اتحاد سے کٹھن آزمائش کا سامنا


کسی بھی قوم کی صلاحیتوں کا حقیقی امتحان کسی آزمائش میں ہی ممکن ہے اور دنیا میں وہی قومیں سرخرو ہوئی ہیں جنہوں نے مشکل صورتحال کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ چاہے قدرتی آفات ہوں یا پھر صحت و سلامتی کو لاحق دیگر خطرات، عظیم قومیں کبھی ان سے گھبرائی نہیں ہیں بلکہ ہمت اور جرات سے آزمائشوں کے سامنے سرخرو ہوئی ہیں۔ آٹھ اکتوبر دو ہزار پانچ کو پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی یادیں آج بھی لوگوں کے ذہن میں اسی طرح محفوظ ہیں کہ کیسے کراچی سے خیبر تک پوری پاکستانی قوم نے یکجہتی، اتحاد، ہمدردی اور انسان دوستی کی عمدہ مثالیں قائم کرتے ہوئے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جس میں ہر فرد کے دکھ سکھ سانجھے تھے۔ بعد میں ملک کو درپیش سیلابی صورتحال یا کسی ناگہانی آفت کی صورت میں بھی ہمیں یہی مثالی جذبے بار بار دیکھنے کو ملے اور سماجی اقدار کی حقیقی قدر و احترام کو بہت قریب سے محسوس کیا۔

پاکستان سے اب رخ کریں چین کا تو حالیہ دنوں چین کے وسطی صوبہ حہ نان میں شدید بارشوں کی وجہ سے صوبہ حہ نان کے اکثر علاقے سیلاب کی زد میں آئے ہیں اور لاکھوں افراد سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا کے متعدد میڈیا اداروں نے اس حوالے سے رپورٹنگ بھی کی ہے۔ سیلاب کے باعث صوبہ حہ نان کے متعدد دریاوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے درجے سے بھی تجاوز کر گئی اور چند ڈیموں کے بند بھی ٹوٹ گئے۔

شدید سیلاب کے باعث کچھ جگہوں پر ریلوے آپریشن معطل کرنا پڑا، اور پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ یہاں چین کی اعلیٰ قیادت نے اپنی ذمہ داری کا بھرپور ثبوت دیا اور عوام کے ساتھ اپنی گہری محبت کے جذبے کا ایک مرتبہ پھر زبردست اظہار کیا۔ چین کے صدر شی جن پھنگ نے انسداد سیلاب اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد کے حوالے سے فوری طور پر اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے مختلف سطحوں کے سرکاری اہلکاروں پر واضح کر دیا کہ عوام کی جانی اور مالی سلامتی کو اولین حیثیت دی جائے، متاثرہ افراد کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے فوج اور پولیس سے بھی کہا کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار نبھائیں۔ صدر شی کی ہدایات کی روشنی میں اس وقت متعلقہ ادارے رابطہ سازی سے بنیادی تنصیبات کے تحفظ، بارش کی پیش گوئی، طوفان، برساتی نالوں، مٹی کے تودے گرنے وغیرہ سے متعلق ”ابتدائی انتباہ“ پر زور دے رہے ہیں اور انسداد سیلاب اور امدادی امور کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اپنا رہے ہیں۔

چینی قوم کی ہمیشہ سے یہ خوبی رہی ہے کہ انہوں نے کبھی بھی مصائب اور آزمائش کے سامنے سرنگوں نہیں کیا ہے اور اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں بھی چینی عوام کے اتحاد کا جذبہ ایک مرتبہ پھر ظاہر ہوا ہے۔ چینی مرکزی حکومت اور حہ نان کی صوبائی حکومت نے سیلاب سے بچاؤ اور تباہی سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر منظم اقدامات اختیار کیے ہیں۔ ملک کے دوسرے صوبوں سے چینی پیپلز لبریشن آرمی اور آرمڈ پولیس فورس بھی فوری طور پر حہ نان پہنچ چکی ہے۔

مختلف سرکاری اداروں اور میڈیا نے فوری طور پر آن لائن امدادی چینلز کھولے ہیں، جن کے ذریعے چین بھر سے عوام حہ نان کے مقامی باشندوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی استطاعت اور صلاحیت کے مطابق کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چین کے اہم کاروباری اداروں اور عام شہریوں نے بھی حہ نان کو مالیاتی امداد سمیت امدادی ساز و سامان بھی عطیہ کیا ہے۔

متاثرہ صوبے میں طوفانی بارشوں سے نمٹتے ہوئے لوگوں کی ایک دوسرے کی دل و جان سے مدد اور حوصلہ افزائی کی بے شمار متاثر کن اور جذباتی کہانیاں سامنے آئی ہیں۔ مختلف واقعات میں یہ دیکھا گیا ہے کہ عام شہریوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سیلابی ریلے سے لوگوں کو باحفاظت نکالا ہے، ریسکیو عملے کے ساتھ ساتھ رضا کاروں نے سیلابی پانی کے سامنے بند باندھے ہیں، ریلوے اسٹیشن پر پھنس جانے والے لوگوں کے لیے کھانے پینے کا بندوبست کیا گیا ہے، چین کے دیگر علاقوں سے اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی مسلسل جاری ہے، متاثرہ افراد کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حوصلہ افزا پیغامات بھیجے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر عطیات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت چین بھر میں حہ نان، ہمت کرو اور مل کر کوشش کرو اور حہ نان، ہم تمہارے ساتھ ہیں جیسے نعرے انتہائی مقبول ہیں جن کا مقصد متاثرہ افراد کو یہ باور کروانا ہے کہ وہ اس آزمائش کی گھڑی میں ہر گز تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری چینی قوم ان کی پشت پر ہے۔

چین کے دیرینہ دوست ملک کی حیثیت سے پاکستان نے اس مشکل گھڑی میں حہ نان میں سیلاب متاثرین کی مدد کی خواہش ظاہر کی جسے چین نے بھرپور سراہا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے کہا کہ چین پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دکھ، افسوس اور مدد کے جذبات کے اظہار پر پاکستان کا مخلصانہ شکریہ ادا کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کو سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار اور حقیقی دوست قرار دیا جو ہمیشہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

صوبہ حہ نان میں اگرچہ حالیہ آفت کافی شدید ہے اور لاکھوں لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں لیکن اعلیٰ چینی قیادت سے لے کر ایک عام شہری تک، سارے چینی عوام ایک ساتھ مل کر انسداد سیلاب کے لیے اپنی بھر پور خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اتحاد اور یکجہتی نے چینی قوم کو وہ قوت اور اعتماد دیا ہے، جس سے قدرتی آفت کو شکست دی جا سکے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments