کورونا وائرس: چین سے ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی مگر یہ ویکسین پہلے ملے گی کس کو؟


کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی کھیپ آج چین سے پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پاکستان فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے یہ ویکسین لے کر پیر کی صبح نورخان ایئربیس پہنچا، جہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین چین کی طرف سے تحفہ ہے۔ انھوں نے اس پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’سائنوفام ویکسین کا پہلا بیچ (کھیپ) ملا ہے! اس کے لیے انتھک محنت کرنے والے ہر شخص کا شکر گزار ہوں۔‘ خیال رہے کہ اس سے قبل اتور کی صبح پاکستان فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے کووِڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی کھیپ لینے روانہ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا وائرس: پاکستان میں آپ کووڈ 19 کی ویکسین کیسے لگوا سکتے ہیں؟

پاکستان میں اگلے ہفتے سے طبی عملے کو دی جانے والی ویکسین کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

کیا پاکستان کورونا ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرنے میں تاخیر کا مرتکب ہو رہا ہے؟

چین کی سرکاری دوا ساز کپمنی کی تیارکردہ ویکسین سائنو فارم کی پانچ لاکھ خوراکیں چین کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک میں ویکسین کے انتظام اور ترسیل کے لیے جامع حکمت عملی اور اقدامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ویکسین محفوظ کرنے کے لیے اورمحتلف صوبوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں ویکسین پہنچانے کے تمام ضروری اقدامت بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

https://twitter.com/fslsltn/status/1356098020723613699?s=20

کورونا ویکسین کی رجسٹریشن اور اس کے انتظام کی نگرانی کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے آن لائن پورٹل نیشنل ایمونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) بنایا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا ویکسین کیسے لگوائی جائے؟

ویکسین لگانے کے لیے ملک میں اضلاع اور تحصیل کی سطح پر متعدد ویکسین مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں جا کر کووڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔

پہلے مرحلے میں صحت کے عملے کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں ساٹھ سال یا اس سے بڑی عمر کے افراد کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسین کی فراہمی کے قومی ادارے (ای پی آئی) کے حکام کا کہنا ہے کہ 60 سال اور اسے بڑی عمر کے افراد کا ڈیٹا شہریوں کی رجسٹریشن کے قومی ادارے نادرا سے حاصل کر لیا گیا ہے۔

تیسرے مرحلے میں اٹھارہ سال اور اس سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔

ویکسین کی حفاظت اور ذخیرہ کرنے کا انتظام

چین کی سرکاری دوا ساز کمپنی کی جانب سے بنائی گئی کورونا ویکسین سائنو فارم کو محفوظ رکھنے کے لیے دو سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درکار ہے۔ لہٰذا ہر ویکسین سینٹر پر ویکسین کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک خاص ‘آئی ایل آر’ ریفریجریٹر رکھا گیا ہے، جہاں اس ویکسین کو حفاظت سے رکھا جائے گا۔

عموماً ویکسین چھوٹی بوتلوں ‘وائل’ میں دستیاب ہوتی ہے لیکن سائنو فارم ویکسین کی ہر خوراک ایک سرنج میں بھری ہوئی آئے گی، جسے لگانے کے بعد توڑ کر پھینک دیا جائے گا تاکہ یہ سرنج دوبارہ استعمال نہ کی جا سکے۔

اس ویکسین کی دو خوراکیں ہیں۔ پہلی خوراک کے 21 دن کے بعد دوسری خوراک دی جائے گی۔ سائنو فارم کورونا سے بچاؤ میں 79.35 فیصد موثر ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہیں کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائیں جائیں۔

رجسٹریشن کا طریقہ کار

وہ تمام افراد جو اپنے آپ کو کورونا ویکسین کے لیے رجسٹر کروانا چاہتے ہیں انھیں یہ طریقہ کار اپنانا ہو گا۔

  • اپنا شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائل فون سے 1166 پر ایس ایم ایس کریں۔ رجسٹریشن کے لیے این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ کا استعمال بھی کیا جا سکے گا
  • آپ کے شناختی کارڈ کے موجودہ پتے کے مطابق آپ کو قریبی ویکسین سنٹر کا پتہ ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجا جائے گا
  • جب ویکسین دستیاب ہوجائے تو رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے ایک مخصوص تاریخ اور وقت بتا کر ویکسین لگانے کے لیے بلایا جائے گا اور اس کے ساتھ صارفین کو ایک کوڈ میں بھی موصول ہو گا
  • اگر آپ دیے گئے ویکسین سنٹر پر نہیں جا سکتے تو آپ 1166 پر کال کر کے یا این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا سنٹر تبدیل کروا سکتے ہیں
  • شہریوں کو ان کے لیے مختص کردہ ویکسین سنٹر پر ہی بتائی گئی تاریخ اور وقت پر جانا ہو گا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp