اپنے ملازم کا مذاق اڑانے والی ریسٹورنٹ مالکن نے معافی مانگ لی


اسلام آباد میں واقع ریسٹورنٹ ’کنولی‘ کے مالکان نے اپنے ملازم کا مذاق اڑانے پر معافی مانگ لی ہے۔

کنولی ریسٹورنٹ کے انسٹاگرام پر معافی نامہ شیئر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’ہم لوگوں کے اس رد عمل پر افسردہ اور خوفزدہ ہیں کہ کس طرح انہوں نے ہمارے ایک ٹیم ممبر کے ساتھ ہنسی مذاق کا غلط مطلب نکالا۔ یہ ویڈیو ہمارے درمیان ہونے والی گپ شپ کو ظاہر کرتی ہے، اس کا مقصد دل دکھانا یا منفیت کا اظہار نہیں تھا، اگرچہ ہمارا مقصد کسی کا دل دکھانا نہیں تھا لیکن پھر بھی اگر اس ویڈیو کی وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو ہم اس پر معافی مانگتے ہیں ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہمیں اپنے آپ کو مہربان مالک کے طور پر دکھانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جو لوگ ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں وہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے ہمارے ساتھ ہیں اور یہی ہمارے حسنِ اخلاق کی مثال ہے۔ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ہم اپنی زبان اور ثقافت سے پیار کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کنولی ریسٹورنٹ کی مالکن اپنے منیجر کی کمزور انگریزی کا مذاق اڑاتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ یہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کنولی ریسٹورنٹ کو کڑی تنقید کا سامنا ہے، ٹوئٹر پر بائیکاٹ کنولی کا ہیش ٹیگ پہلے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).