طیارہ حادثہ: لواحقین کو اپنے پیاروں کی باقیات کا انتظار


جکارتہ
تباہ شدہ طیارے کے مسافروں اور عملے کے لواحقین انتظار کی تکلیف سے گزر رہے ہیں کیونکہ حکام اس طیارے کے ملبے اور باقیات کی تلاش میں ہیں۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ جکارتہ کے قریب سمندر میں گرنے والے بوئنگ 737 مسافر بردار طیارے کے بلیک باکس کا پتہ لگانے کے لیے استعمال ہونے والے پنگ لوکیٹر میں ’تکنیکی مسائل ہیں یا یہ آلہ متاثر ہوا ہے۔‘

اب سنگاپور سے نئے ’پنگ لوکیٹر‘ کی آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اب تک طیارے کے ملبے کا کچھ حصہ اور انسانی باقیات ملی ہیں۔

سنیچر کو جکارتہ سے پرواز بھرنے کے چند ہی منٹ کے بعد بوئنگ 737 مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ اس پر کل 62 افراد سوار تھے۔

بظاہر لگتا ہے کہ تلاش کے اس عمل میں کوئی زندہ نہیں مل پائے گا۔

پیر کو انڈونیشیا کی پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی عملے کی اہلکار اوکے بسما کی شناخت کی۔ ان کی عمر 29 برس تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ غوطہ خوروں نے انسانی باقیات، جہاز کے ٹکڑے اور کپڑے نکالے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2600 اہلکار سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے تھے جن میں 50 کشتیاں اور 13 ائیر کرافٹ شامل ہیں۔

سنیچر کو دارالحکومت جکارتہ سے اڑان بھرنے کے فورا بعد غائب ہونے والا بوئنگ 737 مسافر بردار طیارہ سمندر میں گرا تھا۔

طیارے کے پائلٹ کے بھتیجے فرزہ مہردھیکا کہتے ہیں کہ ’ہم غم میں ہیں اور اب بھی بہترین کے لیے دعا گو ہیں۔‘

کیپٹن عفوان کی عمر 54 برس تھی۔

ان کے بھتیجے نے بتایا کہ انکل اس دن گھر سے بہت جلدی میں نکلے۔ وہ عام طور پر بہت اچھی طرح تیار ہوتے ہیں لیکن اس روز انھوں نے بغیر استری کے شرٹ پہن رکھی تھی۔

انھوں نے اپنے تینوں بچوں سے معذرت کی کہ وہ بچوں کو جلدی چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

عفوان سنہ 1987 میں کمرشل پائلٹ بننے سے پہلے ائیر فورس کے لیے بطور پائلٹ فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

ان کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ عقیدے کے پکے مسلمان تھے اور جنوبی جاوا کے ٹاؤن بوگر کے لوگوں کی امداد کرتے تھے اور اپنے کام کی جگہ پر بھی لوگوں کی مدد کرتے تھے۔

سوشل میڈیا پر ان کی پروفائل پکچر میں سپرمین کا کارٹون دکھائی دے رہا ہے جو دعا کر رہا ہے اور ساتھ میں یہ لکھا ہوا ہے کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنا اونچا اڑتے ہیں آپ کبھی جنت میں نہیں جائیں گے اگر آپ نماز نہیں پڑھتے۔‘

فرزا نے بتایا کہ وہ بہت اچھے انسان تھے وہ اکثر لوگوں کو صلاح مشورہ اور اچھی رائے دیتے تھے۔ اور وہ اپنے علاقے میں بہت جانی پہچانی شخصیت تھے اور اپنی رحمدلی کی وجہ سے مشہور تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ میں بہت دکھ میں ہوں اور مجھے جو ہو رہا ہے اس پر یقین نہیں آ رہا۔ پلیز آپ انکل کے لیے اور اور ہمارے خاندان کے لیے دعا کریں۔

دندا آمیلیا جو تفریح کے لیے گھر سے نکلی تھیں

اس طیارے کے مسافروں میں پندرہ سالہ دندا آمیلیا بھی موجود تھیں جو جکارتہ میں چھٹیاں منانے گئی تھیں۔

وہ اپنی والدہ کی باس کے ساتھ گئی تھیں۔ جن کے دو بچے بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ان کی والدہ لینا کا کہنا ہے کہ وہ اس خاندان کے ساتھ بہت عرصے سے کام کر رہی ہیں اس لیے جب ان کی بیٹی نے چھٹیاں ان کے ساتھ گزارنے کی درخواست کی تو میں نے اسے منع نہیں کیا۔

وہ کہتی ہیں کہ ان کی بیٹی 27 دسمبر کو جکارتہ گئیں لیکن پھر واپس کبھی نہیں لوٹ سکی۔

بی بی سی انڈونیشیا سے گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی 15ویں سالگرہ کے روز گھر سے گئی۔ وہ بہت خوش تھی۔

صحافیوں سے گفتگو میں لینا نے دندا کی تصویر بھی دکھائی۔

وہ کہہ رہی تھیں ’چھوٹی واپس آ جاؤ۔‘

آنگا فرنندا افریان_ ایک ماہی گیر جو کچھ ہی دن پہلے باپ بنا تھا

افراندا نے بی بی سی انڈونیشیا کو بتایا کہ وہ اب بھی یہ امید کر رہی ہیں کہ شاید اس فلائیٹ میں موجود ان کا 29 سالہ بیٹا انگا فرنندا افریان ابھی تک زندہ ہو۔

سماٹرا میں موجود افراندا کہتی ہیں کہ جکارتہ میں ان کے اہلِ خانہ معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ میں بھی جانا چاہتی ہوں لیکن وبا کی وجہ سے سفر مشکل ہے۔‘

فقط ایک ہی ہفتے پہلے ایک ماہی گیر جس کا نام انگا تھا وہ باپ بنا تھا۔ دونوں میاں بیوی کے یہاں یہ پہلے بچے کی پیدائش تھی۔

ان کی ماں کہتی ہیں کہ بچے کی پیدائش کے بعد میرا بیٹا اپنے بیٹے کو بہترین زندگی دینے کے لیے سخت محنت کرنا چاہتا تھا۔

آنگا سامان لے جانے والی کشتیوں پر کام کرتا تھا۔ ان کی والدہ کہتی ہیں کہ جمعے کو بہت دیر سے اس نے بتایا کہ اسے پونتیاناک جانا ہے کیونکہ کشتی خراب ہے اور اس کے مالک نے کہا ہے کہ وہ وہاں پہنچے۔

وہ کہتی ہیں کہ و سفر تو اکثر کرتا تھا لیکن فضائی سفر بہت ہی کم کرتا تھا وہ زیادہ تر کشتی کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتا تھا۔

وہ کہتی ہیں کہ ان کا بیٹا بہت عزم و ہمت والا اور بہت ہی تابعدار بھی تھا۔

افراندا نے اپنے بیٹے کی تصویر اٹھا رکھی تھی جس میں اس نے یونیفارم پہنا ہوا ہے وہ کہتی ہیں کہ اگر وہ چلا گیا ہے تو میں چاہتی ہوں کہ اس کو گھر لے کر آؤں اور اس کی تدفین کروں۔

نیا شادی شدہ جوڑا _ احسان ادہلان حاکم اور پتری واہیونی

حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں ایک نو بیاہتا جوڑا بھی موجود تھا۔ احسان اذلان حاکم اور پوتری واہیونی۔

احسان کے چھوٹے بھائی ارون عمرو حاکم نے ویب سایٹ کومپاس کو بتایا کہ ان کے بھائی کو سوکرو ہاٹا ائیر پورٹ سے کال موصول ہوئی کہ خراب موسم کی وجہ سے ان کی فلائیٹ معطل ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا کالیمنتان جا رہا تھا جہاں ان کی شادی کے بعد ایک تقریب ہونا تھی کیونکہ وہاں احسان کے دیگر رشتہ دار رہتے تھے۔

اگلے سنیچر کو یہ تقریب منعقد ہونا تھی لیکن اب یہ خاندان اکھٹے دعا کر رہا ہے۔

اندا ان کے شوہر محمد رذکے اور ان کا نومولود بچہ

یسریلانیتا بے ہوش ہو گئیں جب انھیں یہ خبر ملی کے وہ طیارہ جس میں ان کی بیٹی اندا حملیہ پتری، ان کا داماد محمد رزکے وحودی اور ان کا نومولود بچہ سسوار تھے حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔

اندا جاوا میں بچے کی پیدائش کے لیے آئی تھیں اور اب واپس پونتیانک میں اپنے شوہر کے ہمراہ جا رہی تھیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق طیارے کے پرواز بھرنے سے پہلے اندا نے طیارے کے پروں کی تصویر واٹس ایپ کے ذریعے بجھوائی اور پیغام میں کہا کہ بہت بارش ہو رہی ہے۔

انھوں نے اپنے خاندان سے دعا کرنے کے لیے کہا۔

ساتھ ہی حکام نے انڈونیشیا کے ہوائی اڈے پر ایک خصوصی سینٹر بنایا گیا تاکہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے عملے اور مسافروں کے قریبی لواحقین کے ڈی این اے سیمپلز لے لیں تاکہ شناخت کے عمل میں مدد ملے۔

پولیس کے سینئیر اسسٹنٹ کمشنر یانی پرمانہ کہتے ہیں کہ 51 اہلکاروں کو لاشوں کی شناخت کے لیے مختص ٹیم کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ ملنے والے نمونوں کو اکھٹا کر سکیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ یہ عمل کم ازکم دو روز تک جاری رہے گا کیونکہ ابھی کچھ خاندان ایسے ہیں جو دارالحکومت پہنچنے کے لیے سفر کر رہے ہیں۔

ایک بزنس مین نے اپنے بیٹے کو کھو دیا

سی این این نیوز کے مطابق ایک تیس سالہ کاروباری شخص بزنس ٹرپ پر جکارتہ گئے ہوئے تھے اور واپس نگاراک میں اپنے خاندان کے پاس گھر جا رہے تھے۔

ان کا گھر ایئرپورٹ کے نواح میں ہے۔

ان کی بیوی نے سی این این کو بتایا کہ میری اپنے شوہر سے بات ہوئی تھی۔

’وہ ایک بہت اچھے اور ملنسار انسان تھے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ان کے شوہر نے جو آخری پیغام بھجوایا وہ یہ تھا کہ بیٹے کو ڈاکٹر کے پاس لے جائیں کیونکہ اسے بخار ہے۔ جبکہ اب ان کا بیٹا بار بار پوچھ رہا ہے کہ اس کے والد کب گھر لوٹیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp