نواز شریف کا اشارہ کس کی جانب تھا؟


آج کی تاریخ ساز اے پی سی میں میاں نواز شریف نے یہ دھماکے دار بیان داغا کہ ہمارا مقابلہ کپتان سے نہیں، بلکہ اس شخص سے ہے، جو کپتان کو لایا تھا۔

یہ بیان ہمارے لیے متوقع تھا، یوں جیسے ہمارے ہی قلم سے نکلا ہو۔ (ظاہر ہی، میاں صاحب کو ہمارے جیسے ہی کسی عالم فاضل صحافی نے لکھ کر دیا ہوگا) تو خیر، جب ہم نے سوشل میڈیا یہ بیان شیئر کیا، اور اس پر ہزاروں لائیکس آ گئے، تو سینئر صحافی اور ہمارے دوست، رانا محمد آصف کو، جن کے سامنے ہم سیاست، ادب، تصوف اور فلکیات پر کئی شہرہ آفاق تقاریر کر چکے ہیں، جنھیں وہ اپنے نام سے آگے سنا دیتے ہیں، تو انھیں یہ نیک خیال گزرا کہ اس کی ایک علیحدہ پوسٹ بنائی جائے۔

تو انھوں نے فیس بک ایک پوسٹ ٹھونکی، جس میں وہ میاں صاحب کے بیان کے تناظر میں لکھتے ہیں :
مجھے سینیئر تجزیہ کار اقبال خورشید نے آف دی ریکارڈ بتایا ہے کہ اس بیان میں عثمان بزدار کی جانب اشارہ ہے۔

یہاں چند باتوں کی وضاحت ضروری ہے، تاکہ قوم میں انتشار نہ پھیلے اور اتحاد قائم رہے۔

پہلی وضاحت: یہ فقیر ہی تھا، جو پی ٹی آئی حکومت قائم ہوتے ہی جھٹ پٹ سمجھ گیا تھا کہ قدرت نے عمران خان کو صرف اس لیے چنا ہے کہ وہ عثمان بزدار کو سیاست میں لا کر ٹرین شرین کر سکیں، اور اب پاکستان کا مستقبل اس مرد خاموش سے وابستہ ہے۔

دوسری وضاحت: بے شک میں نے برادرم رانا محمد آصف، جو تصوف کا درک رکھتے ہیں، کے سامنے بزدار کی تعریف کی اور کئی روحانی پہلوؤں پر روشنی ڈالی، مگر وہ آف دی ریکارڈ گفتگو تھی، اسے پبلک کرنے پر میں برادرم پر مقدمہ بھی دائر کر سکتا ہوں۔

تیسری اور اہم ترین وضاحت: میاں صاحب نے جس شخص کی طرف اشارہ کیا، عام صوفیوں، گیانیوں کے نزدیک تو وہ عثمان بزدار ہو سکتا ہے، مگر مجھ جیسے دانا و بینا یہ خوب جانتے ہیں کہ یہ اس درویش کی سمت اشارہ ہے، جس نے گزشتہ دونوں کپتان کو علانیہ کہا تھا کہ:
”میں تمھیں چلاتا تھا۔ تم میرے کپتان نہیں تھے، میں تمھارا کپتان تھا!“

یہ شخص کون ہے؟ پوری دنیا جانتی ہے، شارجہ کا ہیرو، عظیم بلے باز، جاوید میاں داد۔

تو صاحبو، بزرگو، پاکستانی سیاست ایک اہم موڑ پر مڑ چکی ہے، بلکہ یوٹرن لے چکی ہے۔ نواز شریف نے اس شخص کے خلاف، جو کپتان کا کپتان ہے، لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اور یہ شخص اپنے جاوید میاں داد ہیں۔

سانس روک کر بیٹھیں، پاکستان کی سیاسی تاریخ کا فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
اب کراچی ہی سے ایشیا پر حکم رانی کی جائے گی!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).