پھٹی ہوئی جینز پر شور اور سینسر کی لمبی قینچی


‘ہمارے کپڑے نہیں آپ کی ذینیت بدلنے کی ضرورت ہے’۔

یہ پیغام بالی ووڈ کے شہنشاہ کہے جانے والے اداکار امیتابھ بچن کی نواسی نویہ نویلی نندہ کا ہے۔ دراصل انڈین ریاست اتراکھنڈ کے نئے نویلے وزیراعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے ان بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کے والدین کی پرورش پر سوال اٹھایا تھا جو بقول ان کے ’اول جلول کپڑے پہنتی ہیں‘ اور پھٹی ہوئی جینز پہنتی ہیں۔

راوت بظاہر یہ بتا رہے تھے کہ گھٹنوں پر سے پھٹی ہوئی جینز کس طرح ’معاشرے کی خرابی کاسبب بنتی ہے‘۔ راوت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع ہو گئی اور ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ رِپڈ جینز’ ٹرینڈ کرنے لگا۔

نویہ نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر پھٹی ہوئی جینز میں اپنی تصویر لگاتے ہوئے لکھا ’دوسروں کے لباس کو بدلنے سے پہلے اپنے خیالات کو تبدیل کریں۔ میں اپنی پھٹی ہوئی جینز پہنوں گی اور فخر سے پہنوں گی’۔

اتنا ہی نہیں نواسی کے بعد نانی کو بھی غصہ آ گیا اور انہوں نے بھی تیرتھ سنگھ راوت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیا ’اس بات کا فیصلہ آپ کریں گے کہ کس کی پرورش کیسی ہے اور کسے کیا پہننا چاہیے‘۔

اتنا ہی نہیں اب زیادہ تر لوگ اور اہم شخصیات نے سوشل میڈیا پر پھٹی ہوئی جینز میں اپنی تصاویر لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور لوگوں سے یہ اپیل بھی کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پھٹی ہوئی جینز نکال کر پہنیں۔

اداکارہ ارملا ماتونگڑ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’ پھٹی ہوئی جینز تو ملک کا نوجوان سنبھال لے گا لیکن آپ ملک کی پھٹی ہوئی معیشت کو کیسے سنبھالیں گے’۔

اس ہنگامے میں کنگنا کیسے خاموش رہ سکتی تھیں، انہوں نے اپنی پھٹی ہوئی جینز میں اپنی تصویر لگاتے پوئے اپنے ہی انداز میں لکھا کہ ’پھٹی ہوئی جینز پہنیں تو کُول نظر آئیں بھکاری نہیں‘۔

نِک جونس کے ساتھ عشق اور شادی

برطانیہ کے شاہی جوڑے کے بعد اب انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑہ جونس اوپرا ونفری کی مہمان بنیں ہیں اور اس انٹرویو کا پرومو حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے۔ پرومو میں پرینکا اپنے شوہر نِک جونس کے ساتھ عشق اور شادی پر بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ چونکہ نِک اور ان کی عمر میں بڑا فرق تھا اس لیے وہ ان کے بارے میں سنجیدگی سے نہیں سوچتی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی ماں نے نِک کے بارے میں انہیں قائل کیا اور ان کی ماں کا کہنا تھا کہ ماضی کے ناکام رشتوں کے بعد ان کی زندگی میں ضرور ایسا کوئی آئے گا جو انہیں تمام خوشیاں دے گا۔

پرینکا نے اپنی ہی زندگی کے بارے میں اپنی کتاب’ انفِنِشڈ’ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے سے کتاب لکھنے کے بارے میں سوچ رہی تھیں اور کووڈ کے دوران انہیں اپنی یہ خواہش پوری کرنے کا موقع مل گیا۔ پرینکا ہنستے ہوئے کہتی ہیں کہ پھر اپنی ہی زندگی کے بارے میں کتاب لکھنے سے زیادہ آسان کام اور کیا ہو سکتا ہے خاص طور پر اب جب وہ اپنی پروفیشنل اور پرسنل زندگی میں بہت پراعتماد اور مطمئن ہیں۔

سینسر کی قینچی لمبی ہوگئی

ایمازون ویب سیریز ‘تانڈاو’ کے بعد جو ہنگامہ ہوا تھا اس کے بعد اس سیریز کے سیکوئل کو روک دیا گیا ہے۔ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے لیے حکومت کے سخت اصولوں کے سبب ایسے بڑے پلیٹ فارمز اب بہت محتاط نظر آ رہے ہیں۔

ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق ان ایسے پراجیکٹس کو فی الحال روک دیا گیا ہے جن میں کسی بھی طرح مذہبی یا سیاسی موضوعات ہیں اور نئی سیریز کو ماہرین دوربین لگا کر دیکھ رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان میں کسی طرح کا معمولی سا بھی مذہبی یا سیاسی حوالہ شامل نہ ہو۔

انڈین میڈیا پر رسہ کسنے کے بعد اب او ٹی ٹی پر حکوت کی نظریں ہیں جس پر اب تک سینسر بورڈ کی قینچی نہیں پہنچی تھی لیکن نئے اصولوں کے ساتھ اب یہ پلیٹ فارم بھی پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں۔ نیٹ فلکس پر جاری سیریز ‘بامبے بیگمز’ کے سیزن ٹو کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ لگتا ہے اس سیریز سے کسی کو کوئی خاص پریشانی نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp