اپنے کاروبار کو ایک برانڈ کیسے بنائیں؟


پہلی سچی بات تو یاد رکھیں کہ کاروباری دنیا میں منافع بخش سبقت حاصل کرنے کے لئے ”مختلف اور مفید“ ہونا بہت ضروری ہے اور ایسا کرنے کے لئے کاروباری بندے کو لفظ ”کیوں اور کیسے“ کے ساتھ ہمیشہ پکی دوستی کرنی پڑتی ہے۔

لوگ مارکیٹ میں باقی سب دکانیں چھوڑ کر میرے پاس ہی کیوں آئیں؟ میرے کاروبار میں کیا ایسی خاص بات ہے جو مجھے باقی سب میں ممتاز کرتی ہے؟ میں کیسے اپنے کاروبار کی پہچان میں اضافہ کروں؟ میں کیا ایسا کروں کہ لوگ میرے کاروبار کی تعریف کریں؟

تو جناب اگر آپ کے ذہن میں بھی ایسے کئی سوالات جنم لیتے ہیں تو یقین کریں آپ بہترین طریقے سے اپنے کاروبار کو چلانے کے اہل ہیں۔ اور اگر ایسی کوئی سوچ آپ میں نہیں ہے تو ایسی باتوں کی غور غورو فکر کرنا شروع کر دیں کہ آج کل کوئی دکان کھول کر گاہک کا صرف انتظار کرنے کا وقت نہیں رہا کہ کب کوئی آپ کی دکان میں آئے۔ اب اس سوچ پر عمل کرنے کا دور ہے کہ کوئی آپ کی دکان پر کیوں اور کیسے آئے۔

اب سب سے پہلے برانڈ کو سمجھئے کہ یہ ہوتا کیا ہے۔ تو جناب ایک کاروبار اور برانڈ میں وہی فرق ہے جو ایک نارمل بندے اور گونگے بہرے میں ہوتا ہے یا پھر کسی بت اور جیتے جاگتے انسان میں ہوتا ہے۔ ایک برانڈ بنا کاروبار بولتا ہے، محسوس کرتا ہے، خیال رکھتا ہے جب کہ ایک عام کاروبار صرف دیکھتا ہے، انتظار کرتا ہے، کوئی پروا نہیں کرتا۔ اس کی سوچ صرف چیز دینے اور پیسا لینے تک محدود ہوتی ہے۔

اب جب میں آگے کاروبار کو برانڈ بنانے کے حوالے سے چند مفید باتیں بتاؤں گا تو آپ کو اس کے بارے مزید بہتر طریقے سے پتہ چلے گا۔

1۔ کیا اپنے کاروبار کے کرنے کا مقصد صرف کمانا ہے؟ اگر ایسا ہے تو سوچ کو تھوڑا بڑا کرتے کچھ تبدیلی لائیے۔ آپ کے کاروبار کا مقصد اچھی کمائی کے ساتھ لوگوں کے ساتھ بھلائی بھی ہونا چاہیے۔ لوگوں کو آپ کے کام سے کیا سہولت مل رہی ہے؟ کتنے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے؟ سوسائٹی کی بہتری کے لئے کاروبار کتنا معاون ہے؟ ایسی تمام باتوں کو لازمی سوچیں اور لکھیں کہ یہ آپ کے کاروبار سے برانڈ بننے کا پہلا اہم کام ہے۔ جسے آپ ویژن، مشن اسٹیٹمنٹ بھی کہہ سکتے ہیں۔

2۔ آپ کے کاروبار کا مخصوص لوگو، رنگ اور سلوگن کیسا ہونا چاہیے؟ یہ سب آپ کے برانڈ کی شخصیت کے ظاہری حسن کو واضح کر کے لوگوں کے لئے یادگار بناے گا۔ ان سب کو اپنے بزنس کارڈ، پمفلٹ، سائن بورڈ، بل بک کا لازمی حصہ بنائیے۔ یاد رکھیے کا ہر رنگ اور ڈیزائن کا بھی نفسیاتی اثر ہوتا ہے۔ ان چیزوں کی مزید بہتر جانکاری کے لئے یوٹیوب پر موجود ویڈیوز سے مدد لیں۔

3۔ چاہے آپ کی دکان پر ایک گاہک ہو یا بہت رش ہو، کوئی عام سا بندہ آیا ہو یا کوئی بڑی آسامی، ہر حال میں اپنے اور ملازمین کے اخلاق، بات چیت کے انداز کو پرکھیں۔ کسی بھی کمی و کوتاہی کی صورت میں خود کو بہتر بناتے اپنی ”کسٹمر سروسز“ کا معیار اعلیٰ رکھیں۔

4۔ اپنے کاروبار کا ماہانہ وار یا ششماہی بنیادوں پر مارکیٹنگ پلان بنائیں۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ کاروبار کو پہلے ایک برانڈ بنانا اور پھر مستقل بناے رکھنے میں مارکیٹنگ کا اتنا ہی کردار ہے جتنا ہمارے خون کا، جس میں اسے بار بار جسم میں گردش کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ کاروبار میں بار بار کی مارکیٹنگ کیے بغیر صرف مال و سجاوٹ میں اضافہ سے ہی برانڈ بن سکتا تو یہ آپ کی بہت بڑی بھول ہے۔

5۔ لوگوں کے لئے خود سے سہولیات پیدا کریں چاہے ہوم ڈیلیوری ہو یا خود سے فون پر آرڈر لینا ہو۔ برانڈ میں بنیادی بات ”گاہک کی فکر و تسلی“ ہے۔ آپ نے گاہک کے مسلے کا حل نکال کر دینا ہے۔ اس کو دوسرے موجود انتخابات کی آگاہی دینا ہے۔

6۔ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر اپنی موجودگی کو لازمی کریں۔ اپنا فیس بک پیج اور ویب سائٹ بنائیں۔ ان دونوں پر بہترین کانٹینٹ مارکیٹنگ کریں۔ لوگوں ساتھ نام لے کر بات چیت کریں۔ ان کی تعریف و تنقید کا بہتر انداز میں جواب دیں۔ اس کے علاوہ آپ جو بھی سوسائٹی کے لئے اچھا کریں، کسی ایونٹ کو سپانسرڈ کریں تو اس کی بھی تشہیر کریں۔

تو جناب میں نے اپنی آزمودہ اور مشاہداتی چھ مختصر باتوں سے آپ کو برانڈ بنانے کے حوالے سے آگاہی دینے کی کوشش کی ہے۔ آپ مزید اس بارے گوگل اور یوٹیوب سے لازمی جاننے کی کوشش کریں کہ آج کل کاروبار کو برانڈ بنانا بہت ضروری ہو گیا ہے۔ صرف اچھی دکان یا زبردست سا لوگو و سلوگن ہی بنانا کافی نہیں ہوتا۔ اب ساری بات بہترین کسٹمر سروسز اور لوگوں کے ذہنوں میں ہمیشہ اچھا امیج قائم رکھنے کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments