کانوں اور کھیتوں میں کام کرنے والے یتیم بچے ’رضاکار ہیں: سمشالی کوریا


شمالی کوریائی بچے

شمالی کوریائی بچے سنہ 2020 میں یوم مزدور پر ملک کے پرچم تلے مارچ کرتے دیکھے جا سکتے ہیں

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ملک کے یتیم بچے سرکاری کانوں اور کھیتوں میں رضاکار کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے کہا ہے کہ سینکڑوں بچوں نے ‘اپنی نوجوانی کی ابتدا میں ہی اپنی مرضی اور ہمت کے ساتھ’ ملک کے لیے کام کرنے کا انتخاب کیا ہے۔

شمالی کوریا پر جبری مشقت کے الزام پہلے بھی عائد ہوتے رہے ہیں

ان بچوں کی عمر واضح نہیں ہے۔ تاہم تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ وہ نوعمر بچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’دشمن‘ ملک کے بچوں کو پالنا کتنا آسان؟شمالی کوریا کے بچے جنوبی کوریا میں

سمگل ہونے والی خاتون خود انسانی سمگلر کیسے بنیں؟

کیا بائیڈن شمالی کوریا کے جال میں پھنسیں گے؟

انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے شمالی کوریا پر بچوں کو زبردستی چائلڈ لیبر پر مجبور کرنے کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں جس کی اس ملک نے ہمیشہ تردید کی ہے۔

شمالی کوریائی بچے

شمالی کوریا کی حکومت اپنے شہریوں پر پیدائش سے لے کر موت تک سخت کنٹرول رکھتی ہے

فروری میں بی بی سی نے ان الزامات کے متعلق یہ اطلاع دی تھی کہ جنوبی کوریاکے جنگی قیدیوں کی نسلوں کو شمالی کوریا کی کوئلے کی کانوں میں غلام کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ موجودہ حکومت کے لیے رقم اکٹھا کرنے میں مدد مل سکے جس سے وہ اپنے ہتھیاروں کے پروگرام کو مستقل طور پر چلاتے رہیں۔

خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ شمالی کوریا آبادی تقریبا دو کروڑ 60 لاکھ ہے اور یہاں کی حکومت اس ملک میں بسنے والے افراد کی زندگی کے تمام تر شعبوں پر کنٹرول رکھنے والی ہے۔

شمالی کوریا کی سرحدیں بند ہیں

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کبھی کبھار دیے جانے والے اپنے اقبالیہ بیان میں اپریل کے مہینے میں ملک کو مستقبل میں آنے والے مشکل وقتوں کے لیے تیار رہنے کو کہا ہے۔

شمالی کوریا نے کورونا وائرس کی وجہ سے سنہ 2020 میں اپنی سرحدیں بند کردیں تھیں۔

حتی کہ اس نے اپنی معاشی لائف لائن چین کے ساتھ بھی تجارت بند کردی تھی۔

ریاستی میڈیا میں ان یتیم بچوں کے متعلق کیا کہا گیا؟

گذشتہ ہفتے سرکاری میڈیا کی متعدد اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ان نام نہاد رضاکاروں سے پورے ملک میں مزدوری کے کام لیے جا رہے ہیں۔

سنیچر کو کے سی این اے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 700 یتیم بچوں نے فیکٹریوں، کھیتوں اور جنگلات میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کے روز کورین سنٹرل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی کہ ‘درجنوں یتیم بچے چونے کے علاقے میں کوئلے کی کانوں سے تیزی سے نکل کر باہر آ گئے تاکہ وہ حکومت کے ذریعہ ان سے دکھائی جانے والی محبت کے دس لاکھویں حصے کو پورا کرنے کی اپنی قسم کو پورا کر سکیں۔’

شمالی کوریا میں چائلڈ لیبر پر امریکی رپورٹ کیا کہتی ہے؟

انسانی حقوق کے طور طریقوں سے متعلق 2020 کی امریکی محکمہ خارجہ کی ایک رپورٹ میں شمالی کوریا پر ‘چائلڈ لیبر کے بدترین طریقے’ پر عمل پیرا ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکام بعض اوقات ان سکول کے بچوں کو ‘شاہراہوں سے برف ہٹانے یا مصنوعات کے اہداف کو پورا کرنے جیسے خصوصی منصوبوں کو مکمل کرنے میں ان بچوں کو مدد کے لیے بھیجتے ہیں۔’

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’16-17 سال کی عمر تک کے بچوں کو فوج کے انداز میں دس سال تک آرمی کنسٹرکشن بریگیڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ بچے جسمانی اور ذہنی چوٹ کے ساتھ ساتھ غذائیت کی کمی اور تھکن جیسی جسمانی تکالیف کا شکار تھے۔’

https://twitter.com/nknewsorg/status/1398217493534105601

شمالی کوریا بار بار ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں اس ملک نے امریکی صدر جو بائیڈن پر شمالی کوریا کے خلاف معاندانہ پالیسی اپنانے کا الزام عائد کیا ہے کیونکہ وہ اس کے جوہری پروگرام سے نمٹنے کے لیے نئی امریکی پالیسی تیار کررہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp