کھلاڑیوں کے مزید کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی ایس ایل 6 ملتوی


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو مزید تین کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

پی ایس ایل 6 میں شریک چھ کھلاڑیوں اور ایک سپورٹنگ اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ متاثرہ کھلاڑیوں میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

بائیو ببل کے باوجود کرونا کیسز میں اضافے کے باعث پی سی بی نے جمعرات کو ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے پی سی بی نے تمام فرنچائز مالکان کو ورچوئل اجلاس میں اعتماد میں بھی لیا ہے۔

بیس فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جانے تھے۔ تاہم ایونٹ میں اب تک صرف 14 میچز ہی کھیلے گئے تھے۔

بائیو سیکیور ببل میں رہنے کے باوجود پیر کو آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہی ایونٹ کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔

بعدازاں منگل کو مزید دو غیر ملکی کھلاڑیوں اور ایک سپورٹنگ اسٹاف میں کرونا کی تشخیص ہوئی اور جمعرات کو پی سی بی نے اپنے ایک اعلامیے میں مزید تین کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

پی سی بی کے مطابق کرونا کے نئے متاثرہ کھلاڑیوں میں بدھ کی شام کرونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جن کے بعد اُن کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔

پی ایس ایل 6: مزید 2 غیر ملکی کھلاڑی کرونا کا شکار، منتظمین ایونٹ مکمل کرنے کے لیے پرامید

پی سی کا کہنا تھا کہ متاثرہ کھلاڑی بدھ کو کھیلے جانے والے میچز میں شامل نہیں تھے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو دو میچز کھیلے گئے تھے۔ پہلا میچ پشاور زلمی اور کراچی کنگز جب کہ دوسرا مقابلہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوا تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار تینوں کھلاڑی آئندہ 10 روز تک قرنطینہ یعنی تنہائی میں رہیں گے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا پیر کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس روز کھیلا جانے والا اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان شیڈول میچ اگلے روز تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر سمیع برنی کا منگل کو پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ بائیو ببل میں موجود تمام افراد کے کرونا ٹیسٹ جمعرات سے ہوں گے جن میں کھلاڑیوں کے علاوہ سپورٹنگ اسٹاف، میچ آفیشلز، سیکیورٹی افسران اور کھلاڑیوں کی فیملی پر مشتمل 300 افراد شامل ہیں۔

Facebook Comments HS

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3333 posts and counting.See all posts by voa