پاکستان بمقابلہ زمبابوے: زمبابوے کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ، بابر اعظم دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بدھ کے روز ہرارے میں کھیلا جا رہا ہے۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔
اب سے کچھ دیر پہلے تک پاکستان نے چار اوورز کے اختتام پر 21 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آوٹ تھا۔ آوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم تھے جو صرف دو رنز بنا کر بلیسنگ مزربانی کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔
اس وقت کریز پر محمد رضوان اور فخر زمان موجود ہیں۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 14 انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں اور ان تمام میں پاکستان نے فتح حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا شان ولیمز کی ٹیم پریشر کو پچھاڑ دے گی؟
بلاوائیو: پاکستان کی زمبابوے کو 201 رنز سے شکست
پاکستان بمقابلہ زمبابوے: پاکستان نے دوسرا ٹی 20 میچ بھی جیت لیا
اس سیریز کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ پاکستان کے مایہ ناز نوجوان بلے باز بابر اعظم کو انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کرنے کے لیے 60 رنز درکار ہیں اور اگر وہ یہ ساتھ رنز اپنی اگلی چھ اننگز میں مکمل کر لیتے ہیں تو وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین دو ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
انڈیا کے کپتان ویراٹ کوہلی سے بھی پہلے وہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے بلے باز ہوں گے۔
جبکہ دورسی جانب زمبابوے کے ولیمز انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے زمبابوے کے بلے باز بننے سے صرف 73 رنز کی دوری پر ہیں۔
یہاں کھیلا گیا آخری ٹی ٹوئنٹی جولائی 2018 میں انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کا فائنل تھا جس میں پاکستان نے 184 رنز کا ہدف حاصل کر کے آسٹریلیا پر فتح حاصل کی تھی۔
رواں سیریز میں زمبابوے کو برینڈن ٹیلر اور کریگ ایرون کی خدمات بھی دستیاب ہوں گی جو افغانستان کے خلاف سیریز میں دستیاب نہیں تھے۔
ان دونوں تجربے کار بلے بازوں کی واپسی سے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو خوب استحکام ملے گا۔
آئندہ چند روز ہرارے میں موسم معتدل رہنے کا امکان ہے۔ ہرارے سپورٹس کلب کی وکٹ بڑے اہداف کے تعاقب میں سازگار ثابت ہوتی ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی20 میچز بالترتیب 21، 23 اور 25 اپریل کو ہرارے میں کھیلے جائیں گے اور سٹیڈیم میں شائقین کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ٹی20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
زمبابوے کے سکواڈ میں شان ولیمزن(کپتان)، ریان برل، ریگس چکابوا، تناکا چیوانگا، کریگ ارون، لیوک جونگوے، تناشے کمن ہکاموے، ویزلے میڈھویرے، تدی وانشے مرومانی، ویلنگٹن مساکاڈزا، تپیوا مفودزا، بلیسنگ مزربانی، رچرڈ نگاروا، برینڈن ٹیلر اور ڈونلڈ تریپانو شامل ہیں۔
جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، آصف علی، فہیم اشرف، محمد نواز، حسن علی، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔


