جماعت اسلامی کے صالحین کے لئے صرف سوکھی کھجوریں


\"wisi-baba\"

پرویز مشرف سے صدارت ایسے چھڑوائی گئی تھی جیسے بچے سے فیڈر چھڑایا جاتا ہے، دو لگا کر۔ اتنے پر ہی بس نہ کی ظالموں نے انہیں عدالت میں بھی گھسیٹ لیا۔ لوگوں نے آنکھیں پھیر لیں۔ اکیلے بیٹھ کر طبلہ بجایا کرتے تھے۔ طبلہ اتنا برا بجاتے تھے کہ طبلے کا اپنا دل کرتا تھا کہ الٹا ان کے ساتھ یہی کرے۔

طبلہ بجاتے کوئی غلط سر لگایا ہوگا دماغ کا فیوز اڑا ہو گا۔ مشرف نے سوچا کہ دہشت گرد پاکستان سے تب بھاگ گئے جب ان کی کمر توڑی گئی۔ بس یہ خیال آیا نہیں اور مشرف نے نعرہ لگایا نہیں کہ ہائے میری کمر۔ قصہ مختصر انہوں نے باہر پہنچ کر دم لیا۔ اب وہاں سے ان کی ایک کمر مٹکاتی آئٹم کرتی ویڈیو آئی ہے۔

مشرف کے بزرگ دلی کی نہر والی حویلی سے پاکستان آئے تھے۔ نہر والی حویلی میں ان کے اجداد کوچہ نمک حراماں سے بھاگ کر آئے تھے۔ خیر ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔ مشرف صاحب اپنے کوچہ نمک حراماں سے تعلق کی وجہ سے ہی اک حلال دہ بیان دے بیٹھے ہیں۔ اس بیان نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق صاحب کا دل توڑ کر رکھ دیا ہے۔

سراج الحق صاحب پاکستان کے قومی درویش ہیں۔ جب عالمی ادارے ہمیں امداد دینے سے بالکل انکاری ہو جائیں، تو ہم امیر صاحب کو دکھا کر بھی امداد کی اپیل کر سکتے ہیں۔ سراج الحق صاحب اتنے ایماندار اور نیک ہیں کہ تقریبا ولی کے درجے پر فائز کر رکھا ہے انہیں صالحین نے۔

\"siraj-tony2\"مشرف نے کہا ہے کہ شاہ عبداللہ نے ان کے اکاؤنٹ ایک ارب دو ارب ڈال دیے تھے۔ سراج الحق یہ پڑھ کر غصہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے فرمایا ہے کہ جس کو دیکھو اس کی جائیداد کہانی کے پیچھے ایک عرب شہزادہ نکل آتا ہے۔ کسی کو فلیٹ شاہوں نے لے کر دیے ہیں۔ کسی کے اکاؤنٹ میں پیسے ڈال دیے ہیں۔ ہمیں دی ہے تو صرف سوکھی کھجور۔

سراج الحق صاحب سچے ہیں۔ بدو شیخوں نے آدھا منہ ہلایا تھا۔ بس اتنا ہی کہا تھا یا اخیر ہذا روس شیطان فی افغانستان، انوں پہلے کٹو فر کڈو۔ صالحین نے روس کی افغانستان میں بینڈ بجا دی تھی۔ آدھا یورپ آزاد ہو گیا روس کے اپنے پندرہ ملک بن گئے۔ لگتا یہ ہے اس عظیم کارنامے پر صالحین کو ایک عدد کھجور دی گئی۔ افغان جہاد میں ڈالر کمانے والی بس کہانیاں ہی ہیں جو شرپسندوں نے پھیلائی ہیں۔

اس بات کو یہیں چھوڑتے ہیں اپنا قصہ سناتے ہیں۔ ہماری ایک کرکٹ میچ کے دوران لڑائی ہو گئی۔ اس میں ہماری کافی مناسب ٹکور بھی ہو گئی سب دوستوں کی۔ ہمارے مشر ملک صاحب نے اس لڑائی کو عالمی جنگ بنانے کا اعلان کر دیا۔ جب کسی طرح ہمیں اس کے باوجود مزید لڑنے پر آمادہ نہ کر پائے تو زنانہ قسم کے طعنے دیے۔ ہمیں کہا کہ وہ افغان لڑاکے فراہم کر دیں گے۔ بندوق اپنی لائے گا۔ بس اک ٹائم کی روٹی کھائے گا۔ جو ہم پر نہیں ہے کہ ہم کھلانے سے پہلے ہی اسے لڑا دیں گے۔ فتح کے بعد اسے کھجوریں دے دیں گے۔

\"dry_dates\"

آپس کی بات ہے ہمارے مشر ملک صاحب نے بھی کھجوروں کی بات کی تھی۔ سراج الحق صاحب صرف ایک کھجور کا اقراری بیان دے رہے ہیں۔ صالحین برا نہ مانیں دینے والے بھی بندہ دیکھ کر دیتے ہیں۔ اپ کی پاکستان میں جو سیاسی سماجی پوزیشن ہے۔ اسی کو دیکھ کر بدو شیخ آپ کا ریٹ لگاتے رہے ہیں۔ ناراض ہوئے بغیر اپنے ایمان سے بتائیں کہ کیا الیکشنوں میں ووٹر آپ کو سوکھی سی کھجور ہی نہیں دیتا ہے؟

اللہ تعالی تو ویسے رحیم و کریم ہے لیکن انصاف پسند بھی تو ہے۔ آپ لوگوں کی جو کارکردگی ہے اسے دیکھ کر لگتا کہ اگلے جہان بھی آپ کو حور کی جگہ سوکھی سکھی کھجور ہی نہ دے دی جائے۔

Facebook Comments HS

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi