بھارتی فوج اور لاہوری ناشتہ


یوم دفاع پاکستان ہماری قومی و عسکری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس پرمجھے بطور پاکستانی ہمیشہ فخر رہے گا اور میں اپنی آنے والی نسلوں کو یہ بتاتے ہمیشہ انہیں نصیحت کروں گا کہ پاکستانی فوج کا احترام ہرپل ملحوظ خاط رکھنا کیونکہ افواج پاکستان نے 1965 ء اور 1971 ء میں دشمن کو جیسے ناکوں چنے چبوائے اس کی مثال تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ ہر سال یوم دفاع پر سینکڑوں کالم لکھے جاتے ہیں، ٹی وی چینلز پر درجنوں ٹاک شوز ہوتے ہیں اور پاکستان کے ہر شہر میں اسی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جو یقیناً ہونا بھی چاہیے مگر پچھلے کچھ عرصے میں ہماری نئی نسل میں ایک عجیب بیانیہ گردش کرنے لگا اور افسوس یہ کہ اس پر ہماری نئی نسل نے یقین بھی کر لیا اور وہ یہ کہ ”پاکستان 1965 ء کی جنگ بری طرح ہار گیا تھا اور دشمن نے ہمارا برا حشر کیا لیکن ہم نے تاریخ کو مسخ کر دیا“ ۔

یہ وہ بیانیہ ہے جس کا آغاز دشمن ملک کے میڈیائی دانشوروں نے شروع کیا اور رفتہ رفتہ یہ بیانہ پاکستانی ”لنڈے کے لبرلز اور بونے دانشوروں“ کے پاس پہنچا اور یوں انہیں موقع مل گیا کہ کسی طریقے سے پاکستانی آرمی کے خلاف بیان بازی کی جائے اور کہیں کا غصہ کہیں اور نکالا جائے۔ یوم دفاع کی تاریخی و عسکری اہمیت کیا ہے اور اس دن کیا کچھ ہوا، یہ ہم سب پچھلے تقریباً پچاس سالوں میں پچاس دفعہ تو سن چکے ہیں لہٰذا میں جب کالم لکھنے بیٹھا تو میں نے سوچا کہ تاریخی حوالے سے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ وہ انڈین آرمی جو لاہور میں ناشتہ کرنے آئے تھی ’بے چاری اپنی فوجی ٹوپیاں، رائیفلیں اور جوتے تک پاکستان میں بھول کر واپس بھاگ گئی اور جس نے لاہوری ناشتے کا اعلان کیا تھا اس کا عبرت ناک انجام بھی تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہے۔

1965 ء کی جنگ میں پاکستانی بحری ’بری اور فضائی افواج نے ناپاک بھارتی عزائم کو جس انداز میں خاک میں ملایا اور 17 روز تک جیسے ہماری افواج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں‘ مہارتوں ’بہادری و جانبازی سے دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا اس کی مثال تاریخ میں شاید ہی کہیں موجود ہو۔ پاکستان پر مسلط کی جانے والی 65ء کی جنگ بھارت کے لیے ایک خوفناک خواب ثابت ہوئی اور ہماری افواج نے ان کے گھر میں گھس کر انہیں مارا اور یہ بھارت کی خوش قسمتی تھی کہ عالمی برادری کے کہنے پر ہماری افواج نے واپسی کا راستہ لیا ورنہ اس کا نتیجہ کیا نکل سکتا تھا‘ بھارت کو اندازہ ہی نہیں تھا۔ 600 ٹینکوں کی یلغار کو اپنے سینوں پر بم کی طرح باندھ کر تباہ کر دینے والے جانبازوں نے پوری دنیا اور بالخصوص دشمن کو باور کروا دیا کہ ”اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی“ ۔

اب سوال یہ ہے کہ اس اہم ترین تاریخی پس منظر کے باوجود ہماری نئی نسل کی ایسی کیوں ذہن سازی کی جا رہی ہے کہ انہیں اپنی ہی افواج اور عسکری اداروں سے متنفر کیا جا رہا ہے اور انہیں ”لنڈے کے لبرلز“ یہ کہہ کر اپنے دفاعی اداروں کے خلاف کر رہے ہیں کہ ہماری فوج میں اتنا دم خم نہیں تھا سوہم 1965 ء کی جنگ ہار گئے تھے اور پاکستانی مورخین نے فوج اور پاکستان کی محبت میں اپنی تاریخ کو مسخ کر دیا حالانکہ اس حوالے سے بھارتی فوج میں اعلیٰ ترین عہدے سے ریٹائر ہونے والے ایئر مارشل بھارت ہری کمار نے اپنی کتاب ”ڈیولز آف دی ہمالینز ایگلز ’دی فرسٹ انڈو پاک وار“ اور ہربخش سنگھ جو پاک بھارت جنگ کے دوران بھارت کی مغربی کمان کے سربراہ تھے‘ کی یاداشتوں پر مبنی کتاب ”ان دی لائن آف ڈیوٹی“ انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ہمارے جن دانشوروں کو اپنی فوجی اور عسکری قیادت پر کوئی شک ہے تو انہیں دشمن کی لکھی کتابیں ہی کم از کم پڑھ لینی چاہیے۔

تاریخ مسخ کرنے کا کام سب سے پہلے تو مودی نے کیا کہ جس نے پچاس سال بعد نیا شوشہ چھوڑ دیا کہ ہم جنگ جیتے تھے۔ مودی نے اپنی حکومت کے تیسرے برس نہ جانے کس کے کہنے پر یہ کہنا شروع کر دیا کہ 1965 ء کی جنگ تو انڈیا نے جیتی تھی ’پاکستان تو بھاگ گیا تھا حالانکہ تاریخ اس معاملے میں کبھی جھوٹ نہیں بول سکتی اور عالمی برادری نے بھی یہ تسلیم کیا تھا کہ پاک بھارت 1965 ء کی جنگ پاکستان نے جیتی تھی۔ ان دونوں انڈین مورخین اور فوجی افسرز کی کتب اس بات کی غماز ہیں کہ پاکستانی افواج نے کس طرح دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا تھا اور جو لاہور میں ناشتہ کرنے آئے تھے‘ وہ بی آر بی تک نہ پہنچ سکے اور ناشتہ تو دور کی بات ہے وہ اس مقدس سر زمین کا پانی تک نہ پی سکے۔

میرا خیال ہے کہ فوج کے خلاف بیانیہ متعارف کروانے میں جہاں دشمن لابیوں اور مغربی ایجنٹوں نے بنیادی کردار ادا کیا وہاں ہم سے ایک غلطی یہ بھی ہوئی کہ ہم نے پاکستان میں سوشل میڈیا کو مکمل آزاد کر دیا اور یوں ہم نے ”بندر کے ہاتھ ماچس تھما دی“ ۔ اس کا نقصان یہ ہوا کہ سوشل میڈیا نے ہمیں لاکھوں کی تعداد میں ان پڑھ مذہبی اسکالر بھی دے دیے اور مؤرخین بھی، ہزاروں دانشور بھی مل گئے اور ”چور دروازے“ سے داخل ہونے والے صحافی اور لکھاری بھی۔

یہی وجہ ہے کہ آج ہماری نئی نسل مذکورہ لبرلز کے نرغے میں آ گئی ہے اور یوں ہم اپنا قومی بیانیہ تک بھول گئے۔ ہمارے قومی و تاریخی دنوں پر سوشل میڈیا کے ذریعے نئی نسل کی ایسی عجیب و غریب ذہن سازی کی جا رہی ہے کہ ہم اس پر سوائے ماتم کے اور کچھ نہیں کر سکتے۔ مجھے کبھی کبھی ایسے لوگوں پر حیرت ہوتی ہے کہ جن کی اپنے گھر میں کوئی نہیں سنتا ’وہ بھی سوشل میڈیا پر بیٹھے نوجوانوں کو اپنے فوجی و عسکری اداروں کے خلاف کر رہے ہیں حالانکہ قومی دنوں میں ہمیں اپنے دشمنوں کو ہمیشہ اپنا مثبت چہرہ پیش کرنا چاہیے۔

ہمیں قومی و تاریخی دنوں میں عالمی برادری کویہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم اپنی افواج اور سیکیورٹی اداروں سے شدید محبت کرتے ہیں اور ہزار اختلاف کے باوجود ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ اس ملک کا دفاع‘ ہماری افواج کے سر پہ ہے اور پاکستانی فوج بلاشبہ دنیا کی چند بہترین افواج میں آتی ہے۔ اگر کوئی ملک یہ بات تسلیم نہیں کرتا تو انہیں 1965 ء کی جنگ کی کہانی لازمی پڑھنی چاہیے کہ جو لاہور میں ناشتہ کرنے آئے تھے ’ان میں درجنوں زندہ و سلامت واپس بھی نہ جا سکے اور چونڈہ‘ واہگہ کی سرحدیں اس بات کی گواہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).