تعمیر نسل نو


بچے کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں جنھوں نے مستقبل میں سارے نظام کی باگ ڈور سنبھالنے کا فریضہ سر انجام دینا ہوتا ہے۔ اس بیش بہا اہمیت کے سبب ہر فکر مند قوم کے افراد اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتے ہیں۔ وہ اس بات سے پوری طرح آگاہ ہوتے ہیں کہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت ہی ملک و ملت کے روشن مستقبل کی ضامن ہے اور اگر اس اہم اور عظیم ذمہ داری سے پہلو تہی کی گئی تو اس کا خمیازہ بھی لازماً بھگتنا پڑے گا۔

اس حوالے سے سے ترقی یافتہ ممالک میں ہونے والی سرگرمیاں لائق تقلید ہیں کہ اس اہم موضوع پر بہت سا لٹریچر لکھا جاتا ہے، سیمینار منعقد کیے جاتے ہیں، بچوں کی نفسیات اور پیش آمدہ مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے، والدین کو بحیثیت والد اور والدہ ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جاتا ہے، بچوں کی بہترین پرورش کی ذمہ داری کو ایک اجتماعی فریضہ سمجھا جاتا ہے جس میں ہر شخص اپنے کردار کو سمجھ کر فریضے کو ادا کرتا ہے۔

مگر ہمارے معاشرے میں ان باریک موضوعات پر تحقیق کرنے کی ریت نہیں ہے۔ شاید ہم اس کو اتنا بڑا مسئلہ ہی نہیں سمجھتے اسی لیے اس اہم موضوع پر لکھنے، بولنے، سمجھنے اور سمجھانے کی جتنی زیادہ ضرورت ہے ہم اتنا ہی اس کام میں پیچھے ہیں۔

لیکن نہایت خوشی کی بات ہے کہ وطن عزیز کے ایک شاندار استاد، ماہر نفسیات، سپیکر اور لکھاری جناب راحت مصطفی صاحب نے اس موضوع پر ایک بہترین کتاب ”تعمیر نسل نو“ کے نام سے تصنیف کی ہے۔ یہ کتاب پڑھ کر مجھے از حد خوشی ہوئی کہ اس کتاب میں بچوں کی تربیت کے حوالے سے بہت سے رہنما اصول موتیوں کی مالا کی صورت ایک لڑی میں پرو دیے گئے ہیں۔

تربیت اطفال کے بارے قرآنی تعلیمات، احادیث مبارکہ، سنت صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین، اولیا اللہ کا طرز عمل، مسلمان فلاسفرز کے اقوال، جدید دور کے نفسیاتی نظریات، دانشوروں کے اقوال اور پنجابی صوفی شعراء کے کلام کو بڑے مربوط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کتاب کا اسلوب بہت سلیس اور رواں ہے۔ مشکل ترین نظریات کو بہت آسان اور عام فہم بنا کر پیش کیا گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جس شخص کو اس موضوع میں ذرا سی بھی دلچسپی ہو وہ اس کتاب کو ایک نشست میں ہی ختم کر ڈالے گا کیونکہ یہ کتاب اسے اپنے حصار میں لے لے گی۔

اس کتاب پر معروف موٹیویشنل سپیکر استاد اور دانشور جناب قاسم علی شاہ صاحب، بین الاقوامی مقرر عارف انیس ملک صاحب، نامور دانشور ڈاکٹر اظہر وحید صاحب، سابق چیف جسٹس محمد انوار الحق صاحب، معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر صداقت علی صاحب، انسپائریشنل سپیکر محسن نواز صاحب، معروف اداکار حسیب خان صاحب نے اپنے تاثرات قلمبند کیے ہیں۔

یہ کتاب ان تمام والدین کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے جو اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت بھی عطا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ کتاب ہر ان تمام معلمین کے لیے ایک قیمتی سوغات ہے جو خود کو ایک موثر اور شاندار استاد کے روپ میں ڈھالنے کے لیے بے قرار رہتے ہیں۔ یہ کتاب در حقیقت ایک بیش قیمت سرمایہ ہے جو راحت مصطفی صاحب آنے والی نسلوں کو دان کر چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments