‘رادھے جانے کے لیے نہیں، بھیجنے کے لیے آیا ہے’


ایکشن، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور فلم ‘رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی’ میں سلمان خان ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں

بھارت میں عالمی وبا کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں لیکن بالی وڈ کے سلطان سلمان خان عید پر اپنی فلم ریلیز کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے تیار ہیں۔

سلمان خان رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم میں ممبئی شہر سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ایکشن، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور فلم ‘رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی’ میں سلمان خان ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو جرائم پیشہ افراد کا انکاؤنٹر کرتے ہیں۔

فلم کے ٹریلر میں سلمان خان کہتے ہیں کہ “رادھے جانے کے لیے نہیں، بھیجنے کے لیے آیا ہے اور تیرے حصے کی بریانی ہم سب مل بانٹ کر کھائیں گے اور بولیں گے عید مبارک۔”

اس فلم میں سلمان خان کے علاوہ اداکارہ دیشا پاٹنی، جیکی شروف اور اداکار رندیپ ہوڈا ولن کا اہم کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

فلم رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی کی ہدایت پربھو دیوا کی جانب سے دی گئی ہے جنہوں نے اس سے قبل سلمان خان کی مقبول ترین فلم ‘وانٹڈ’ اور ‘دبنگ تھری’ بھی ڈائریکٹ کی تھی۔

دوسری جانب فلم سلمیٰ خان، سہیل خان اور ریئل لائف پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے پروڈیوس کی گئی ہے جو ‘سلمان خان فلمز’ کے بینر تلے عید الفطر کے موقع پر 13 مئی کو سنیما گھروں کی رونق بڑھانے کے ساتھ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی ریلیز کی جائے گی۔

سلمان خان کی فلم ‘رادھے’ کا ٹریلر سامنے آتی ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

https://twitter.com/_SalmanKhan___/status/1385146151817465856

کوئی ان کی فلم ‘رادھے’ کا موازنہ 2009 میں ریلیز کی جانے والی ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم ‘وانٹڈ’ سے کر رہا ہے تو وہیں متعدد صارفین کو ان کی فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔

شویتا نامی صارف کہتی ہیں کہ “یہ فلم صرف تھیٹر کے لیے ہے۔”

علاوہ ازیں ٹوئٹر پر اداکار سلمان خان کے ساتھ ساتھ ان کی ہیروئن دیشا پاٹنی نے فلم ‘رادھے: یو موسٹ وانٹڈ بھائی’ کا ٹریلر شیئر کیا ہے۔

دیشا پاٹنی نے فلم کا ٹریلر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ “یہ عید رادھے کے ساتھ۔”

یاد رہے کہ سلمان خان کی ایکشن، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور فلم ‘رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی’ کا انتظار گزشتہ سال سے کیا جا رہا ہے۔

فلم کو 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے فلم تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments