیے قربان کرنے کی خاطر گھر سے لے کر نکلے ہوں گے۔ نوعمر حضرت اسماعیل علیہ السلام کا کیسا ضبط ہوگا جو انھوں نے اللہ کی رضا اور والد کی خوشی کے لئے کیا ہوگا۔

یہ قربانی ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں سبق ہمیں دیتی ہے اور ایک ہم ہیں کہ قربانی پہ قربانی کے جانوروں پہ قربانی کے گوشت پہ قربانی کے جانوروں کی الائشوں پہ لطیفے بناتے ہیں۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہماری زندگی کا مقصد محض ہنسنا اور ہنسانا رہ گیا ہے۔ اس قربانی کے دن کو اگر سمجھنے کی کوشش کی جائے تو یہ اللہ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے جو اس دن وہ غفورالرحیم ہم سے گائے بکروں کی قربانی مانگتا ہے ورنہ وہ ہرچیز پرقدرت رکھنے والی ذات ہے اور ہم اس کے کسی بھی حکم سے راہ فرار حاصل نہیں کرسکتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments