وبائی صورتحال میں اقتصادی بحالی کی نوید


عالمگیر وبا کے باعث اس وقت دنیا بھر کی معیشتیں شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ معاشی ماہرین کووڈ۔ 19 کے باعث اقتصادی بحران کو صدی کی ایک بڑی آزمائش قرار دے چکے ہیں جس سے کوئی بھی ملک تنہا نبردآزما نہیں ہو سکتا ہے۔ عالمی برادری کے درمیان انسداد وبا سمیت اقتصادی بحالی کے لیے اتحاؤ وتعاون کی ضرورت جس قدر آج محسوس کی جا رہی ہے ماضی میں شاید اس کی کوئی مثال ہمارے سامنے نہیں ہے۔

معیشت کا ذکر کیا جائے تو اس وقت انسداد وبا کے ساتھ ساتھ اقتصادی سماجی سرگرمیوں کی بحالی تمام ممالک کی یکساں خواہش ہے۔ چین نے چونکہ موئثرطور پر وبا پر قابو پا لیا ہے اس لیے دیگر ممالک کی نسبت یہاں معاشی سرگرمیوں میں کافی تیزی آئی ہے اور اس کی ایک حالیہ مثال بیجنگ میں منعقدہ بین الاقوامی خدماتی تجارتی میلہ ہے۔ اس میلے کے انعقاد کو موجودہ وبائی صورتحال میں سب سے بڑی اور جامع اقتصادی سرگرمی کا درجہ حاصل ہے۔

میلے میں 18 ہزار سے زائد کاروباری اداروں اور 01 لاکھ سے زائد شرکاء نے اس عالمی سرگرمی کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ”عالمگیر خدمات، اشتراکی خوشحالی“ کے عنوان سے منعقدہ عالمی میلے میں آن لائن اور آف لائن سیمنارز، کانفرنسز اور مشاورتی فورمز کو دنیا بھر کی توجہ حاصل رہی اور اہم میڈیا اداروں نے اسے نمایاں کوریج بھی دی۔ صحت، تعلیم، مالیات، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت آرٹیفشل انٹیلی جنس، 5 G ٹیلی مواصلات، روبوٹکس جیسے شعبہ جات میں تعاون کے امکانات کے بارے میں سیر حاصل بات چیت کی گئی۔

خدماتی تجارت کو آج کے دور میں انتہائی اہمیت حاصل ہے اور مستقبل میں اسے مختلف ممالک کی اقتصادی نمو کا اہم جزو قرار دیا جا رہا ہے جس میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا کی معیشت کا 60 فیصد ”حاصل“ خدماتی صنعت سے آتا ہے جبکہ خدماتی برآمدات دنیا کی مجموعی برآمدات کا 20 فیصد ہیں۔ اسی اہمیت کے پیش نظر چین کی جانب سے ایک مشکل دور میں عالمی میلے کا انعقاد جہاں خدماتی تجارت کو مزید فروغ دینے کا موجب ہو گا وہاں اس وقت عالمی سطح پر تجارتی روابط کے فروغ اور اقتصادی بحالی کے عمل کو بھی تقویت دے گا۔ چین کی جانب سے منعقد کیے جانے والے بین الاقوامی خدماتی تجارتی میلے میں گزشتہ چھ برسوں کے دوران 184 ممالک اور خطے شریک ہوئے ہیں، دنیا کی ٹاپ کی 300 سے زائد کمپنیاں مختلف سرگرمیوں میں شریک ہو چکی ہیں جبکہ 500 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کا کاروباری لین دین بھی طے پایا ہے۔

عالمی میلے کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور مختلف ممالک کی دلچسپی کے پیش نظر سال 2019 میں بیجنگ میں نمائشی ہال کے رقبے کو 165,000 مربع میٹرز تک توسیع دی گئی تھی جبکہ چھ برس قبل ہال کا رقبہ پچاس ہزار مربع میٹرز تھا۔ رواں برس اس رقبے کو مزید توسیع دیتے ہوئے تقریباً دو لاکھ مربع میٹرز تک بڑھا دیا گیا۔ خدماتی تجارت میں دنیا کے سرفہرست تیس ممالک نے اپنے نمائش کنندگان میلے میں بھیجے جبکہ فارچون گلوبل 500 میں شامل 399 کمپنیاں بھی مختلف سرگرمیوں میں فعال طور پر شریک رہی ہیں۔

یہ ظاہر کرتا ہے کہ دنیا چین کی جانب سے فراہم کردہ ترقیاتی مواقعوں پر نہ صرف اعتماد کرتی ہے بلکہ فائدہ اٹھانے کی متمنی ہے۔ چین خدماتی تجارت کے حوالے سے مسلسل گہرے تعاون کو فروغ دے رہا ہے اور مختلف ممالک کو تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ بین الاقوامی خدماتی تجارتی میلے کو چین کی سروس انڈسٹری میں ایک جامع اور بڑی اقتصادی سرگرمی کا درجہ حاصل ہے۔ چین نے حال ہی میں اس شعبے کی جدت پر مبنی ترقی کے لیے قابل عمل منصوبہ ترتیب دیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں پائلٹ ٹریڈ زون کی تعداد کو 17 سے بڑھا کر 28 کیا جائے گا۔

چین اس وقت بھی اشتراکی اقتصادی ترقی کے نظریے پر عمل پیرا ہے اور آزادانہ تجارت کے فروغ اور تجارتی تحفظ پسندی کے خلاف ایک بڑے ملک کا ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ چین سمجھتا ہے کہ اقتصادی عالمگیریت کی ترقی کی راہ میں یک طرفہ پسندی اور تجارتی تحفظ پسندی بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ دنیا میں مصنوعات کی تجارت کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے ملک اور خدماتی تجارت کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک کی حیثیت سے چین نے ہمیشہ کھلی معیشت کی ترقی کی بات کی ہے۔

معیشت کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے میں بھی چین کا عالمگیر قائدانہ کردار رہا ہے۔ کووڈ۔ 19 کی ہی بات کی جائے تو چین نے انسداد وبا کے لیے دنیا کے مختلف ممالک میں نہ صرف اپنے طبی ماہرین بھیجے ہیں بلکہ ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کو وبا کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے لازمی سازوسامان بھی فراہم کیا ہے۔ عالمی خدماتی تجارتی میلے میں جہاں معاشی سرگرمیاں توجہ کا نکتہ رہیں وہاں دنیا انسداد وبا میں چین کے تجربات سے بھی سیکھنے کی خواہش مند نظر آئی۔

انسداد وبا کی جنگ میں چین کی غیر معمولی کامیابیوں کے باوجود چینی صدر شی جن پھنگ نے جب اس اہم تقریب سے خطاب کیا تو کسی بھی موقع پر ان کی جانب سے تفاخرانہ انداز نہیں اپنایا گیا بلکہ دنیا کے لیے ایک کھلے اور اشتراکی کاروباری ماحول کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ بلاشبہ اقتصادی عالمگیریت دنیا کی معاشی ترقی کا اہم انجن ہے جو اس وقت ایک مقبول رحجان ہے۔ مختصراً کہا جا سکتا ہے کہ چین کی جانب سے عالمی میلے کا انعقاد ایک درست وقت پر کیا گیا ہے جو نہ صرف چین کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ دیگر دنیا کے لیے بھی وسیع ترقیاتی امکانات لائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).