پاکستان کے اراکین پارلیمان کے اثاثے: وزیر اعظم عمران خان کی چار بکریاں اور ارکان پارلیمان کے زیورات


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمان کے اثاثوں کی سالانہ تفصیلات جاری کی ہیں۔ ملک کا نظم و نسق سنبھالنے اور اس کے لیے قانون سازی کرنے والے متعدد اراکین نے جہاں اپنے ذاتی اثاثے ظاہر کیے ہیں وہیں اپنی بیگمات کی جیولری کی مالیت بھی بتائی ہے۔

کچھ اراکین پارلیمان نے ایک سے زائد شادیوں کے باوجود اپنی بیگمات کے نام جیولری ظاہر نہیں کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان بھی ایسے ہی ارکان پارلیمان میں سے ایک ہیں جنھوں نے اپنی اہلیہ کے نام زیورات یا جائیداد کا ذکر نہیں کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے گوشواروں پر نظر دوڑانے سے معلوم ہوتا ہے کہ کئی اراکین اسمبلی اپنی بیگمات، ساس، بھائی یا ماں کے مقروض ہیں اور جیسے ہی انھیں متوقع رقم ملے گی تو انھوں نے یہ عہد کیا ہوا ہے کہ وہ رقم وہ اپنی اہلیہ کو لوٹا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹیکس فری جنت کے رہائشی

’زرتاج گُل کے 19 نکات کو بھی مطالعہِ پاکستان کا حصہ بنایا جائے‘

سیاستدانوں کے ٹیکس گوشوارے: اسد عمر کی شہباز شریف کو اثاثوں کے تبادلے کی پیشکش

کہانی عمران خان کی چار بکریوں کی

عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالا میں 300 کنال زمین کو ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کو تحفے میں ملی ہے۔

انھوں نے اپنے اثاثوں میں چار بکریوں کو بھی ظاہر کیا ہے، جن کی مالیت دو لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

وزیر اعظم کے قریبی عملے نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے کہ عمران خان کی بنی گالہ رہائش پر ان کے وزرات عظمیٰ سے پہلے بھی بھینسیں، گائیں، بکریاں اور مرغیاں دستیاب رہتی تھیں ،جن سے انھیں نہ صرف خالص دودھ بلکہ دیسی انڈے بھی دستیاب ہو جاتے تھے۔

عملے کے مطابق عمران خان کے خیال میں بکری کے دودھ میں چکنائی کم ہونے کے باعث زود ہضم ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ آصف علی زرداری کے دور صدارت میں ایوان صدر میں اونٹھنی اور بکریوں کا خاصا چرچا تھا۔ جب وہ ایوان صدر سے رخصت ہوئے تو ان کی ملکیت میں جانوروں کی بھی ایک بڑی تعداد قطار میں وہاں سے روانہ کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق آصف زرادری کے پاس ایک کروڑ 66 لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ہے جبکہ 99 لاکھ روپے مالیت کے گھوڑے اور دیگر جانور اب بھی موجود ہیں۔

خواتین اراکان اسمبلی کے اثاثے

شیری مزاری

خواتین ارکان پارلیمان خود بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے اپنے زیورات کی تفصیلات بتانا نہیں بھولیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شیرین مزاری نے اپنے گوشواروں میں اسلام آباد کے ایک مہنگے ترین سیکٹر ای سیون میں وراثت میں ملنے والے ایک گھر کے علاوہ 60 تولے سونا بھی ظاہر کیا ہے جو انھیں وراثت میں ہی ملا ہے۔ شیریں مزاری کے مطابق وہ اپنے بھائی کی 30 لاکھ 2000 جبکہ اپنی والدہ کی دو لاکھ روپے کی مقروض ہیں۔

مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب 32 تولے زیورات کی مالک ہیں جس کی مالیت انھوں نے 12 لاکھ روپے بتائی ہے جبکہ ان کے پاس دو لاکھ روپے کا پرائز بانڈ بھی ہیں۔ انھوں نے اپنے خاوند علاؤالدین احمد تاثیر کے اثاثوں کی تفصیلات بھی بتائی ہیں، جن کا اسلام آباد کے سیکٹر جی 15 میں ایک زرعی فارم ہاؤس بھی ہے۔

تحریک انصاف کی عندلیب عباس شادی کے وقت سے ہی 50 تولے سونے کی مالک ہیں۔ ملائیکہ بخاری نے پانچ تولے سونا ظاہر کیا ہے۔

شیزا فاطمہ خواجہ نے 210 تولے سونا ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انھیں ان کے والدین کی طرف سے تحفے میں ملا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد کے پاس 35 لاکھ مالیت کے پرائز بانڈز ہیں جبکہ ان کی دوسری اہلیہ صائمہ فواد 200 تولے کے زیوارات کی مالک ہیں۔

فواد چوہدری نے اپنے خاندانی وراثتی اثوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ خود اس وقت ایک کروڑ روپے کے مقروض بھی ہیں۔

ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت خواجہ آصف 90 تولے سونے کے علاوہ مزید جیولری کی مالک بھی ہیں۔

ن لیگ کی رہنما مائزہ حمید کے پاس سسرال کی طرف سے 2009 میں تحفے میں دیا گیا 80 تولہ سونا ہے۔

وفاقی وزیر زرتاج گل کا ہمازار نام سے اپنا بوتیک کا کاروبار بھی ہے۔ وہ اپنے خاوند ہمایوں رضا کے کاروبار میں بھی شیئر ہولڈر ہیں۔ زرتاج گل کی ملکیت میں 55 تولہ سونا بھی شامل ہے۔

سینیٹر کرشنا کماری نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں سسرال سے وصول ہونے والا 18 تولے سونا ظاہر کیا ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے خاوند سید ندیم حسین کی جانب سے دیا گیا زیور ظاہر کیا ہے جس کی مالیت تقریباً پندرہ لاکھ بنتی ہے۔

سینیٹر کرشنا کماری

ارکان پارلیمان کے زیورات اور تحائف

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے 26 لاکھ سے زیادہ کی جیولری ظاہر کی ہے۔ مراد سعید کی اہلیہ کے پاس 15 تولے سونا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے گوشواروں میں 70 لاکھ کا سونا ظاہر کیا ہے جبکہ ان کے بیٹے زین قریشی نے اپنے اثاثہ جات میں کہا کہ ان کے پاس تقریباً 270 تولے سونا موجود ہے جو انھیں ان کی شادی پر ملا تھا۔

سابق فوجی صدر ایوب خان کے پوتے عمر ایوب کو ان کے والد، سسر اور دوستوں سے شکار کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے ہتھیار بطور تحفہ ملے۔

عمر ایوب خان کے مطابق انھوں نے اپنی بیوی کو دو کروڑ 14 لاکھ نوے ہزار چھ سو اناسی روپے واپس کرنے ہیں۔

انھوں نے اپنے والد اور ماں سے ملنے والی جائیداد کی تفصیلات بھی ظاہر کی ہیں۔ عمر ایوب کی اہلیہ شہرناز عمر 50 تولے سونے کی بھی مالک ہیں، جس میں چوڑیاں، گلے کا ہار اور انگوٹھیاں شامل ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا صوبہ خیبر پختونخوا میں قائد اعظم گروپ آف سکولز اور کالجز کا کاروبار بھی ہے۔ علی محمد خان نے اپنے اثاثوں میں اپنی والدہ اور اہلیہ کے نام پچاس پچاس تولے سونے کی بھی تفصیلات دی ہیں۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کے اثاثوں میں ان کی اہلیہ کا 53 تولا سونا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس دو گھڑیاں ہیں جن کی مالیت دو لاکھ 54 ہزار بنتی ہے۔

وزیر دفاع کو اپنی ساس کو ڈھائی کروڑ روپے قرض بھی واپس کرنا ہے۔

شہریار آفریدی کی اہلیہ کے پاس 80 تولہ سونا ہے جس کی مالیت ساٹھ لاکھ درج کی گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی اہلیہ کے پاس 100 تولے سونا ہے۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کی اہلیہ کے پاس شادی کے وقت سے 40 تولے سونا ہے۔

اسد عمر

وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی اہلیہ کے پاس 76 تولہ سونا ہے۔

شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے اپنے اثاثوں میں اپنی اہلیہ کے نام 30 تولے سونا ظاہر کیا ہے۔ تاہم شیخ رشید نے سونے اور زیورات کے خانے کے سامنے ’نہ‘ کی لکیر لگا دی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے خاندان کی طرف سے ملنے والے 15 تولے سونے کا ذکر کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز خود تو پارلیمان کا حصہ نہیں ہیں لیکن کی اہلیہ مہناز اکبر عزیز رکن ہیں اور انھوں نے اپنے اثاثوں میں دس لاکھ اسی ہزار کی جیولری ظاہر کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر خان کی اہلیہ کے پاس شادی کے وقت سے (2003) سے 200 گرام سونا موجود ہے۔

محسن شاہنواز رانجھا کی اہلیہ 150 تولے سونے کی مالک ہیں۔

مریم اورنگزیب

مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب 32 تولے زیورات کی مالک ہیں جس کی مالیت انھوں نے 12 لاکھ روپے بتائی ہے

سینیٹر رضا ربانی کی اہلیہ کے پاس 238 تولے سونا ہے۔ سینیٹر سسی پلیجو 20 تولے سونے کی مالک ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں 150 تولے سونا ظاہر کیا ہے۔ تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس کے مالک وہ خود ہیں یا یہ ان کی اہلیہ ہیں۔

منیر اورکزئی کے اثاثوں میں 160 گرام سونا ہے، جس کی مالیت 16 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ پاڑہ چنار سے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری نے 50 تولے سونا ظاہر کیا ہے، جس کی مالیت 35 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32510 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp