پاکستان کا پہلا آسٹرفوٹوگرافر


دسویں کلاس کے آخری دن تھے۔ جب استاد ہم سب سے فردا کے منصوبوں کے بارے میں سوال جواب کر رہے تھے، تو ہم سب کے منصوبوں سے الگ، ایک جدا آواز ابھری، ہمارے ہی ایک کلاس فیلو کا، ہمارے ہی قریبی دوستوں میں سے ایک کا، لیکن وہ خواب ہم میں سے نہیں بلکہ ہمارے اذہان ایسے خواب کو ناممکنات میں گردانتے تھے۔ انجینئر، ٹیچر اور ڈاکٹر بننے والوں کی اس فہرست میں، اس نے کہا تھا میں تصویر کشی کروں گا، میں فوٹوگرافر بنوں گا۔ ہم سینکڑوں کے بے کنارے خوابوں میں سے اسے بھی ایک عمومی خواب سمجھ رہے تھے مگر یہ خواب اس کے لئے خاص تھا، بہت ہی خاص بلکہ اتنا واضح کہ وہ اسے دماغ میں حقیقت کا روپ دے چکے تھے۔

حالانکہ اس کو ہم نے اس سے پہلے بھی رنگوں اور تصویروں میں ڈوبتے دیکھا تھا۔ لیکن اگر کسی کو خبر تھی کہ یہ اس کی منزل ہے تو وہ خود شہزاد محمد علی تھا۔

جی ہاں! شہزاد محمد علی پسنی کے بے شمار ٹیلینٹس میں سے ایک ایسا ٹیلنٹ جس نے قومی سطح پر نام کما کر نوجوانوں کی ایک کھیپ کو متاثر کیا ہے۔

شہزاد محمد علی نے موبائل سے عکس کاری کا جو سفر شروع کیا ہے۔ وہ آج پاکستان کے پہلے آسٹروفوٹوگرافر تک پہنچ چکا ہے۔

آسٹروفوٹوگرافی، فوٹو گرافی کا وہ شعبہ ہے جس میں آسمان، کہکشائیں اور اس میں موجود تاروں اور ہزاروں فلکی اجسام کی تصویر کشی کی جاتی ہے۔ یہ شعبہ بین الاقوامی سطح پر انتہائی معروف شعبہ ہے جو انیسویں صدی میں شروع ہوا۔

شہزاد محمد علی نے پہلی بار پسنی اور ساحل بلوچستان میں موسم کی صفائی کی خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے، اور ساحل کی بہترین منظر کشی کرتے ہوئے آسٹروفوٹوگرافی کے سخت اور مشکل طلب شعبے کو اپنایا۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ شعبہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے کے لئے بھی سود مند ہے جو حکومت کی بھی اولین ترجیح ہے۔

حالیہ دنوں شہزاد قومی سطح کے مختلف برانڈز کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹلائیزیشن کے اس دور میں فوٹوگرافی نوجوانوں کے لئے ایک زبردست شعبہ ہے، لیکن اس میں اولین شرط جنون اور کام سے عشق ہے۔

شہزاد پسنی اور بلوچستان سے جنم لینے والے ان تخلیق کاروں میں سے ایک ہیں جس نے بعد میں آنے والے نوجوانوں کے ایک بڑے کھیپ کو متاثر کیا، جو گاہے بگاہے عکس کاری سے متعلق اسے پوچھتے بھی ہیں۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہزاد محمد علی نے اپنا ایک یوٹیوب چینل بھی بنالیا ہے۔ جس سے اس کا مقصد فقط اپنے چاہنے والوں اور عکس کاری کے شوقین طالب علموں کو وہ علم عطا کرنا ہے جس سے وہ اس مشکل طلب شعبے میں مہارت حاصل کریں۔

شہزاد آسٹروفوٹوگرافی کے مستقبل کو لے کر کافی پرامید ہیں۔ کہ یہ شعبہ پاکستان میں ترقی کرے گا۔

شہزاد پاکستان کی روشن، اور پرامید اور رنگین تصویر ہیں، جو اس کم عمری میں کاندھوں پر بھاری ذمہ داری سجائے ہوئے ہیں۔ شہزاد کا روشن مستقبل پاکستان کا بھی روشن مستقبل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).