اپوزیشن کہاں ہے؟


پاکستان میں سیاسی الزام تراشی اور سیاسی انتقام کی روش تو پہلے دن سے ہی شامل رہی ہے لیکن گالم گلوچ، بدزبانی، گھٹیا الزامات اور ایک دوسرے کے خاندانوں کو بھی سیاست میں گھسیٹنے کا رواج عام کرنے کا سہرا بہرحال تحریک انصاف کے سر جاتا ہے

مادر ملت فاطمہ جناح سے لے کر نواز شریف اور اس کے خاندان کو غداری کا تمغہ پہنانا بھی شاید پاکستان کے مکینوں کے لئے نئی بات نا ہو لیکن ایک چیز جو موجودہ سیاست میں نئی ہے کہ ملک میں بڑی سیاسی پارٹیوں کے ہوتے ہوئے بھی اپوزیشن کہیں دیکھنے کو نہیں ملتی، اور اکثر حکمران جماعت تحریک انصاف کے نمائندے ہی اسمبلیوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں

آج سے کچھ عرصہ پہلے دیکھنے میں آتا تھا کہ اپوزیشن عوامی مسائل کو لے کر تحاریک چلاتی تھیں، لانگ مارچ کیے جاتے تھے، دھرنے دیے جاتے تھے، لیکن موجودہ اپوزیشن تاریخ کی واحد اپوزیشن ہے جن کا رویہ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ شاید پاکستان میں عوامی مسائل کا بالکل خاتمہ ہی ہو گیا ہے، اور صرف الیکشن کمپین، عدالتوں میں پیشیاں اور چند جلسے ہی کل سیاست ہیں

موجودہ حکومت نے اپنے رویے سے پارلیمان کی بے توقیری بڑھانے اور سیاست کو تماشا بنائے رکھنے کی ٹھانی ہے تو مجموعی طور پر اپوزیشن کا کوئی تعمیری کام بھی دکھنے میں نہیں آ رہا

چینی کا بحران آیا اور عوام کو پہلے سے دگنی قیمت پر چینی خریدنے پر مجبور کر دیا گیا، لیکن اپوزیشن سوتی رہی

آٹے کا بحران آیا، قیمتیں آسمان تک جا پہنچیں، عوام کو سارا سارا دن لائنوں میں لگ کر غیر معیاری آٹا خریدنا پڑا، لین اپوزیشن سوتی رہی

پٹرول کا بحران آیا، ملک کی ٹرانسپورٹ رک گئی، پٹرول پمپس کے باہر میلوں لمبی قطاریں لگ گئی اور بالآخر پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام کو مہنگا پٹرول مہیا کیا گیا لیکن اپوزیشن سوتی رہی

ادویات کی قیمتیں اس قدر آسمان پر پہنچا دی گئیں کہ علاج غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا، تمام سرکاری ہسپتالوں سے مفت علاج اور مفت ادویات کی سہولت ختم کر دی گئی لیکن اپوزیشن سوتی رہی

گیس کا بحران آیا، تاریخ میں پہلی بار گرمیوں میں بھی گھریلو استعمال کی گیس کی لوڈشیڈنگ معمول بن گیا، لیکن اپوزیشن سوتی رہی

پچھلے دورحکومت میں گیارہ ہزار میگا واٹ اضافی پیداوار کے باوجود موجودہ حکومت میں شدید گرمی میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا اور بجلی کی قیمتیں ایک عام روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے مزدور کی استطاعت سے باہر ہو گئیں لیکن اپوزیشن پھر بھی سوتی رہی

پاکستان کے عوام پوچھتے ہیں کہ آخر اپوزیشن کہاں ہے؟

عوام مہنگائی، بھوک اور بیروزگاری کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو گئی ہے، بیٹیوں اور بہنوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے، جواں سال بھائیوں اور بیٹوں کو لاپتہ کیا جاتا ہے، مختلف بڑی صنعتی اداروں سے مزدوروں کو جبری برطرف کر دیا جاتا ہے، سکول بند ہونے کی وجہ سے اساتذہ کی تنخواہیں روک دی جاتی ہیں اور تو اور اب سرکاری اساتذہ کو دیہاڑی پر پڑھانے کی آفر دی جا رہی ہے، ہسپتالوں کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے، مگر ان سب کے باوجود عوام ڈھونڈ رہے ہیں کہ اپوزیشن کہاں ہے۔

گزشتہ دنوں پی ڈی ایم کے نام سے ایک اپوزیشن اتحاد بنا، عوام کے لئے ایک امید کی کرن جاگی کہ شاید اب عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر آواز اٹھائیں گی، لیکن بدقسمتی سے وہ سیاسی اتحاد بھی سیاسی مفادات کی نذر ہو گیا

آج پاکستان کی عوام تمام سیاسی جماعتوں سے یہ سوال پوچھتی ہے کہ آخر کب آپ عوام کے لئے سیاست کریں گے، آخر کب سیاستدان ذاتی مفادات سے ہٹ کر عوام کا سوچیں گے یا پھر عوام کے لئے وہی دو جملے ہی بچتے ہیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور سکون صرف قبر میں ہے؟