چین: گیس پائپ لائن پھٹنے سے دھماکے میں 12 افراد ہلاک، 39 زخمی


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — چین کے شہر شیان کے رہائشی علاقے میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک اور 39 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

ایمرجنسی ورکرز کے مطابق دھماکے سے متاثر ہونے والے 150 افراد کو علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کی ایک رپورٹ میں شہر کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں تاہم ابھی دھماکے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح چھ بجے ہونے والے دھماکے سے سبزی مارکیٹ کے دکان دار اور گاہک متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ 2013 میں بھی چین کے شمال مشرقی علاقے چنگ ڈاؤ میں اسی نوعیت کے دھماکے میں 55 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ دھماکہ زیرِ زمین گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا تھا۔

اتوار کو شیان میں ہونے والے دھماکے سے ایک روز قبل چین کے شمال مغربی شہر گو یانگ کی ایک فیکٹری سے زہریلی گیس خارج ہونے سے آٹھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔

چین میں حفاظتی انتظامات، غیر معیاری مرمت اور بدعنوانی کے الزامات کے باعث ایسے واقعات میں اضافے کی شکایات عام ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان واقعات کے ذمے داروں کو سخت سزائیں تو دی جاتی ہیں لیکن اشیا کی بڑھتی ہوئی مانگ اور فائدہ مند کاروبار کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر سے متعلق تحفظات کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

چین کی حالیہ تاریخ میں بد ترین واقع 2015 میں ہوا تھا جب تیانجن شہر کے ایک کیمیائی گودام میں دھماکے سے 173 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت آگ بجھانے کے عملے اور پولیس اہلکاروں کی تھی۔

اس واقعے کی وجوہات میں عمارت کی غیر قانونی تعمیر اور گودام میں خطرناک مواد کا غیر محفوظ انداز سے رکھنا شامل تھیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments