سب سے پہلے مجھے کوئی بتائے کہ حکومت کیا ہوتی ہے


سب سے پہلے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ کورونا کیا ہوتا ہے۔ یہ میڈیکل سائنس کو چھوڑیں کیونکہ رحونیت کے بغیر سائنس کچھ بھی نہیں ہے اور رحونیت کو ہم اپنی سوہاوہ والی یونیورسٹی سے سپر سائنس بنا کر سامنے لائیں گے تو مغرب حیران ہو جائے گا۔ مجھے پتا ہے، ان کی حیرانی کو مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔ اور جتنا حیران انہیں میں نے کیا ہے اتنا انہیں کسی نے بھی نہیں کیا تھا۔ میرے بیانات سن کر تو وہ جمائما پر بھی حیران ہونے ہی لگے تھے کہ جمائما نے ٹویٹ کرنے شروع کر دیے۔

کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ وہ ٹویٹ میری سمجھ بوجھ کے متعلق ہیں لیکن میں نے گھبرانا نہیں ہے۔ مودی اب تھوڑا سا گھبرا گیا ہے حالانکہ سائنس کے متعلق ہم دونوں کے نظریات ایک جیسے ہی ہیں۔

اور ڈاکٹروں کا کیا ہے انہیں تو ویسے بھی بیماریوں کے متعلق کچھ پتا نہیں ہوتا۔

سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے لیکن اس سے پہلے یہ بتا دوں کہ مجھے تو اللہ نے سب کچھ ہی دے دیا تھا اور مجھے وزیراعظم بننے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ پہلے تو صرف میں کہتا تھا کہ مجھے وزیراعظم بننے کی ضرورت نہیں تھی اور اب اللہ کے فضل سے سب یہی کہتے ہیں۔ ہاں تو میں سب سے پہلے آپ کو بتانے لگا تھا کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے۔ ویسے تو خیر آپ کو علم ہو ہی گیا ہو گا کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے۔ میرے پاس تو چونکہ سب کچھ ہی تھا، میں باؤلنگ اور بیٹنگ کرتا تھا اور ورلڈ کپ بھی جیتا، یورپ میں رہتا تھا۔

اکیس گرمیاں میں نے وہاں گزاری ہیں پھر اچانک مجھے اپنے دیس، مذہب اور کلچر سے پیار ہو گیا۔ میں نے دیکھا کہ یہ برطانیہ تو ریاست مدینہ جیسی لگتی ہے۔ اس خیال سے میں نے سوچا کہ واپس پاکستان جا کر میں بھی ایک ریاست مدینہ بناتا ہوں۔ باقی سب کچھ آپ کے سامنے ہی ہے۔ اب ہمارے پاس احتساب چین جیسا، جمہوریت امریکہ جیسی، ٹیکس برطانیہ جیسے اور ترقی اور فلاح و بہبود صومالیہ جیسی ہے۔ یوں میں نے ریاست مدینہ ثانی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

اسی لیے تو میں اپنے پونے تین سال کی کارکردگی پر اس قدر خوش ہوں۔ اب مزید ہم تھوڑی محنت کر کے تحریک لبیک کو بحال کر لیں تو امن افغانستان جیسا اور انسانی حقوق اور شخصی آزادیاں ایران اور سعودی عرب جیسی ہو جائیں گی۔ پیچھے رہ گئے آبادی میں سالانہ بڑھوتری، عورتوں کے حقوق اور مذہی اقلیتوں کے ساتھ سلوک تو اس میں ہم خود کفیل ہیں۔ ہمیں کسی کو فالو کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔ ان شعبوں میں ترقی کے لیے تو دنیا ہم ہی سے سیکھتی ہے۔ کیونکہ عقل سیکھنے کا یہ بھی تو ایک طریقہ ہے ناں۔

ہاں تو سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ افراط زر کیا ہوتی ہے۔ یہ اکنامکس ہے اور مجھے اکنامکس بہت آتی ہے۔ مجھے سب معلوم ہے کہ افراط زر کیسے ہوتی ہے۔ اکنامکس پر ایک لیکچر تو مراد سعید نے آپ کو دیا تھا ، وہ میں نے ہی اسے بتایا تھا۔ مولانا خادم حسین رضوی مرحوم نے بھی معاشی ترقی کا ایک منصوبہ ہمیں بتایا تھا۔ ہم اس پر عمل کر رہے ہیں۔ ہم نے داتا صاحب کے لنگر کی طرز پر پناہ گاہیں کھول دی ہیں۔ بیرونی قرضوں سے نمٹنے کے لیے خیر ہم نے ایک غوری عین کورونا کے دنوں میں ٹیسٹ کیا تھا کہ لوگ ویکسین، وینٹی لیٹرز اور دواؤں کے ناپید ہونے اور ٹیسٹ کٹس کے غیر معیاری ہونے کی وجہ سے پریشان نہ ہوں۔

کچھ تو ہو جس پر قوم فخر کر سکے۔ اور ظاہر ہے وہ غوری ہی ہے۔ اسی سے ہم اپنی معاشی ترقی کا بندوبست بھی کریں گے۔ سود سے انکار اور غوری پر سوار۔ ہاں تو میں دنیا کو بتا رہا ہوں کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور ہمارے بارے میں سوچے۔ یہ جو کرپٹ سیاست دان ہاں ہاں سیاست دان دولت یہاں سے باہر لے گئے ہیں اس میں سے کوئی دو چار سو ارب ڈالر ہی واپس کر دیں تاکہ ہم کچھ آئی ایم ایف کو واپس کر دیں اور باقی کے غوری میزائل اور کچھ اچھے اچھے گانے بنا ڈالیں۔ اگر کچھ بچ گیا تو اس کے سکے لے کر عوام کے منہ پر بھی مار دیں گے۔

سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ مغرب کیا ہوتی ہے۔ تاریخ کیا ہوتی ہے، جیسے کہ آج تیس تاریخ ہے۔ سب سے پہلے میں آپ کو سمجھاتا ہوں کہ فزکس کیا ہوتی ہے، کیمسٹری کیا ہوتی ہے، وزارت سائنس کیا ہوتی ہے اور ٹیم کیا ہوتی ہے۔ مجھے ٹیم بنانا ہی تو آتا ہے۔ کتنی زبردست ٹیم بنائی ہے میں نے۔ جس کو جہاں مرضی لگا دو کچھ فرق ہی نہیں پڑتا۔

سیاست کیا ہوتی ہے اور فوج کیا ہوتی ہے اور وہ ایک پیج پر کیسے ہوتے ہیں۔ سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ فارن پالیسی کیا ہوتی ہے اور کس کے پاس ہوتی ہے۔ خارجہ پالیسی کے ساتھ ساتھ سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ داخلہ پالیسی کیا ہوتی ہے۔ دھرنا، ڈی چوک اور فیض آباد کیا ہوتا ہے۔ صدر، سپریم کورٹ اور ریفرنس کیا ہوتا ہے۔

سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ روزگار کیا ہوتا ہے۔ آپ یہ نہ سمجھیں کہ کروڑ نوکریاں روزگار ہوتی ہیں۔ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ پچاس لاکھ گھر کیا ہوتے ہیں۔ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ کرپشن کیا ہوتی ہے، منی لانڈرنگ کیا ہوتی ہے، سپریم کورٹ کیا ہوتی ہے، ایف آئی اے کیا ہوتی ہے، احتساب کیا ہوتا ہے۔۔۔ اوہ یار اس بشیر میمن کو تو کوئی چپ کرائے۔

سب سے پہلے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔ اپوزیشن کو مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔ اور ہاں، سب سے پہلے مجھے کوئی بتائے کہ حکومت کیا ہوتی ہے۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments