جوہر ٹاؤن دھماکہ: لاہور دھماکہ کیس میں پولیس کا ایک اور ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ

شہزاد ملک - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


لاہور، دھماکہ

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے مکان کے نزدیک ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک اہم ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دھماکے کی ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ’بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ایک کار میں رکھ کر دھماکہ کیا‘ تھا اور اب پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے اس واقعے میں ملوث ایک ملزم کو راولپنڈی کے نواحی علاقے روات سے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے یہ وہی شخص ہے جس نے مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اس مقام پر کھڑی کی تھی جہاں دھماکہ ہوا۔

ایک پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یہ گاڑی دھماکے سے کچھ روز قبل گوجرانوالہ سے خریدی گئی تھی۔

پولیس افسر کے مطابق ’ملزم کو سی ٹی ڈی اور فوج کے خفیہ اداروں نے موبائل لوکیشن ٹریس کر کے گرفتار کیا۔‘

حکام کے مطابق اب تک اس مقدمے میں ایک خاتون سمیت آٹھ ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

ملزم کا تعلق ٹی ٹی پی سے ہے

پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ’اب تک کی ابتدائی تفتیش اور معلومات کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے گیدڑ گروپ سے بھی رہا ہے۔‘

’اس کے علاوہ وہ اسی تنظیم کے محتلف گروہوں کے ساتھ بھی مختلف اوقات میں کام کرتا رہا اور متعدد بار افغانستان بھی جا چکا ہے۔‘

پولیس افسر کے مطابق ملزم کی گرفتاری اس مقدمے میں پہلے سے ہی گرفتار ’مرکزی ملزم‘ سے کی جانے والی تفتیش کے دوران عمل میں لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی مرکزی ملزم نے انھیں فراہم کی تھی اور روات سے گرفتار ہونے والا شخص یہ گاڑی جائے وقوعہ پر کھڑی کر کے آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حافظ سعید کے خلاف مقدمات: عالمی دباؤ یا پالیسی میں تبدیلی؟

لاہور دھماکہ: ’نامعلوم ملزمان نے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ایک کار میں رکھا‘

ایف اے ٹی ایف اجلاس کے موقع پر ’ہائی ویلیو ٹارگٹ‘ پر حملے کی کوشش، معاملہ ہے کیا؟

ان کا کہنا تھا کہ پولیس حکام اس دھماکے میں ‘ملک دشمن خفیہ ایجنسیوں’ کے کردار کو خارج از امکان قرار نہیں دے رہے۔

مرکزی ملزم کی گرفتاری

گذشتہ ہفتے تفتیشی اداروں کا دعویٰ تھا کہ انھوں نے دھماکے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

تفتیشی ذرائع نے صحافی شاہد اسلم کو بتایا تھا کہ حملہ آور کا شہر میں لگے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتا لگایا گیا اور ان کی گاڑی موٹروے سے لاہور داخل ہونے سے لے کر جائے وقوعہ پر کھڑی کرنے تک کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔

لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے

تفتیشی ٹیموں کو بدھ کے روز ہونے والے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ان افراد کا سراغ ملا ہے جن کے استعمال میں یہ گاڑی ماضی میں رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ گاڑی چھ سے سات مختلف افراد نے ‘اوپن لیٹر’ پر حاصل کی اس لیے سرکاری طور پر اس کی ملکیت اب بھی پہلے مالک کے نام ہے کیونکہ جن لوگوں کے زیر استعمال یہ گاڑی رہی انھوں نے اس کو باقاعدہ اپنے نام ٹرانسفر نہیں کروایا۔

سی ٹی ڈی کے تفتیشی ذرائع کے مطابق گاڑی کے پہلے مالک کا تعلق حافظ آباد سے ہے جبکہ یہ 2009 سے اب تک جن لوگوں کی ملکیت میں رہی ہے ان میں پولیس کے ایک سب انسپکٹر اور ایک وکیل بھی شامل ہیں۔

‘دھماکے کا ہدف قانون نافذ کرنے والے اہلکار تھے’

اس واقعے میں درج مقدمے میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک اور کم از کم 24 افراد زخمی ہوئے تھے۔

جوہر ٹاؤن میں ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی گونج سے قریبی علاقے میں واقع گھروں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ‘دھماکہ کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر گہرا گڑھا پڑ گیا ہے۔۔۔ گھروں کے اندر اور باہر گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔’

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) انعام غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ یہ کار بم دھماکہ تھا جس کا ‘ہدف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تھے۔’

جس جگہ دھماکہ ہوا وہ جگہ کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ سے قریب تھی۔

بورڈ آف ریونیو سوسائٹی، جہاں یہ واقعہ پیش آیا، کے ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا تھا کہ حافظ محمد سعید کا یہ گھر تقریبا 15 سال قبل تعمیر ہوا تھا اور وہاں تک جانے کے لیے تین مختلف راستے یا گلیاں ہیں جہاں پر پولیس اور ان کے اپنے سکیورٹی اہلکار مسلسل تعینات رہتے ہیں۔

ان کے مطابق حافظ سعید کے گھر تک جانے والی مرکزی گلی میں دو پولیس چیک پوسٹیں ہیں جن میں سے ایک بالکل حافظ سعید کے گھر کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ ان کے گھر کی طرف جانے والے راستے پر لگی پہلی چیک پوسٹ کے قریب ہوا کیونکہ ڈرائیور گاڑی اس سے آگے لے جا ہی نہیں سکتا تھا۔

ان کے مطابق ‘جہاں دھماکہ ہوا وہاں اور حافظ سعید کے گھر کے درمیان محض 100 سے 150 میٹر کا فاصلہ ہو گا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp