’ان کی شادی کو ایک دن بھی نہیں ہوا اور یہ دولہا کو شہید کہہ رہے ہیں`


دولہا

‘ہائے! اس کی شادی ہو رہی ہے۔ یہ بیچارہ تو گیا کام سے!’

‘حضرت اب آپ کے آزادی کے دن گئے! اب آپ کی شادی ہو رہی ہے’

یہ وہ چند ایسے جملے ہیں جو اکثر مرد حضرات مذاق کرتے ہوئے یا تو خود ادا کرتے نظر آتے ہیں یا ان کے دوست شادی کی خبر سن کر بےساختہ کہہ دیتے ہیں۔ ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دولہا کے دوست اسے سلام پیش کر رہے ہیں جبکہ پیچھے ‘اے راہِ حق کے شہیدو تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں’ کا ترانہ چل رہا ہے۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ‘کیا صرف مجھے ہی یہ کراہت آمیز لگ رہا ہے؟ تو آپ شادی نہ کریں نا۔

اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے بہت سے سوشل میڈیا صارفین ایسے لطیفوں اور چٹکلوں کا ذکر کرتے نظر آئے جو اکثر شادی کے موقع پر مرد حضرات اور ان کے دوست مرد کی آزادی اور بیچارگی سے متعلق کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ ان کے خود کے لیے تو شاید باعث مسرت ہو لیکن خواتین خاص طور پر دلہن کے لیے نہ صرف تکلیف دہ بلکہ توہین آمیز بھی ہوتے ہیں۔

اس ویڈیو پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ‘ہمارے معاشرے کو بڑا شوق ہے دولہا کو شادی میں بطور مظلوم پیش کرنے کا، جیسے وہ ہی ساری قربانیاں دے رہا ہو جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ عورت ہے جس کی آزادی ختم ہو جاتی ہے۔ وہ اپنا گھر چھوڑ کر آتی ہے، گھر کے سارے کام کرتی ہے بچے پیدا کرتی ہے اور انھیں پالتی ہے۔’

بہت سے صارفین نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ کیسے اس وڈیو کے دوران دلہن کے چہرے سے واضح تھا کہ یہ مذاق ان پر ناگوار گزر رہا ہے۔

ایمان نامی صارف نے لکھا کہ ‘دلہن کو اس کی شادی والے دن بے عزت کرنے کی ہمت! ان کی شادی کو ایک دن بھی نہیں ہوا اور یہ دولہا کو ‘شہید’ کہہ رہے ہیں۔ شوہروں کی اپنی بیویوں سے خوف زدہ ہونے والی منطق اس لیے بھی غلط ہے کیونکہ پاکستان میں خواتین پر گھریلو تشدد عام ہے۔’

جبکہ عدیل ریاض کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے ہیروز کی تذلیل ہے جو ہمارے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔ اور لوگ ہمیشہ شادی کو مردوں کی قربانی ہی کیوں قرار دیتے ہیں۔ ‘ایک اور گیا’ والا آخر کیا مذاق ہے؟

مذاق اپنے برابر یا اوپر والے پر اچھا لگتا ہے

صحافی اور تجزیہ کار صباحت ذکریا نے شادی اور بیویوں سے متعلق معاشرے میں عام کیے جانے والے مذاق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘عام طور پر مذاق اپنے سے برابر یا طاقت ور پر کیا جاتا ہے تاکہ آپ کی بات بھی ان تک پہنچ جائے اور اس پر وہ برا بھی نہ مانیں۔ لیکن ہمارے معاشرے میں تو پہلے ہی مردوں کو خواتین پر فوقیت حاصل ہے تو ایسے میں اس طرح کامذاق کر کے وہ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں یا اس سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔’

صباحت کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو ایسے لطیفوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ شاید ہی آپ کو کوئی ایسا مرد ملے جو اپنی بیوی سے ڈرتا ہو اور اس کی بیوی اس سے گھر کے سارے کام کاج کرواتی ہو، دوسری طرف ہم نے دیکھا ہے کہ ایسے موقعوں پر اور ایسے مذاق کا خواتین جواب نہیں دے پاتی کیونکہ اگر وہ اس کا جواب دیں تو لوگ انھیں برا سمجھتے ہیں ۔

ہمیں آپ کا مذاق نہیں پسند

فیس بک پر پاکستانی خواتین کے لیے مختص گروپ ‘سول سسٹرز’ میں اکثر خواتین اس موضوع پر بات کرتی ہیں کہ کیسے بھری محفل میں اکثر ان کے شوہر دوسری شادی اور بیوی کے خاوند پر ظلم سے متعلق مذاق کرتے ہیں اور یہ کہ انھیں اس طرح کے مذاق بالکل پسند نہیں آتے۔

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے اکثر خواتین کا کہنا تھا کہ ایسے مذاق سے شاید مرد خود تو محظوظ ہوتے ہوں لیکن خواتین کے لیے ایسا مذاق باعث تکلیف اور تذلیل ہوتا ہے۔

خواتین ایسے مذاق پر کیسا ردعمل دیں؟

صباحت ذکریا کا کہنا ہے کہ اکثر خواتین اس قسم کے مذاق کے موقع پر خود ہنستی نظر آتی ہیں کیونکہ انھیں علم ہے کہ اگر وہ اس پر سخت ردعمل دیں گی تو لوگ کہیں گے کہ دیکھا مذاق سچ ثابت ہو گیا۔ لیکن خواتین کو چاہیے کہ وہ اس قسم کے مذاق کا حصہ ہرگز نہ بنیں بلکہ مردوں کو ان کے مذاق کا جواب اسی قسم کے مذاق سے دیں جو مردوں پر ہو۔

صباحت کا کہنا ہے ایسا تب ہی ممکن ہو گا جب ہمارے پاس مزاح لکھنے والی زیادہ خواتین ہوں جو اس قسم کے لطیفوں کا جواب لطیفوں سے دے سکیں۔

سول سسٹرز میں بھی اس بارے میں بات کرتے ہوئے بہت سی خواتین کا یہی کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جب مرد اس قسم کا مذاق کریں تو خواتین بھی جواب اسی قسم کے مذاق سے دیں اور بتائیں کہ کیسے شادی کی وجہ سے ان کی آزادی چلی گئی اور کیسے یہ ان کے لیے بھی اتنی ہی زحمت ہے جتنی مردوں کے لیے ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp