تھینکس گیونگ: دو دن میں 20 لاکھ امریکیوں کا فضائی سفر، کرونا انتباہ نظر انداز


امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق جمعے اور ہفتے کو ملک بھر کے مختلف ہوائی اڈوں پر 20 لاکھ مسافروں کو اسکرین کیا گیا۔ غالب امکان ہے کہ ان میں سے بیشتر لوگوں نے تھینکس گیونگ کا تہوار اپنے خاندان کے ساتھ منانے کے لیے سفر کیا۔

تھینکس گیونگ امریکہ کا سب سے بڑا تہوار ہے جسے یومِ تشکر بھی کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر امریکہ بھر میں لوگ دور دراز کا سفر کر کے اپنے خاندان اور دوستوں کے پاس جاتے ہیں اور ان کے ساتھ یہ تہوار مناتے ہیں۔

تھینکس گیونگ سے امریکہ میں تعطیلات کا موسم شروع ہو جاتا ہے جو نئے سال کی آمد تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران اکثر لوگ اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے سفر کرتے رہتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو دنوں میں 20 لاکھ افراد کے فضائی سفر کی یہ تعداد گو کہ گزشتہ سال کے مقابلے کم ہے، لیکن کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے باوجود جمعے کو اس سال مارچ کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز میں 10 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے فضائی سفر کے لیے ہوائی اڈوں کا رخ کیا۔ ​

اس سال کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث امریکہ کے محکمۂ صحت نے سفر سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ لیکن اس کے باجود لاکھوں امریکیوں نے فضائی سفر کے لیے ٹکٹ خریدے ہیں تا کہ یومِ تشکر منانے کے لیے اپنے پیاروں کے پاس پہنچ سکیں۔

مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں پر سفر پر روانگی کے لیے لوگوں کے ہجوم دکھائی دے رہے ہیں۔ بڑی فضائی کمپنیوں نے عالمی وبا کی وجہ سے اپنے صارفین کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ اپنا ٹکٹ منسوخ کرا سکتے ہیں۔

نیشنل کنزیومر لیگ سے منسلک جان بریولٹ کہتے ہیں کہ صارفین کو اگر اپنی صحت کی وجہ سے سفر کا ارادہ ترک کرنا پڑے تو انہیں فکرمند ہونے کی قطعی ضرورت نہیں۔

کرونا کیسز میں اضافے پر عالمی ادارۂ صحت کا اظہارِ تشویش

زیادہ تر فضائی کمپنیاں اپنی سیٹ منسوخ کرنے پر ٹکٹ کی رقم تو واپس نہیں کریں گی، لیکن وہ فیس وغیرہ معاف کر کے واؤچر دیں گی۔ بریولٹ کہتے ہیں کہ مختلف ایئر لائنز مختلف قسم کے واؤچر دیں گی اور اس کا انحصار اس پر بھی ہو گا کہ آپ نے کب ٹکٹ خریدا تھا۔

یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کتنے افراد واؤچر حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن ہوائی اڈوں پر لوگوں کا ہجوم دیکھتے ہوئے یہ اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ زیادہ تر لوگ سفر ہی کریں گے۔

ایک روز قبل ہی وبائی امراض پر کنٹرول سے متعلق قومی ادارے ‘سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن’ نے کہا تھا کہ امریکیوں کو اس سال تھینکس گیونگ کے لیے سفر نہیں کرنا چاہیے اور یہ تہوار صرف اپنے ساتھ مقیم اہلِ خانہ کے ساتھ ہی منانا چاہیے۔

اس سے قبل امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے بڑے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے اتوار کو کہا تھا کہ امریکی ہوائی اڈوں پر لوگوں کے ہجوم ہونے پر انہیں تشویش ہے کیوں کہ اس سے عالمی وبا کے امریکہ میں خطرناک حد تک بڑھنے کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa