شلپا شیٹھی: راج کندرا کی گرفتاری کے بعد بالی وڈ اداکارہ اپنے خلاف ’میڈیا ٹرائل‘ پر نالاں


شلپا شیٹی

اپنے شوہر راج کندرا پر فحش فلمیں بنانے کے الزامات اور گرفتاری کے تقریباً دو ہفتے بعد پہلی مرتبہ بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے اس معاملے پر اپنا مؤقف دیا ہے۔

20 جولائی کو بمبئی پولیس نے معروف انڈین بزنس مین راج کندرا کو مبینہ طور پر پورن فلمیں بنانے اور انھیں موبائل ایپس پر نشر کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔

اپنے بیان میں 46 سالہ اداکارہ نے اپنے خاندان کے خلاف جاری ’میڈیا ٹرائل‘ پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے ’رائٹ ٹو پرائیویسی‘ کے حق کا احترام کریں۔

ممبئی پولیس کا اس حوالے سے موقف ہے کہ پورن فلموں کے کیس میں کاروباری شخصیت راج کندرا ایک اہم ملزم ہیں اور ’ان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔‘ وہ 10 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

شلپا شیٹھی نے کیا کہا؟

شلپا کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ’گذشتہ چند روز ہر طرح سے بہت مشکل گزرے ہیں۔ بہت سی افواہیں اور الزامات گردش کر رہے ہیں۔ بہت سے بیانات میڈیا میں مجھ سے منسوب کیے جا رہے ہیں۔‘

’ٹرولنگ اور سوالات صرف مجھ سے ہی نہیں بلکہ میرے خاندان سے بھی ہو رہے ہیں۔‘

انھوں نے اپنا موقف دیتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے اب تک اس پر بات نہیں کی، اور آئندہ بھی نہیں کروں گی کیونکہ یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ تو مہربانی کریں اور مجھ سے غلط بیانات منسوب نہ کریں۔‘

شلپا نے کہا کہ ’میرا فلسفہ یہ ہے کہ شکایت کرو نہ وضاحت۔۔۔ میں صرف اتنا کہوں گی کہ تحقیقات جاری ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انھیں ممبئی پولیس اور انڈیا کی عدلیہ پر مکمل یقین ہے۔ ’ہم تمام دستیاب قانونی راستے دیکھ رہے ہیں۔‘

اپنے خاندان سے متعلق پھیلائی جانے والی معلومات پر شلپا کا کہنا تھا کہ ’ایک ماں ہونے کے ناطے میں اپنی اور اپنے بچوں کی رازداری کے احترام کا مطالبہ کرتی ہوں۔ غیر مصدقہ معلومات کی تصدیق کیے بغیر آپ اس پر تبصرے نہ کریں۔‘

یہ بھی پڑھیے

راج کندرا: ہیروں کی تجارت سے فحش فلمیں بنانے کے الزامات تک

بالی وڈ کے تین خان ’نئے انڈیا‘ میں کیسے جی رہے ہیں؟

شلپا نے سب کو یاد کرایا کہ وہ گذشتہ 29 برسوں سے شوبز کی صنعت میں سخت محنت کر رہی ہیں اور قانون کی پاسداری کرتی ہیں۔ ’لوگوں نے مجھ پر بھروسہ کیا ہے اور میں نے کبھی انھیں مایوس نہیں کیا۔۔۔‘

وہ مزید کہتی ہیں کہ ’ہم میڈیا ٹرائل کے مستحق نہیں۔ پلیز قانون کو خود اپنا کام کرنے دیں۔‘

راج کندرا کے خلاف کیا کیس ہے؟

ممبئی پولیس نے بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر اور معروف کاروباری شخصیت راج کندرا کو پورن فلمیں بنانے اور انھیں موبائل ایپس پر نشر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ممبئی پولیس کے مطابق فروری 2021 میں اس حوالے سے کرائم برانچ میں ایک کیس درج کیا گیا تھا۔ راج کندرا کی گرفتاری اسی کیس میں ہوئی تھی۔

راج کندرا

فروری میں ممبئی پولیس کی ایک ٹیم نے مٹی کے گرین پارک بنگلے پر چھاپہ مارا تھا جہاں فحش فلموں کی شوٹنگ جاری تھی اور وہاں سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں راج کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ بنگلے پر چھاپے کے دوران پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔

عدالت میں پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ راج کندرا مبینہ طور پر فحش فلمیں بنا کر بہت پیسہ کما رہے ہیں اور اس لیے ان کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے تاکہ تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔ انھیں 10 اگست تک ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ راج کندرا ‘ہاٹ شاٹس’ ایپ کے کام سے باخبر رہنے اور مالی لین دین کے بارے میں باقاعدگی سے اپ ڈیٹ لے رہے تھے۔ انھوں نے تین واٹس ایپ گروپ بھی بنائے جن کے ایڈمن وہ خود تھے۔ ان گروپس میں ہاٹ شاٹ کلپ شیئر ہوتے، ان کے متعلق تبادلہ خیال کے علاوہ کلپس شیئر کرنے اور مالی لین دین سے متعلق بھی بات چیت کی جاتی تھی۔

مزید پڑھیے

راج کندرا پر فحش فلمیں بنانے کے الزامات: بالی وڈ میں ’مجھے غربت سے نفرت ہے‘ کی گونج

راج کندرا نے آرمز پرائم میڈیا کے ذریعے کارنین کے لیے ہاٹ شاٹس ایپ تیار کی تھیں جسے کارنین کمپنی کو فروخت کر دیا گیا۔ اس کے بعد کندرا نے اسلحہ ساز کمپنی آرمز پرائم سے استعفیٰ دے دیا۔

کندرا نے مبینہ طور پر فحش فلموں سے پیسہ کمانے کے لیے ایک کمپنی کی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد انھوں نے لندن میں قائم کمپنی کو ہاٹ شاٹس ایپ فروخت کی۔

پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ راج کندرا کے آفس سے بھی کچھ فحش فلمیں برآمد ہوئی ہیں۔

انڈیا میں فحش فلموں کی یہ ایپس کورونا کی وبائی بیماری کے دوران لاک ڈاؤن میں بہت مقبول ہوئی ہیں۔

پولیس اس معاملے کی دو زاويوں سے تفتیش کر رہی تھی۔ ایک تو یہ کہ وہ کون لوگ ہیں جو یہ فحش فلمیں بنا رہے ہیں اور دوسرے وہ لوگ جو اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے طرز پر موبائل ایپس پر نشر کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان فلموں کو نشر کرنے والی ایک کمپنی سے کندرا کا تعلق ہے۔

راج کندرا پراپرٹی، کان کنی، سپورٹس، سٹاک مارکیٹ اور ہوٹل جیسے کئی شعبوں میں کاروبار کر رہے ہیں۔ انھوں نے بالی وڈ میں فلم سازی اور سپورٹس میں بھی پیسہ لگا رکھا ہے۔ آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز کی ملکیت میں بھی وہ حصہ دار تھے۔

راج کندرا پر سنہ 2012 میں آئی پی ایل میں میچ فکسنگ کا بھی الزام لگا تھا۔ سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں اس وقت پولیس نے کندرا کے علاوہ کئی کرکٹ کھلاڑیوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کی گئی ایک کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر چنئی سپر کنگس اور راجستھان رائلز پر دو سال کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی اور کندرا پر بعض ديگر افراد کے ساتھ تاحیات پابندی عائد کر دی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32490 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp