ب سے بابا :Father’s Day


میری زندگی کا ”الف“ امی اور ”ب“ بابا ہیں کیونکہ جہاں تک میری یاداشت ہے، مجھے بچپن سے ہی ”امی“ ”ابو“ کو محبت کرنے کی ”بیماری“ ہے۔ وقت کے ساتھ یہ بیماری بڑھتی رہی اور آخر ہم ”لا علاج“ ہو گئے۔ کروناوائرس کی طرح پھیلی اس بیماری میں ”درد اور ڈر“ نہیں بلکہ ”سکون اور سلامتی“ ہے۔ اگر اس بیماری کی ”دوا“ اور ”دعا“ کا ذکر کریں تو جب جب امی ابو کو دیکھا آرام آیا اور ”رب ارحمھما کما ربیانی صغیراً“ کو دہرایا۔

خدا گواہ ہے کے نا صرف ابو نے اپنے نصف درجن بچوں کی درجن بھر ضروریات اور خواہشات کو ہر دم پورا کیا بلکہ ہماری طرف آنے والی ہر ناگہانی آفت کو بھی اپنا بنا لیا اور ان کی ”چیئر لفٹ“ مانند زندگی وقت کے ساتھ ساتھ ”ویل چیئر“ کی محتاج ہو گئی۔

بہت دکھ ہوتا ہے ناں! امی ابو کو اپنے سامنے بوڑھا ہوتے دیکھنا خاص کر ابو کو جو آپ کے ”گاڈ میڈ“ رول ماڈل ہوں!

بچپن میں ”آپ کا“ صبح صبح ہمیں سکول لے کر جانا نجانے کب ”آپ کو“ صبح صبح ہسپتال لے کر جانے میں تبدیل ہو گیا پتا ہی نہیں لگا۔ کبھی آپ چلتے تھے تو ہم شان سے آپ کے کندھوں پر سوار ہو جاتے تھے مگر آج جب آپ ہمارے کندھے پر ہاتھ رکھ کر چلتے ہیں تو وہ شان مزید بڑھ جاتی ہے۔

ابو جی۔ ہماری زندگی کی ہر کامیابی آپ سے جڑی ہے، ہم پردیس میں ”آباد“ تو ہیں پر ”شاد“ آپ سے ہیں۔ زندگی میں ”دکھ“ تو ہیں پر ”سکھ“ آپ سے ہیں۔ ہمارا ”ٹائم زون“ جو بھی ہو ”ٹائم روٹین“ آپ سے جڑی ہے۔ زندگی کے ”حقوق“ کا تو علم نہیں پر ”فرائض“ آپ نے سکھلائے۔ ہم سب بہن بھائیوں پر ”باپ“ کی ”چھاپ“ ایسی ہے کے ہمارا ہر اچھا ”اسلوب“ ہر بار آپ سے ”منصوب“ ہے کیونکہ ہمیں ابھی ”بڑا“ نہیں بننا کہ ہمارے ”بڑے“ آپ ہیں۔ جب تک آپ کی حفاظت میں ہیں ہماری زندگی میں بے فکری ہی بے فکری ہے کہ ”ابو“ ہیں ناں۔ لیکن آج کل آپ کا ذکر جب بھی آتا ہے ہم سب کو ایک عجیب سا فکر چھو کر جاتا ہے۔ اللہ پاک آپ کو صحت والی لمبی زندگی عطا فرمائیں (آمین)

”بابا سائیں“ بچپن میں ریڈیو پہ آتی آپ کی آواز کو ہم دور سے پہچان لیتے تھے اور اب عمر کے اس حصے میں بھی جب آپ کے بلانے کی آواز آتی ہے تو ڈر سے دل ایک بار دھک دھک ضرور کرتا ہے۔ اگرچہ آپ نے گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ ہمیں دے دی ہے پر ہماری زندگی کی ڈرائیونگ سیٹ پر آپ ہی ہیں اور اس سفر میں ”سپیڈو میٹر“ سے زیادہ آپ کے ”اینگر و میٹر“ پر نظر رہتی ہے لیکن آپ کا غصہ لمحوں جیسا اور پیار صدیوں کی طرح ہے۔

کہتے ہیں کے باپ کی موجودگی سورج کی طرح ہوتی ہے، دعا ہے کے ہمارے سورج کو لگے سارے گرہن جلدی سے اتریں اور ہمارے چھوٹے چھوٹے کمسن چاند ستاروں کو دادا اور نانا کی صورت آپ کی روشنی ہمیشہ ملتی رہے (آمین)

جنید سلمان
Latest posts by جنید سلمان (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments