پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کا اختتام، پاکستان 124 رنز آگے، ’220 سے زیادہ کا سکور ویسٹ انڈیز کے لیے مشکل ہو سکتا ہے‘


کرکٹ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کنگسٹن میں کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ اب دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کو میزبان ٹیم پر 124 رنز کی سبقت حاصل ہے لیکن ان کی نصف ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی ہے۔

لیکن پاکستان کے لیے سب سے اہم بلے باز، کپتان بابر اعظم اس وقت کریز پر موجود ہیں جہاں پر انھوں نے 139 گیندوں پر 54 رنز بنائے ہیں اور ان کے ساتھ کریز پر فہیم اشرف موجود ہیں جو کہ 12 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں اور ان دونوں نے اب تک 39 رنز کی شراکت قائم کی ہے۔

میچ کا تازہ ترین سکور کارڈ

تیسرے دن کے کھیل میں جہاں بارش کے باعث محض 72 اوور کا کھیل ممکن ہو سکا، پاکستان نے بڑا عمدہ آغاز کیا اور 251 رنز پر بیٹنگ شروع کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کو صرف دو رنز کے اضافے پر آل آؤٹ کر دیا۔

اس کا مطلب تھا کہ میزبان ٹیم نے 36 رنز کی سبقت حاصل کر لی اور پاکستان کے پاس ایک اچھا موقع تھا کہ وہ اپنی پہلی اننگز کی ناکامی کے بعد دوسری باری میں جم کر بیٹنگ کرے۔

لیکن وہ پاکستانی ٹیم ہی کیا جو امیدوں پر پوری اترے۔ ایک بار پھر عمران بٹ کریز پر نہ ٹھیر سکے اور اپنی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بغیر کسی رن کے تیسرے اوور ہی میں پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد اظہر علی اور عابد علی نے 55 رنز کی شراکت قائم کی تو ایسا لگا کے شاید وہ لمبی اننگز کھیل جائیں لیکن صرف چار اوورز کے دوران ویسٹ انڈیز نے انتہائی نپی تلی بولنگ کی مدد سے پاکستان کی تین اور وکٹیں حاصل کر لیں۔

56 کے سکور پر پہلے آؤٹ ہونے والے تھے اظہر علی جو 23 رنز پر کیمار روچ کی گیند پر اپنی وکٹوں کا دفاع نہ کر سکے اور بولڈ ہو گئے۔

کرکٹ

صرف نو رنز کے اضافے کے بعد عابد علی کو جیڈن سیلز نے 34 رنز پر آؤٹ کر دیا اور اسی اوور میں چار گیندوں بعد فواد عالم کو صفر پر آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑا دھچکا دیا۔

اس موقع پر لگ رہا تھا کہ 65 پر چار وکٹوں کا نقصان اور انتہائی قلیل سبقت اور میزبان ٹیم کی عمدہ بولنگ پاکستان پر شدید دباؤ ڈال دے گی لیکن اس موقع پر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پاکستان کی ڈوبتی نیا کو سہارا دیا۔

ان دونوں نے 20 اوورز تک بڑے اعتماد سے بیٹنگ کی اور پچ میں جو سوئنگ تھی، اس کو خود پر حاوی ہونے نہیں دیا اور 56 رنز کی شراکت قائم کی۔

لیکن شو مئی قسمت کہ جب ایسا لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈین بولنگ میں پہلی والی کاٹ نہیں رہی، تو اس وقت بارش کی وجہ سے ڈھائی گھنٹے کا کھیل ضائع ہوا اور پاکستانی بلے بازوں کی روانی ٹوٹ گئی۔

کرکٹ

نتیجتاً جب کھیل بالآخر دوبارہ شروع ہوا تو جیسن ہولڈر کے پہلے ہی اوور میں محمد رضوان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

جمیکا میں میچ کے چوتھے روز بھی بارش کی توقع ہے اور ممکن ہے کہ ایک بار پھر پورے دن کا کھیل نہ ہو سکے لیکن وکٹ کی صورتحال اور سکوربورڈ کو دیکھتے ہوئے لگ رہا ہے کہ محدود وقت کے باوجود یہ میچ نتیجہ خیز رہے گا۔

لیکن بازی کس کے نام ہوگی، اس کا دارومدار پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور فہیم اشرف کی جوڑی کی کارکردگی پر ہوگا۔

پاکستان کے مقامی وقت کے اعتبار سے یہ میچ کافی رات میں کھیلا جا رہا ہوتا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس طرح کا جوش و خروش نظر نہیں آتا جیسا پاکستان کے دیگر میچوں میں ہوتا ہے لیکن پھر بھی چند صارف میچ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

صارف فیضان کپتان بابر اعظم اور فہیم اشرف کے گرویدہ نظر آتے ہیں اور اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ بابر اعظم ایک بار پھر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اور فہیشم اشرف کی بلے بازی کی زیادہ تعریف نہیں ہوتی حالانکہ وہ ٹیسٹ میچوں میں بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ ’220 سے زیادہ کا سکور ویسٹ انڈیز کے لیے مشکل ہو سکتا ہے‘

صارف اسد لکھتے ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک اور ایسا میچ ہے جو شروع شروع میں بالکل سنسنی خیز نہیں ہوگا لیکن آخر تک پہنچتے پہنچتے یہ انتہائی دلچسپ بن جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp