مشہور ہونا آسان ہے اور با صلاحیت ہوکر مشہور ہونا مشکل ہے


جس کا دل چاہتا ہے سوشل میڈیا پر پیج بناتا ہے، کونٹینٹ چوری کرتا ہے، اپنے نام سے لگاتا ہے، لوگ واہ واہ کرتے ہیں اور وہ لاکھوں ہزاروں لوگوں کا منظور نظر ہو جاتا ہے۔ کوئی یوٹیوب پر اپنا چینل بناتا ہے، واہیات باتیں کرتا ہے، جھوٹی جھوٹی خبریں پھیلاتا ہے، لوگ بولتے ہیں کہ بھئی کیا کمال مواد ہے، اور پھر وہ مشہور ہوجاتا ہے۔ اسی طرح کوئی ٹویٹر پر اکاؤنٹ بناتا ہے طرح طرح کی کاپی پیسٹ ٹویٹ کرتا ہے اور لوگ واہ واہ کرتے ہیں اور وہ اس طرح مشہور ہوجاتا ہے اور اسے انفلوینسر مانا جاتا ہے۔ اسی طرح کوئی بھی اٹھ کر واہیات قسم کے ٹک ٹاک بناتا ہے اور اس ٹک ٹاک ویڈیو میں کوئی ڈھنگ کی چیز نہیں ہوتی سوائے، بس اچھل کود اور فضول حرکتوں کے مگر لاکھوں لوگ اس کو فالو کرنے لگ جاتے ہیں۔

یہ سوال واقعی حقیقی سوال ہے کہ ہر مشہور بندہ واقعی لائق عزت ہوتا ہے یا پھر مشہور یا پھر قابل قدر ہونے کے لئے لاکھوں پیڈ لائیکس یا پھر فالورز ہونا کافی ہوتا ہے۔ کیونکہ آج کے دور میں ٹیلنٹ کی وہ قدر نہیں جو سوشل میڈیا کے دور سے پہلے تھی۔ پہلے والے مشہور اداکار اپنے ٹیلنٹ اور محنت کے وجہ سے عوام میں مشہور ہوتے تھے اور اس دور میں عام لوگوں میں بھی یہ فہم و شعور تھا کہ ٹیلنٹ کسے کہتے ہیں؟ مگر آج ہونے والے اکثر مشہور لوگ مہنگے موبائل، چوری شدہ اسکرپٹ اور طرح طرح کی چھچھوری حرکتوں کی وجہ سے اتنے مشہور ہو جاتے ہیں کہ وہ لیجنڈری اداکاروں کو برا بھلا بول دیتے ہیں۔ لیکن ان ملین فالوورز کو ملین پر پہنچانے والے ہم جیسے عام لوگ ہوتے ہیں کیونکہ ہم اپنی فکر اور اپنے معیار کے مطابق ان جیسوں کو فالو کرتے ہیں اور ان کی بے تکی حرکتوں کو پسند کرتے ہیں اور وہ اپنے آپ کو مشہور اور ٹیلنٹڈ سمجھنا شروع کر دیتے ہیں۔

بہت سے سو کالڈ مشہور اسٹارز ہیں جو ٹک ٹاک کی وجہ سے مشہور ہوئے ہیں اور ان کو کروڑوں لوگ فالو بھی کرتے ہیں مگر سوال یہ ہے کہ کیا وہ واقعی با صلاحیت ہیں اور ان کی شہرت بالکل صحیح ہے؟ سوال یہ ہے کہ ہر وہ شخص جس کے لاکھوں فالورز ہیں کیا وہ واقعی قابل قدر ہے اور ان میں واقعی صلاحیت ہے۔ سوال یہ ہے کہ شہرت کا معیار کیا ہے؟ سوال یہ ہے کہ بغیر ٹیلنٹ مشہور ہونے والے واقعی قابل قدر ہیں؟ وہ لوگ جن کو لاکھوں لوگ فالو کرتے ہیں آیا ان کی حرکتیں یا ان کی باتیں بھی مشہور ہونے کے قابل ہوتی ہیں۔ آیا جن کا فکری و علمی معیار حقیقت میں زیرو ہوتا ہے وہ بھی سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز اور لائیکس بٹور کر لاکھوں لوگوں کو غلط سمت فراہم کرتے ہیں جس کی وجہ سے معاشرے کا فکری معیار پست ہوجاتا ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک لفظی جنگ ہوئی جس میں پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ نے ایک ٹک ٹاکر کو ایک غیر مہذب حرکت پر کھری کھری سنا دی مگر پھر ڈیلیٹ بھی کردی۔ لیکن ٹک ٹاکر برادری نے بد تمیزی کی تمام حدود پار کرلی اور اس لیجنڈری اداکارہ کو کیا کیا بولا گیا۔ دیکھا جائے تو یہ نئی پود جن کے پاس ٹیلنٹ نام کی کوئی شے نہیں البتہ انھوں نے عجیب عجیب طریقوں سے اپنے فالورز بڑھا لئے ہیں اور کیونکہ سوشل میڈیا پر زیادہ تر عوام فارغ ہی ہے اس لئے ان کو بھی اس طرح کی حرکتیں اور باتیں پسند آتی ہیں اور پھر ان جیسے لوگوں کے لاکھوں لوگ فالورز بن جاتے ہیں۔

اگر سوشل میڈیا کی نظر سے دیکھا جائے تو ایسا لگے گا کہ ٹک ٹاکر انتہائی مشہور ہے مگر ٹیلنٹ کی نظر سے دیکھا جائے توان میں ایسا کچھ نہیں۔ اسی طرح حقیقی اداکار کے لئے ضروری نہیں سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز ہوں مگر وہ حقیقی طور پر ٹیلنٹ سے بھرپور ہوتے ہیں اور وہ لوگ جو با صلاحیت لوگوں کی پہچان رکھتے ہیں ان کے لئے وہ ہی قابل قدر لوگ ہوتے ہیں نہ کہ وہ جن کے ملینز میں فالورز ہوں۔ تو یاد رکھئے ٹیلنڈڈ لوگوں کی قدر کیجئے نہ کہ ان لوگوں کی جن کے پاس چھچھور پن کے علاوہ کچھ نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments