امریکہ: کرسمس پر نیشول کار دھماکے سے لرز اٹھا، پولیس کے مطابق یہ عمداً کارروائی ہے



دھماکے کے مقام کے قریب سڑک پر ملبے کے ٹکڑے بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ 25 دسمبر 2020
امریکہ کی ریاست ٹینی سی کے شہر نیشول میں کرسمس کی صبح سڑک کنارے پارک کی گئی ایک گاڑی دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ عمداً کیا گیا۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں کوئی بھی خطرے کی حالت میں نہیں بتایا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو صبح چھ بجے کے قریب شہر کے ڈاؤن ٹاؤن سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس میں فائرنگ کی اطلاع دی گئی۔ ترجمان کے مطابق پولیس کو بعض وجوہات کے باعث اس گاڑی کے متعلق شکوک پیدا ہو گئے اور آفیسرز نے بم سکواڈ کو بلانے کی کال دی۔ پولیس ترجمان ڈان ایرون کے مطابق بم سکواڈ کے پہنچنے سے پہلے گاڑی زور دار دھماکے سے تباہ ہو گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا خیال ہے کہ یہ دھماکہ عمداً کیا گیا‘‘۔ ترجمان نے دھماکے کو بہت اہم واقعہ قرار دیا اور بتایا کہ پولیس، وفاقی حکام جن میں ایف بی آئی اور بیورو آف الکوحل، ٹوبیکو، فائر آرمز اینڈ ایکسپلوسوز شامل ہیں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

سابقہ ایف بی آئی ڈائریکٹر اینڈریو مک کابے نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ممکن ہے کہ پولیس ایک ہدف ہو جو ایک مشکوک کال پر وہاں پہنچی تو یہ دھماکہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے کی پر ممکن تفتیش کی جانی چاہئے اور اسے ممکنہ طور پر مقامی یا بین الاقوامی دہشت گردی کے عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔

دھماکے سے چند لمحے پہلے پولیس نے قریبی عمارتوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر چلے جانے اور ایک شخص کو، جو اپنے کتے کے ساتھ گاڑی کے قریب سے گزر رہا تھا، اپنی سمت بدلنے کا کہا۔

دھماکے کے مقام پر فائر فائٹرز موجود ہیں۔ 25 دسمبر 2020
دھماکے کے مقام پر فائر فائٹرز موجود ہیں۔ 25 دسمبر 2020

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس گاڑی میں کوئی فرد موجود تھا یا نہیں۔

دھماکےکو 9 بلاکس کے فاصلے تک محسوس کیا گیا اور دھماکے کے باعث ایک پولیس افسر دور جا گرا اور اسے عارضی طور پر سماعت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے کئی دوسری گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔

کرسمس کی وجہ سے اس علاقے میں قریب واقع اکثر عمارتیں بند تھیں۔

مقامی شہری بک میک کوئے نے سی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے درخت اکھڑ گئے اور ہر طرف شیشے بکھرے ہوئے تھے۔

دھماکے سے کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا اور وہاں سے اٹھنے والے دھوئیں کو کئی میل کے فاصلے سے دیکھا گیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی اور دھماکے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

نیشول کے میئر جان کوپر نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ڈاؤن ٹاؤن کے علاقے سے دور رہیں، جہاں پولیس اور وفاقی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa