آج کی تاریخ میں پیپلز پارٹی کے لیے حالات بہت موافق ہیں: عبدالقادر بلوچ


حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق گورنر بلوچستان جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کو 73 کا متفقہ آئین دیا اور 90 ہزار فوجیوں کو دشمن کی قید سے چھڑوایا۔ سابق ن لیگی رہنما جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے دعویٰ کیا کہ آج کی تاریخ میں پیپلز پارٹی کے لیے حالات بہت موافق ہیں۔

ایک سوال کے جواب سابق ڈی جی رینجرز سندھ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ میں جھوٹ کبھی نہیں بولوں گا۔ انہوں ںے کہا کہ میری کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ آرمی چیف سے ایک دفعہ ملاقات ہوئی، اس کے بعد کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سوائے سابق کولیگ کے گیٹ ٹو گیدر کے کبھی کسی فورم میں شریک نہیں ہوا۔

انہوںنے بتایا کہ انہوں نے اسٹوڈنٹس پالیٹیکس میں سرگرمی سے حصہ لیا اور 2010 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔

جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ 2010ء سے قبل میاں صاحب مجھ سے ہمیشہ مشاورت کرتے تھے اور انہوں نے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔ لیکن اقتدار کے دوران میاں نواز شریف نے بلوچستان کے ایشو پر ایک بار بھی بات نہیں کی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل روز مسلم لیگ ن کے دو سینئر رہنماؤں ثناءاللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

دونوں رہنماؤں نےکوئٹہ میں ایک تقریب کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بلاول نے دونوں رہنماؤں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے دعوٰی کیا کہ پارٹی بلوچستان سمیت پورے ملک میں حکومت بنائےگی، ہم حکومت میں آ کر صوبےکے مسائل کا حل بھی نکالیں گے۔

Facebook Comments HS