خوابوں کی تعبیر


یہ سردیوں کی پہلی بارش تھی اور ہر طرف بوندوں  کی ٹپ ٹپ کی آواز خوبصورتی میں اضافہ کر رہی تھی ۔ ماہ جنوری کا سرد موسم سے بہت گہرا تعلق ہے یہ ہر سال اس ہی طرح مہربان ہوتا ہے یا تو دھند عاشق ہو جاتی ہے  اس ماہ میں یا پھر بارشیں برسنے لگتی ہیں اور اس ماہ کی بارش انتہائی محصور کن ہوتی ہے یہ نئے سال کا پہلا ماہ ہوتا ہے اور اس میں ہر انسان کی کوشش ہوتی ہے وہ اپنی پرانی غلطیاں درست کرے اور زندگی کو کسی نئے سرے سے جئے۔ میرا شمار بھی ان لوگوں میں سے ہے جو بارش میں اور خوش اور سرد موسم کے عاشق کہلاتے ہیں بارش کا شور میرے کانوں کو سکون بخش رہا تھا اور  ساتھ ساتھ میرے پورے وجود کو سر سے پاؤں تک سرشار کر رہا تھا
یہ رواں سال کا میرے لیے بہترین دن تھا۔ ان دنوں میرے خوابوں کی تعبیر میرے گھر کی دہلیز پر مسکرا رہی ہے۔ میرے وہ خواب جو میں نے جاگتی آنکھوں سے دیکھے ۔ ان دنوں  آنکھ کھلتے ہی مجھے اپنے پلنگ کی بائیں جانب میرے شریک سفر کے ہاتھوں سے تخلیق کی گئی لائبریری نظر آتی ہے اور میرے دن کا آغاز اور بھی خوبصورت ہو جاتا ہے ۔ مجھے زندگی کے ہر میدان میں کتابوں سے محبت کرنے والے ہمیشہ خوبصورت لگتے ہیں اور اگر آپ کو اپنے گھر میں ہی ایسا ہمسفر مل جائے تو یہ کسی خواب کی تعبیر  سے کم نہیں ہے۔
یہ اس زمانے کی بات ہے جب لڑکیاں اپنے آپ سے ہم کلام ہوتی ہیں اور ڈھیروں خواب اپنے سینے میں بنتی رہتی ہیں  میں نے بھی اس دور میں ایک خواب دیکھا  اور وقت کی رفتار نے یہ ثابت کر دیا زندگی میں دیکھے گئے کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جن کی تعبیر خود آپ کا پیچھا کرتی ہے اور ایسے خواب بہت نایاب ہوتے ہیں۔ میرے خوابوں کی تعبیر میرے لیے میرے خوابوں سے بھی اہم ہے ۔ کل شام کی  بات ہے میں نے شریک حیات کو کتابوں کا سہارا لیتی دیوار سے ہم کلام ہوتے دیکھا ۔میرا من چاہا میں بھی ان کی گفتگو میں اپنے خیالوں کے رنگ بھروں ۔لیکن پھر میں خاموشی سے انکو دیکھتی رہی میں نے  ان کی گفتگو سنی اس دیوار کی زینت  ایک مکمل تصویر بنی۔ مجھے ایک خاص تصویر دیوار پر لگی دیکھ کر پہلی بار احساس ہوا مکمل تصویر کس کو کہتے ہیں ۔
موسم کی خوبصورتی وقت کی رفتار کے ساتھ ساتھ بھاگ رہی تھی ۔لیکن ہم نے بھی کل کی شام اس کے ساتھ بھاگنے کی قسم کھا رکھی تھی اور ساتھ ساتھ چلنے لگے ایک دوسرے کے ہم قدم بن کر ۔۔۔ ہم نے گھر سے باہرقدم رکھنے کا سوچا تو ساتھ ہی بارش کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہونے لگا۔ مزید اپنی منزل تک پہنچنا تھا ۔بارش ایسے برسنے لگی جیسے ہم پر ساری مہربانیاں ایک ساتھ ہی کرنی ہوں۔ کل کی شام خوبصورت شاموں میں سے ایک شام تھی ۔میرے حسین خوابوں میں سے ایک خواب تھا ۔ میری مسکراہٹوں میں سے ایک مسکراہٹ تھی ۔میں کافی کا مگ لیے برستی بارش دیکھ رہی تھی۔ میرے آس پاس کتنی دلکش زندگی گزر رہی تھی رات بھی دن لگ رہا تھا سبز پتے سرد موسم میں بھی بہار کی مانند لہرا رہے تھے ۔ میں اس منظر کو دیکھ کر بہت مسکرا رہی تھی۔ میرے شریک سفر مجھے دیکھ کر مسکرا رہے تھے۔ ان کے چہرے کے تاثرات  بتا رہے تھے وہ کچھ پوچھنا چاہتے ہیں اور میں ہمیشہ کی طرح چپ رہ کر ہمکلام تھی۔
آخر  انہوں بارش کی طرف دیکھتے ہوۓ پوچھا
“کیا ہوا؟
“میں نے کہا “خوابوں کی تعبیر مل گئی۔”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments