الیکشن کمشن: علی امین گنڈا پور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حدود سے نکل جانے کا حکم


پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حدود سے چلے جانے کا حکم دیا ہے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موجود الیکشن کمیشن حکام نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی کشمیر میں جلسے جلوسوں میں شرکت اور تقاریر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز بھی اس وقت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات سے قبل انتخابی جلسوں کا انعقاد کر رہی ہیں۔

جمعے کو الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر ورائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کشمیر میں انتخابی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

صوبائی وزیر کا عیدی تقسیم کرنے کا انوکھا طریقہ

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کشمیر کے انتخابات میں دانستہ طور پر منفی انداز میں متاثر کر رہے ہیں اور اس کی پاداش میں انھیں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ’انتخابی مہم اور جلسے جلوسوں میں شرکت اور تقریر کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کے ’افعال کی وجہ سے نہ صرف امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے بلکہ انسانی جانوں کے ضیائع کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔‘

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

بی بی سی کی نامہ نگار تابندہ کوکب کے مطابق بدھ کے روز علی امین کے قافلے کو ایک مقامی شخص کی جانب سے کھن بندو کے مقام پر روکنے اور پھر وہاں پہاڑ پر موجود کچھ دیگر لوگوں کی جانب سے ان پر پتھراؤ کے نتیجے میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ پہاڑ پر موجود افراد نے بھی ہوائی فائرنگ کی تھی۔

فائرنگ کرنے والے اور پتھراؤ کرنے والے کچھ لوگوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا تاہم جمعے کو انھیں رہا کر دیا گیا۔

الکیشن کمیشن کی جانب سے یہ مراسلے میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور اپنے جلسے جلوسوں میں تقاریر کے دوران ناشائستہ کلمات کی ادائیگی کے علاوہ حکومت پاکستان کے سرکاری وسائل کا تاثر دیتے ہوئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلانات کیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر نے دھیر کوٹ اور ہٹیاں بالاں میں بھی امیدواران کی صوابدید پر ایک ایک سو کلومیٹر سڑک کے منصوبے کا اعلان بھی کیا ہے۔

الیکشن کمیشن انتظامیہ کے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے بھی ممبر قومی اسمبلی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ایف آئی آر کٹ چکی ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر علی امین گنڈا پور کی جانب سے اپنی تقاریر میں ناشائستہ انداز گفتگو اور سر عام ہوائی فائرنگ کرنے کے عمل پر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp