صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا کا کرونا ٹیسٹ مثبت، دونوں قرنطینہ میں چلے گئے
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد دونوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اُن کا اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ فوری طور پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں اور وہ اس مرحلے سے آسانی سے گزر جائیں گے۔
Tonight, @FLOTUS and I tested positive for COVID-19. We will begin our quarantine and recovery process immediately. We will get through this TOGETHER!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
امریکی صدر کا کرونا ٹیسٹ ایسے موقع پر مثبت آیا ہے جب وہ انتخابی جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔
منگل کو انہوں نے ریاست اوہائیو میں پہلے صدارتی مباحثے میں شرکت کی تھی جس کے بعد بدھ کو صدر ٹرمپ نے منی سوٹا میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنا ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق ٹوئٹ سے دو گھنٹے قبل ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ اُن کی مشیر ہوپ ہکس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے بھی ٹیسٹ کرایا ہے جس کے نتیجے کے وہ منتظر ہیں۔
Hope Hicks, who has been working so hard without even taking a small break, has just tested positive for Covid 19. Terrible! The First Lady and I are waiting for our test results. In the meantime, we will begin our quarantine process!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
یاد رہے کہ ہوپ ہکس صدر ٹرمپ کی نہایت قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتی ہیں اور وہ اُن کی مشیر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ہکس نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ منگل کو صدارتی مباحثے کے لیے صدر ٹرمپ کے ہمراہ ریاست اوہائیو کا سفر کیا تھا اور بدھ کو منی سوٹا میں صدارتی مہم کے سلسلے میں ہونے والی ایک ریلی میں بھی شرکت کی تھی۔
ریلی میں شرکت کے بعد جب ہوپ ہکس کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تو اُن میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صدر ٹرمپ اور خاتونِ اوّل کا بھی ٹیسٹ کیا گیا۔
صدر ٹرمپ کے معالج نیوی کمانڈر ڈاکٹرسین کون لی کے مطابق صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ قرنطینہ کے دوران وائٹ ہاؤس میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے صحافیوں کو رات تقریباً ایک بجے جاری کیے گئے میمو میں بتایا کہ جمعرات کی شام صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔
ڈاکٹر سین کون لی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی میڈیکل ٹیم صدر ٹرمپ کی دیکھ بھال کرے گی۔ ان کے بقول ملک کے طبی ماہرین اور اداروں کی فراہم کردہ سپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ڈاکٹر کون لی نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وائٹ ہاؤس کو کس قسم کی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
Wishing President Trump and First Lady Melania Trump speedy recovery from COVID-19.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 2, 2020


