سیکولر ازم، ایتھیزم اور اگناسٹیزم میں فرق


آج کی تحریر میں ہم چند اہم اصطلاحات میں فرق کا جائزہ لیں گے، کیونکہ ان کے صحیح معنوں سے واقفیت نہ رکھنے کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوتی ہے اور ہم ان کے بنیادی فلسفے سے لا بلد رہتے ہیں۔

سب سے پہلے ہم سیکولر ازم اور ایتھیزم کو سمجھیں گے۔ سب کے ذہنوں میں سیکولر ازم کا مطلب ”لا دینیت“ آتا ہے یعنی سیکولر لوگ خدا کے وجود کے منکر ہوتے ہیں۔ اردو لغات میں بھی اکثر اس کا ترجمہ یہی آتا ہے جبکہ درحقیقت سیکولر ازم سے مراد ہے کہ ریاست کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، ریاست اور مذہب ایک دوسرے سے الگ ہونے چاہئیں، ریاست کی طرف سے کوئی بھی ایسا قانون نہیں بنے گا جس سے کسی بھی مذہب کے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہو، یا پھر ان کے حقوق کا استحصال ہو بلکہ ریاست پر سب کا برابر حق ہو گا۔ سب پر یکساں قانون لاگو ہو گا۔ جبکہ ایتھیسٹ سے مراد وہ شخص ہے جو خدا کی ذات کی موجودگی پر یقین نہ رکھتا ہو اور اس فلسفے کو ایتھیزم کہتے ہیں۔

اب ہم ایتھیزم اور اگناسٹیزم کے درمیان فرق جانیں گے۔ اگناسٹیک سے مراد وہ شخص ہے جو کہے کہ مجھے معلوم نہیں کہ خدا ہے یا نہیں، یعنی وہ شخص خدا کے وجود پر غیر یقینیت کا شکار ہے، اگناسٹیزم کو اگتھیزم بھی کہا جاتا ہے جبکہ ایتھیسٹ تو سرے سے خدا کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کرتا۔ وہ لوگ جو خدا کے وجود کو تسلیم کرتے ہیں اور اس میں کسی قسم کے شک و شبہ میں مبتلا نہیں ان کو ”تھیسٹ“ کہتے ہیں۔

اب ہم لبرل ازم کو سمجھتے ہیں۔ لبرل ازم کے مطابق سب شہر یوں کو بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب اور جنس شخصی آزادی حاصل ہونی چاہیے اور ہر انسان اپنے فیصلوں کو لے کر معاشرتی دباؤ سے بالاتر ہو، تجارت بھی آزاد ہو، میڈیا آزاد ہو، سرمایہ دارانہ نظام ہو، جمہوریت ہو، ریاست کی مداخلت کم سے کم اور انفرادی آزادی زیادہ سے زیادہ ہو۔

ہم میں سے زیادہ لوگ لبرل کو ہی لبرٹین سمجھتے ہیں جس سے مراد وہ شخص ہے جو خود کو اخلاقی اصولوں، سماجی ضابطوں، احساس ذمہ داری اور جنسی پابندیوں سے عاری سمجھتا ہے۔

اکثر ہم لبرل ازم کو ہی سیکولر ازم بھی سمجھتے ہیں، لیکن یک اہم بات یہ ہے کہ ہر لبرل شخص سیکولر ہو گا لیکن ضروری نہیں کہ ہر سیکولر شخص لبرل بھی ہو۔ کیونکہ لبرل ازم شخصی آزادی اور سیکولر ازم ریاست کا مذہب سے تعلق نہ رکھنے کی بات کرتے ہیں۔

یہاں ہم فیمینزم کے تصور کو بھی دیکھیں گے، اس سے مراد صرف خواتین کے حقوق نہیں، بلکہ اس سے مراد جنس سے بالاتر سماجی، سیاسی اور معاشی برابری ہے، یعنی سب کو مساوی حقوق اور یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہی معنوں کو سمجھ کر ہم ان تمام تصورات کو مزید بہتر طور پر جان پائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments