مدر ٹریسا آف لیاری : سبینہ کھتری


کرن فاؤنڈیشن کا عہد اور اس کی کمٹمنٹ کامیاب طالب علموں کو پروان چڑھانا ہے اور اس کے لیے ان کے بہت سارے جامع پروگرامز ہیں جن میں سب سے زیادہ اہم والدین خصوصاً ماؤں کی تربیت ہے۔ والدین کو جسمانی، ذہنی، جذباتی اور نفسیاتی طور پر کامیاب اولاد کو پروان چڑھانے کے لیے کرن فاؤنڈیشن اور ان کی روح رواں سبینہ کھتری جو کام کر رہی ہیں اس جیسے ادارے اور ان غیر معمولی اقدامات کا تصور لیاری میں کیا ہی نہیں جاسکتا تھا۔

یہ تمام باتیں عموماً شہر کے طبقہ اعلیٰ کی باتیں سمجھی جاتی تھیں اور یہ مسائل بھی ان ہی کے مسائل سمجھے جاتے تھے لیکن کرن فاؤنڈیشن نے جس طرح بچوں کے حوالہ سے والدین کے سٹیریو ٹائپ کو ختم کیا، ان میں نئی سوچ پیدا کی یہ میری نظر میں اہالیان لیاری کے لیے ایک عظیم ذہنی انقلاب ہے اور یقیناً اس ذہنی انقلاب کی نقیب انقلاب، سالار انقلاب سبینہ کھتری ہے۔ وہ یقیناً لیاری کی مدر ٹریسا ہے جنہوں نے ان مسائل و مباحث کو لیاری کے لوگوں میں متعارف کروایا جن سے وہ کبھی بھی واقف نہ تھے۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اولاد کرۂ ارض پر قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔ اس کی تربیت والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اولاد کو سخت آزمائش بھی کہا جاتا ہے۔ اولاد کی تربیت کا عمل اس کی پیدائش کے بعد اس وقت سے شروع ہوجاتا ہے جب والدین اس کا نام رکھتے ہیں۔ بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ اس آزمائش میں مشکلات بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔ لیکن کرن فاؤنڈیشن میں جس طرح میری اور میرے بچوں کی جذباتی رہنمائی کی جاتی ہے، لگتا ہے کہ انہوں نے تربیت کا حق ادا کر دیا ہے۔ ویسے تو بچے اور والدین کا تعلق انتہائی ذاتی ہوتا ہے اور والدین کو ہدایت دینا بظاہر درست محسوس نہیں ہوتا لیکن کرن فاؤنڈیشن کے مختلف سیشنز اور فورمز میں جس طرح بچوں کے مسائل حل کرنے، پراعتماد اور خودمختار شخصیت پروان چڑھانے کے طریقہ کار بتائے جاتے ہیں، والدین کو سمجھایا جاتا ہے کہ بچے ہمارا سایہ نہیں بلکہ ایک مختلف انسان ہیں۔ ان کا ماحول اور حالات بھی ہم سے مختلف ہے۔

ان کے اپنے احساسات اور خواہشات ہیں یہاں تک کہ اپنے خواب ہیں۔ آج بھی بہت سی مائیں میری طرح سوتے وقت اپنے سے عہد کرتی ہوں گی کہ کل سے وہ بالکل بھی بچوں پر ہاتھ نہیں اٹھائیں گی۔ بچوں کی بات غور سے سنیں گی پھر جواب دیں گی۔ ماریں گی تو بالکل بھی نہیں۔ مگر جب پورا دن یہ صورتحال پیش آتی ہے، بچے کھانا نہیں کھاتے یا برگر کھاؤں گا، مجھے بھائی نے مارا، آپ نے بھائی کو کچھ بھی نہیں کہا، مجھے ابھی ابھی چاہیے، تو میرے سارے عہد ٹوٹ جاتے ہیں اور میں وہ سب کرنے پر مجبور ہوجاتی ہوں جس کے لیے پچھلی رات توبہ کی تھی اور کبھی نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔

لیکن فاؤنڈیشن سے وابستگی کے بعد والدین کو سکھایا جاتا ہے کہ بچوں کی کونسلنگ، جذباتی مدد کیسے کی جائے، محض محبت ہی آپ کو اچھے والدین نہیں بنا سکتی۔ بچوں کے ساتھ بہت زیادہ محبت کرنے والے والدین ان کے ساتھ ہر معاملہ میں شریک والدین اکثر غصہ یا خوف کی حالت میں اپنے بچوں کی مدد نہیں کر پاتے۔ کیونکہ صرف محبت ہی وہ کیمیائی عمل نہیں جس کے ذریعہ آپ اپنے بچوں کی مکمل رہنمائی کر سکتے ہیں۔ بچے جب کسی جذباتی کیفیت کا شکار ہوتے ہیں تو ان کو رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچوں کی شخصیت مستحکم ہوتی ہے۔ جذباتی رہنمائی کو سمجھنے کے لیے میں ایک کہانی کا آغاز کرتی ہوں۔

حنا اور صبا دو بہنیں تھیں۔ وہ کھیلنے کے لیے باہر نکلتی ہیں۔ سڑک پار کرتے ہوئے حنا ادھر ادھر دیکھتی ہے جبکہ صبا جو کہ ہمیشہ اچھلتی رہتی ہے وہ تیزی سے دوڑ لگا دیتی ہے اور ایک آہستہ سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا جاتی ہے۔ چوٹ تو بہت معمولی ہوتی ہے لیکن شدید خوف اور سہم جانے کی وجہ سے صبا کو شدید تکلیف محسوس ہوتی ہے۔

٭ ہوش آ گیا۔ اب تم نے یقیناً سبق سیکھ لیا ہو گا۔
٭ ہزار دفعہ کہا ہے کہ دیکھ کر سڑک پار کرو لیکن تم سنتی کہاں ہو۔
٭ بس سارا دن اچھلنا آتا ہے۔
٭ بہت اچھا ہوا تمہیں اپنی بدتمیزیوں کی سزا مل گئی۔

آپ یقین کریں یہ جملے بہت عام ہیں لیکن یہ جملے بچوں کو والدین سے جذباتی طور پر بہت دور کر دیتے ہیں۔ سیرت کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی اکرم ﷺ بچوں کو ڈانٹنے سے گریز فرماتے تھے۔ بچوں کو زیادہ ڈانٹنا اور ہر وقت ملامت کرنا ناپسند فرماتے تھے۔ ایسی صورتحال میں چوٹ زدہ صبا کو جذباتی تسکین کی ضرورت تھی۔ کوئی اس کے پاس بیٹھتا، اس کے گال تھپتھپاتا، اسے پیار کرتا، صبا کو سمجھانا بھی ضروری تھا لیکن کچھ دیر بعد جب وہ سہمی ہوئی کیفیت سے باہر نکل آتی۔

بچوں کو یہ سمجھانا کہ ہم ان کے جذبات سمجھتے ہیں دنیا کا سب سے مشکل کام ہے۔ لیکن سب سے زیادہ اہم ہمارا رویہ ہے۔ اگر ہمارے رویہ میں ہمدردی اور نرمی نہیں ہوگی تو ہمارے الفاظ محض گونج کے علاوہ کچھ نہیں ہوں گے ۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ جذباتی کیفیت میں بچے کے اندر غصہ کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے اور وہ اپنا تمام غصہ رو کر نکالتے ہیں۔ یہ کیفیت خاص طور پر جب پیدا ہوتی ہے جب ان کو کسی کام سے روکا جائے یا کوئی ضرورت پوری نہ کی جائے۔

دیگر بچوں کی طرف سے طنزیہ جملے، ان کے ساتھ کھیلنے سے انکار، یا کھیل سے نکالنے پر بچے میں شدید غصہ کی کیفیت پیدا ہوجاتا ہے۔ بعض بچے غصہ کا اظہار رو کر کرتے ہیں اور بعض مخالف کی پٹائی لگا کر اپنے آپ کو ہیرو سمجھتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ضروری ہے کہ بچہ کو گفتگو کے لیے راضی کیا جائے۔ بچہ کو یہ احساس دلایا جائے کہ ان کی تکلیف بہت اہم ہے۔ میرے لیے بچہ کے ان احساسات کو سمجھنا ایک زمانہ میں بہت مشکل تھا لیکن کرن فاؤنڈیشن کے مختلف فورمز میں میری شخصیت کی رہنمائی کی گئی۔ مختلف طریقہ کار اور مختلف سیشنز کے ذریعہ ہمیں یہ تمام باتیں سمجھائی گئیں۔ کرن فاؤنڈیشن اور ماں سبینہ کھتری کی موجودگی لیاری کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔