تلخ یاد کے ساتھ گزر گیا یہ برس بھی


سال کا آخری دن ہے، آج گزرے سال کا جائزہ لیا اور احتساب کیا جا سکتا ہے۔ یہ سال  کسی کے لیے ناقابل فراموش تو کسی کے لیے ہر سال کی طرح نارمل رہا ہو گا، زندگی کے اس مختصر سفر کا ایک اور سال گزر گیا۔

انسان اس دنیا میں آتا ہے زندگی کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے بچپن، جوانی اور پھر بڑھاپے میں قدم رکھتا ہے، جس ماحول میں آنکھ کھولتا ہے اس ماحول کا اس کی شخصیت پر گہرا اثر ہوتا ہے۔

بچپن کی ایک الگ سی دنیا، جس میں الگ سے خواب اور تمنائیں ہوا کرتیں ہیں، خواب کھلونے ، کاغذ کے جہاز، کشتی اور پھر بڑے ہو کر استاد ڈاکٹر بننے تک محدود ہوتے ہیں۔ معمولی سی باتوں پر لڑائی جھگڑے اور پھر اتنی ہی جلدی صلح کر لینا بچپن کی عام سے باتیں ہیں۔

اسکول کی زندگی نسبتاً بوجھ سی ہوتی ہے ، شروع میں پڑھائی میں دل نہ لگنا، اسکول کا کام اور استاد محترم کی مار سب سے بڑی پریشانی ہوتی ہے، چھٹی والی رات کا الگ ہی لطف ہوتا ہے ، ساری پریشانیاں بھول جاتی ہیں۔

انسان اپنے ماضی کے ساتھ کسی نہ کسی طرح سے وابستہ رہتا ہے، وہ ماضی کی یادوں کے سہارے تنہائیوں میں لطف اندوز ہوتا ہے، یادیں ہی حال کو خوبصورت یا بھیانک بناتی ہیں، یہ تنہایوں کی محفلیں سجانے کا ساماں ہوتیں ہیں، ماضی کی اچھی یادیں ہونٹوں پر حسین مسکراہٹ اور بری آنکھ میں ساون کی بوندوں کی طرح نمی چھوڑ جاتی ہیں۔

یہ برس میرے لیے عام برسوں سے بہت مخلتف اور میری زندگی کا بدترین سال تھا، اس سال میں نے خدا کی عطا کردہ نعمتوں میں نے ایک عظیم نعمت کو کھویا، میری والدہ دار فنا سے دار بقا کی طرف چلی گئیں، ماں کا رشتہ ایسا انوکھا ہے جس میں سوائے محبت اور ایثار کے آپ کو کچھ نظر نہیں آئے گا۔  ماں کو اپنی اولاد سے کچھ ملے نہ ملے اسے اس کی پروا نہیں ہوتی ، بچہ کتنا نالائق اور نااہل کیوں نہ ہو وہ اپنی اولاد کو محبت کی نظر کے علاوہ نہیں دیکھ سکتی۔ والدہ کے قرب سے محرومی کا احساس ہر دن گہرے سے گہرا ہوتا جا رہا ہے۔

قدرت نے مجھ ناچیز کو لازوال نعمتوں سے نوازا ہے، یوں تو انسان ہونے کے ناتے ہم اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، ان نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت جو رب تعالٰی کی طرف سے ملتی وہ والدین کی صورت میں ہوتی، وہ اگر چھین لی جائے اس کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا، ماں کی محبت اور شان کو لفظوں میں نہیں پرویا جا سکتا، ماں کسی کی بھی ہو وہ دنیا کی حسین ترین عورت ہے۔

یہ سال میری زندگی میں ایسے لمحات چھوڑ گیا جو ہمیشہ کے لئے میری زندگی کی خوشیوں میں حائل رہیں گے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).