ٹنڈو محمد خان(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ارباب رحیم کے قافلے پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا  ،ٹنڈو محمد خان میں میڈیا سے گفتگو کے بعد واپس جاتے ہوئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ارباب غلام رحیم کی گاڑی روک لی ،سابق وزیراعلیٰ کے خلاف شدید نعرے بازی ،پیپلز پارٹی کے کارکن ارباب غلام رحیم کو  جوتیاں دکھاتے رہے،تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہاتھا پائی ، سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار محفوظ راستہ بناتے ہوئے کسی نقصان کے بغیر ارباب غلام رحیم کو نکالنے میں کامیاب۔

تفصیلات کے مطابق ارباب غلام رحیم ٹنڈو محمد خان پہنچے تھے جہاں انہوں نے تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ الیکشن میں بھر پور کامیابی کے بعد  تحریک انصاف صوبے میں حکومت بنائے گی ۔بعد ازاں جب وہ اپنے قافلے سمیت وہاں سے روانہ ہوئے تو پیپلز پارٹی کے کارکن ان کی گاڑی کے سامنے آ گئے اور شدید نعرے بازی شروع کردی ،کارکنوں نے ہاتھوں میں جوتیاں اٹھا کر ارباب غلام رحیم کی جانب نازیبا اشارے کرتے رہے ،اس موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ارباب غلام رحیم کی گاڑی کو گھیرے میں لیتے ہوئے کارکنوں کو پیچھے کی جانب دھکیلا ،اس موقع پر دھکم پیل بھی ہوئی جبکہ تحریک انصاف کے کارکن پیپلز پارٹی کے جیالوں سے الجھ پڑے  اور ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔