دلیپ کمار کی وفات: ’تم آج تک کے عظیم فنکار ہو‘

ریحان فضل - نمائندہ بی بی سی، نئی دہلی


دلیپ کمار، عامر خان، امیتابھ بچن اور دھرمیندر

یہ بات سنہ 1999 کی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے اے ڈی سی نے انھیں بتایا کہ انڈیا کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا فون آیا ہے۔

وہ آپ سے فورا بات کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف فون پر آئے تو واجپئی نے ان سے کہا: ‘ایک طرف تو آپ لاہور میں گرم جوشی سے استقبال کر رہے تھے لیکن دوسری طرف آپ کی فوج کارگل میں ہماری سرزمین پر قبضہ کر رہی تھی۔‘

نواز شریف نے جواب دیا کہ آپ جو کہہ رہے ہیں اس کا مجھے کوئی علم نہیں۔ مجھے کچھ وقت دیں، میں اپنے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل پرویز مشرف سے بات کر کے آپ کو فورا بتاتا ہوں۔

اٹ بہاری واجپئی

پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے اپنی سوانح عمری ‘نیدر اے ہاک نور اے ڈو‘ میں لکھا ہے کہ ’ٹیلیفون پر گفتگو ختم ہونے سے پہلے واجپئی نے نواز شریف سے کہا میں چاہتا ہوں کہ آپ اس شخص سے بات کریں جو میرے پاس بیٹھے ہیں اور میری اور آپ کی گفتگو سن رہے ہیں۔’

نواز شریف نے فون پر جو آواز سنی اسے نہ صرف وہ بلکہ پورا برصغیر پہچانتا تھا۔ یہ آواز نسل در نسل انڈین اور پاکستانی فلمی شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے دلیپ کمار کی آواز تھی۔

دلیپ کمار نے کہا: ’میاں صاحب، ہمیں آپ سے یہ امید نہیں تھی۔ آپ کو شاید معلوم نہیں ہے کہ جب بھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ پیدا ہوتا ہے تو ہندوستانی مسلمانوں کی صورتحال بہت پیچیدہ ہو جاتی ہے اور انھیں اپنے گھروں سے باہر جانے میں مشکل پیش آتی ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے کچھ کریں۔’

دلیپ کمار نے چھ دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں صرف 63 فلمیں کیں لیکن انھوں نے انڈین سنیما میں اداکاری کے فن کو ایک نئی تعریف ایک نئی معنویت دی۔

ایک زمانے میں دلیپ کمار انڈیا کے بہترین فٹبال کھلاڑی بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔

ان کے ساتھ خالصہ کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے راج کپور جب پارسی لڑکیوں سے فلرٹ کرتے تھے تو تانگے کے ایک کونے میں بیٹھے شرمیلے دلیپ کمار کبھی کبھی صرف ان کی طرف نگاہ ڈال دیتے تھے۔

کون جانتا تھا کہ ایک دن یہ شخص انڈیا کے فلمی شائقین کو خاموشی کی زبان سکھائے گا۔ اور اس کی ایک نظر وہ سب کچھ کہہ جائے گی جو کئی صفحات پر مشتمل مکالمے بھی ادا نہیں کر پائيں گے۔

دلیپ کمار، راج کپور اور دیوآنند کو انڈین فلمی انڈسٹری کا مثلث کہا جاتا ہے لیکن جتنے کثیر جہتی پہلو دلیپ کمار کی اداکاری میں تھے شاید ان دونوں کی اداکاری میں نہیں تھے۔

اگر راج کپور نے چارلی چیپلن کو اپنا آئیڈل بنا رکھا تو دیوانند گریگوری پیک کے مہذب انداز والے مسحور کن شخص کی شبیہہ سے باہر ہی نہیں آ سکے۔

دلیپ کمار نے جس انداز اور تمکنت کے ساتھ فلم ‘مغل اعظم’ میں شہزادے کا کردار ادا کیا اتنا ہی انصاف انھوں نے ‘گنگا جمنا’ میں ایک گنوار دیہاتی نوجوان کے کردار کو ادا کرنے میں کیا۔

اپنے زمانے کی معروف اداکارہ اور فلمساز دیویکا رانی کے ساتھ ایک غیر متوقع ملاقات نے دلیپ کمار کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ چالیس کی دہائی میں اگرچہ دیویکا رانی ہندوستانی فلمی صنعت کا ایک بڑا نام تھیں، لیکن ان کی سب سے بڑا کارنامہ پشاور کے پھلوں کے تاجر کے بیٹے یوسف خان کو ‘دلیپ کمار’ بنانا تھا۔

بمبئی ٹاکیز میں کسی فلم کی شوٹنگ دیکھنے جانے والے خوبصورت نوجوان یوسف خان سے انھوں نے پوچھا کہ کیا آپ اردو جانتے ہیں؟ جیسے ہی یوسف نے ہاں میں سر ہلایا انھوں نے دوسرا سوال کیا، کیا آپ اداکار بننا پسند کریں گے؟ اور پھر آگے کی کہانی ایک تاریخ ہے۔

دلیپ کمار بننے کی کہانی

دیویکا رانی کا خیال تھا کہ رومانٹک ہیرو پر یوسف خان کا نام زیادہ نہیں جچے گا۔

اس وقت بمبئی ٹاکیز میں کام کرنے والے نریندر شرما جو بعد میں ہندی کے ایک بڑے شاعر ہوئے انھوں نے تین نام تجویز کیے… جہانگیر، واسودیو اور دلیپ کمار۔ یوسف خان نے اپنا نیا نام دلیپ کمار کے طور پر منتخب کیا۔

اس کے پس پشت ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اس نام کی وجہ سے ان کے پرانے خيالات کے حامل والد کو ان کے حقیقی پیشے کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکتا تھا۔ فلم اور اس سے منسلک لوگوں کے بارے میں ان کے والد کی رائے اچھی نہیں تھی اور وہ انھیں نوٹنکی والا کہہ کر مذاق اڑاتے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے پورے کیریئر میں دلیپ کمار نے صرف ایک بار کوئی مسلم کردار ادا کیا اور وہ بھی کے آصف کی ‘مغل اعظم’ میں شہزادہ سلیم کا کردار۔

یہ بھی پڑھیے

‘دلیپ کمار کا اظہار محبت یاد ہے’

ذوالفقار علی بھٹو مغل اعظم کی شوٹنگ دیکھنے روزانہ جاتے

دلیپ کمار کی فلمیں ضائع ہونے کے غم میں امیتابھ نے فلمی ورثہ بچانے کی ٹھان لی

’میں آج بھی دلیپ صاحب کی نظر اتارتی ہوں‘

ستار بجانے کی تربیت

چھ دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں دلیپ کمار نے مجموعی طور پر 63 فلموں میں کام کیا اور ہر کردار میں انھوں نے خود کو مکمل طور پر غرق کر دیا۔

فلم ‘کوہ نور’ کے ایک گیت میں ستار بجانے کا کردار ادار کرنے کے لیے دلیپ کمار نے برسوں تک استاد عبدالحلیم جعفر خان سے ستار بجانا سیکھا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایک بار دلیپ کمار نے کہا تھا: ‘صرف ستارے کو تھامے رکھنا ہے یہ بات سیکھنے کے لیے میں نے برسوں تک ستار بجانے کی تربیت لی۔ یہاں تک کہ ستار کے تاروں سے میری انگلیاں تک کٹ گئی تھیں۔’

اسی طرح فلم ‘نیا دور’ کی شوٹنگ کے لیے انھوں نے تانگہ چلانے والوں سے تانگہ چلانے کی باقاعدہ ٹریننگ لی۔ یہی وجہ تھی کہ معروف فلم ہدایتکار ستیجیت رے نے انھیں عظیم ترین ‘میتھڈ ایکٹر’ کا خطاب دیا تھا۔

مدھوبالا سے ان بن

اگرچہ انھوں نے بہت سی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی سب سے مقبول جوڑی مدھوبالا کے ساتھ بنی اور ان کے ساتھ انھیں محبت ہو گئی۔

دلیپ کمار نے اپنی سوانح عمری میں یہ اعتراف کیا ہے کہ وہ مدھوبالا پر فریفتہ تھے ایک فنکار اور ایک خاتون دونوں حیثیت سے۔ دلیپ کا کہنا ہے کہ مدھوبالا ایک بہت ہی زندہ دل اور پھرتیلی خاتون تھیں جنھیں مجھ جیسے شرمیلے اور تشویش کرنے والے انسان سے بات چیت کرنے میں کوئی دقت پیش نہیں آتی تھی۔

لیکن مدھوبالا کے والد کی وجہ سے محبت کی یہ کہانی زیادہ دنوں تک نہیں چل سکی۔ مدھوبالا کی چھوٹی بہن مدھور بھوشن یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں: ‘ابا کو لگتا تھا کہ دلیپ ان سے عمر میں بڑے ہیں۔ حالانکہ وہ ‘میڈ فار ایچ ادر’ یعنی ایک دوسرے کے لیے بنے تھے۔ یہ ایک بہت ہی خوبصورت ‘جوڑا’ تھا۔ لیکن ابا کہتے تھے کہ رہنے دو۔ یہ صحیح راستہ نہیں ہے۔ لیکن وہ ان کی نہیں سنتی تھیں اور کہا کرتی تھیں کہ وہ ان سے محبت کرتی ہیں۔ لیکن جب نیا دور فلم سے متعلق بی آر چوپڑا کے ساتھ عدالتی معاملہ ہوا تو میرے والد اور دلیپ صاحب کے مابین پھوٹ پڑ گئی۔ عدالت میں ان کے مابین ایک سمجھوتہ بھی ہو گیا۔‘

دلیپ صاحب نے کہا کہ آؤ ہم شادی کر لیں۔ اس پر مدھوبالا نے کہا کہ ہم شادی ضرور کریں گے لیکن پہلے آپ میرے والد سے ساری کہیں گے۔ لیکن دلیپ کمار نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ یہاں تک کہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ گھر میں ہی ان سے گلے مل لیجیے لیکن دلیپ کمار اس پر بھی راضی نہیں ہوئے۔

وہیں سے ان دونوں کا بریک اپ ہو گیا۔ فلم ‘مغل اعظم’ کی شوٹنگ کے درمیان صورتحال اس حد تک پہنچ گئی کہ دونوں کے مابین بات چیت بھی بند ہو گئی تھی۔ مغل اعظم کا وہ کلاسک رومانٹک منظر اس وقت فلمبند کیا گیا جب مدھوبالا اور دلیپ کمار نے ایک دوسرے کو عوامی سطح پر پہچاننا بھی چھوڑ دیا تھا۔

دلیپ کمار کی سائرہ بانو سے شادی کے بعد جب مدھوبالا بہت بیمار تھیں تو انھوں نے دلیپ کمار کو پیغام بھیجا کہ وہ ان سے ملنا چاہتی ہیں۔

جب وہ ان سے ملنے گیا تو وہ بہت کمزور تھیں۔ دلیپ کمار یہ دیکھ کر بہت افسردہ خاطر ہوئے۔ ہمیشہ مسکراتی رہنے والی مدھوبالا کے لبوں پر اس دن بہ دقت تمام ایک پھیکی سی مسکراہٹ آئی۔

دلیپ کمار کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے مدھوبالا نے کہا: ‘ہمارے شہزادے کو اس کی شہزادی مل گئی ہے، میں بہت خوش ہوں۔’

مدھوبالا کا 23 فروری سنہ 1969 کو 35 سال کی کم عمری میں انتقال ہو گیا۔

راج کپور کی تعریف

فلم مغل اعظم کے بعد جس فلم میں دلیپ کمار کی بہت زیادہ تعریف ہوئی وہ ان کی فلم ‘گنگا جمنا’ تھی۔

امیتابھ بچن نے اعتراف کیا ہے کہ جب وہ الہ آباد میں تعلیم حاصل کررہے تھے تو انھوں نے یہ فلم بار بار اس لیے دیکھا کہ جس پٹھان کا اتر پردیش سے دور دور تک کوئی رابطہ نہیں تھا وہ وہاں بولی کو اس درجہ کمال کے ساتھ کیسے بول سکتا تھا۔

بعد میں ان دونوں نے رمیش سیپی کی فلم ‘شکتی’ میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان کے ہم عصر، حریف اور بچپن کے دوست راج کپور نے ‘شکتی’ فلم دیکھنے کے بعد انھیں بنگلور سے فون کیا اور کہا کہ ‘لاڈے، آج فیصلہ ہو گیا۔۔۔ کہ تم آج تک کے سب سے عظیم فنکار ہو۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp