موٹروے ریپ کیس: مرکزی ملزم فیصل آباد سے گرفتار


گجر پورہ کا وہ مقام جہاں ریپ کا مبینہ واقعہ پیش آیا

پنجاب پولیس نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ ماہ لاہور کے قریب موٹروے پر پیش آنے والے ریپ کے مبینہ واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نو ستمبر کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آنے والے ایک واقعے کے دوران دو افراد نے مبینہ طور پر مدد کے انتظار میں سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں سوار خاتون کو پکڑ کر قریبی کھیتوں میں اُن کے بچوں کے سامنے ریپ کیا تھا۔

اس سے پہلے پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا تھا جو اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے، تاہم دوسرا ملزم متعدد چھاپوں کے باوجود پولیس کی پہنچ سے نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔

تاہم آج پنجاب پولیس نے فیصل آباد سے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

صوبہ پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اس گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔

مقامی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے مزید کہا کہ حکام کی یہ حکمتِ عملی تھی کہ ملزم ’ریلیکس‘ محسوس کرے تاکہ اسے گرفتار کرنے میں آسانی ہو جائے، اور جیسے ہی یہ ہوا، اسے گرفتار کر لیا گیا۔

موٹروے ریپ

موٹروے ریپ کیس کا پس منظر

لاہور کے تھانہ گجرپورہ میں درج کروائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ گوجرانوالہ کے رہائشی درخواست دہندہ کی رشتے دار خاتون کی گاڑی کا جنگل کے قریب پیٹرول ختم ہو گیا تھا اور وہ مدد کے انتظار میں کھڑی تھیں۔

ایف آئی آر کے مطابق درخواست دہندہ کی عزیزہ نے بتایا کہ جب وہ پیٹرول کے انتظار میں کھڑی تھیں تو 30 سے 35 سال کی عمر کے دو مسلح اشخاص آئے، انھیں اور ان کے بچوں کو گاڑی سے نکال کر ان کا ریپ کیا اور ان سے نقدی اور زیور چھین کر فرار ہو گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون سے ریپ کا واقعہ رات تین بجے کے قریب پیش آیا اور متاثرہ خاتون کے رشتے دار نے بدھ کی صبح 10 بجے پولیس اسٹیشن گجر پورہ میں مقدمہ درج کروایا۔

مدعی نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ اس جگہ پہنچے جہاں پر پیٹرول ختم ہونے کی وجہ سے روک گئی تو انھوں نے دیکھا کہ گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا اور اس پر خون کے دھبے تھے، جس کے بعد انھوں نے رشتے دار خاتون کو کرول کے جنگل کی جانب سے بچوں کے ساتھ آتے دیکھا۔

موٹروے پولیس نے کہا تھا کہ جس جگہ خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا وہ موٹروے پولیس کی حدود میں شامل نہیں ہے۔ ترجمان کے بقول رنگ روڈ موٹروے پولیس کی حدود میں نہیں ہے۔

یہ ایک ابتدائی خبر ہے اور اسے مزید معلومات موصول ہونے پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp