صدر ٹرمپ کا ڈیموکریٹس پر صدارتی انتخاب ‘چوری’ کرنے کا الزام


وائٹ ہاؤس میں بریفنگ سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈیموکریٹس غیر قانونی ووٹوں کے ذریعے صدارتی الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جو بائیڈن کے مقابلے میں آسانی سے صدارتی انتخاب جیت جائیں گے لیکن انتخابی عمل کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے انتخابات میں مبینہ مداخلت سے متعلق کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے بغیر صرف 15 منٹ کی گفتگو کی اور ان کی گفتگو کا محور صدارتی انتخاب اور اس میں مبینہ دھاندلی ہی تھا۔

ٹرمپ بمقابلہ بائیڈن: کون فتح سے کتنا دور ہے؟

انہوں نے انتخابی عملے اور ان ریاستوں پر ناراضگی کا اظہار کیا جہاں اب تک ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور ان کے مدِ مقابل حریف جو بائیڈن کی برتری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹ پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد آنے والے ووٹوں کی گنتی کے عمل کے ذریعے الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1324541657665200129

 

ٹوئٹر اور فیس بک نے صدر ٹرمپ کی متعدد پوسٹس پر لیبل لگا دیے ہیں اور ان میں سے بعض کو متنازع اور بعض کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم نے ریاست پینسلوینیا، جارجیا اور مشی گن میں ووٹوں کی گنتی رکوانے کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔

ووٹوں کی گنتی میں فراڈ کا الزام، ری پبلکنز کا تین ریاستوں میں عدالت سے رُجوع

اب تک امریکہ کی 50 میں سے 44 ریاستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور چھ ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

صدر ٹرمپ کے حامی ووٹوں کی گنتی رکوانے کے لیے واشنگٹن ڈی سی سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کر رہے ہیں جب کہ جو بائیڈن کے حامی ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری رکھنے کے لیے سڑکوں پر ہیں۔

اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق جو بائیڈن کو صدر ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔ جو بائیڈن نے 253 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے ہیں جب کہ صدر ٹرمپ 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔

صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے جو بائیڈن کو مزید 17 اور ٹرمپ کو 57 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa