بھارت نے زیرِ حراست چینی فوجی کو واپس لوٹا دیا


بھارت نے وانگ یا لونگ نامی فوجی کو بدھ کی علی الصباح چین کے حکام کے حوالے کیا ہے۔ (فائل فوٹو)

بھارت نے زیرِ حراست چین کے ایک فوجی کو بدھ کو چینی حکام کے حوالے کر دیا ہے جب کہ چین کی فوج نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

چینی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وانگ یا لونگ نامی فوجی کو بھارت نے بدھ کی علی الصباح حوالے کیا ہے۔

اس سے قبل بھارت نے پیر کو کہا تھا کہ اس نے پہاڑی علاقے لداخ میں سرحد عبور کر کے آنے والے چین کے ایک فوجی کو حراست میں لیا ہے۔

چین کے فوجی کی واپسی کا عمل ایسے موقع پر انجام پایا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان لداخ کی متنازع سرحد پر کشیدگی برقرار ہے۔ دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان رواں برس جون میں ایک جھڑپ بھی ہو چکی ہے جس میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

سرحد پر کشیدگی کے خاتمے کے لیے بھارت اور چین کے درمیان سیاسی و عسکری سطح پر مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں لیکن کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق کے باوجود دونوں جانب تناؤ پایا جاتا ہے۔

چین کا کہنا ہے کہ وانگ یا لونگ پہاڑوں پر پائے جانے والے بھینسے کی تلاش میں نکلے تھے اور وہ راستہ بھٹک کر بھارتی حدود میں داخل ہو گئے تھے۔

بعدازاں چین نے فوجی کے لاپتا ہونے کا معاملہ بھارت کے سامنے اٹھایا تھا۔

بھارتی فوج نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول کو عبور کر کے آنے والے چینی فوجی کو حراست میں لیا گیا ہے جسے ضروری کارروائی کے بعد چین کے حوالے کر دیا جائے گا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa